کوئٹہ ڈیلی پبلک رپورٹ
دارالحکومت کوئٹہ کے اکثر سکول اس وقت کربلا کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کو تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے جہاں نہ بجلی ہے نہ گیس۔ بیشتر سکولوں کے کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں، اور مالی سال مکمل ہونے کو ہے لیکن بجٹ تاحال ریلیز نہیں ہوا۔

بجلی اور گیس کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جبکہ حکومت عرصہ دراز سے تعلیمی اداروں کو بجٹ میں قلیل رقم مختص کرتی ہے۔ اس ناکافی بجٹ کے باعث اداروں کے بلوں میں ہوشربا اضافہ ہوتا ہے، اور مختص شدہ رقم اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی نہیں رہتی۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر سکولوں کے گیس اور بجلی کے کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں۔

حکومتی دعوے صرف نئے داخلوں تک محدود ہیں، جبکہ عملی طور پر سکولوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کا براہِ راست اثر طلبہ کی تعلیم پر پڑ رہا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کے باعث اکثر بچے بے ہوش ہو جاتے ہیں۔

والدین کا کہنا ہے کہ نصاب کی تبدیلی سب کچھ نہیں، اصل تبدیلی سکولوں کے اندر اور دفاتر میں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر بنیادی سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو نصاب کی اصلاح بھی بے معنی ہو جائے گی۔
سکول انتظامیہ مکمل طور پر بے بس ہے، اور تعلیمی افسران میٹنگوں میں مصروف رہتے ہیں۔ صبح دس بجے تک دفاتر میں ہو کا عالم ہوتا ہے، جس سے تعلیمی نظام کی کمزوری اور بدانتظامی کھل کر سامنے آتی ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف طلبہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے بلکہ کوئٹہ کے تعلیمی ڈھانچے پر سوالیہ نشان بھی ہے

