حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے
کوئٹہ (روزنامہ پبلک )ڈپٹی کمشنر خالد خان نے ایگزیکٹو انجینیئر پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ جعفرآباد محمد کاظم لونی
کے ہمراہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور پختہ واٹر کورس سمیت مختلف تعمیراتی اسکیموں پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران اور تکنیکی عملہ بھی موجود تھا جبکہ ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے مختلف مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایگزیکٹو انجینیئر محمد کاظم لونی نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ پختہ واٹر کورس کی تکمیل کے بعد تالابوں میں پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد میں اضافہ ہوگا جبکہ عوام کو صاف اور بہتر انداز میں آب نوشی کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ علاقے میں پانی کے ضیاع کو روکنے، پانی کی محفوظ ترسیل اور عوام کو دیرپا سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے پر پی سی ون کے مطابق کام جاری ہے اور تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک بنیادی ضرورت ہے جس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہیانہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ متعلقہ افسران اپنی نگرانی میں تعمیراتی عمل کو مکمل کریں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے میں استعمال ہونے والا میٹریل معیاری ہونا چاہیے تاکہ تعمیراتی کام دیرپا ثابت ہو اور عوام کو طویل مدت تک اس کے ثمرات حاصل ہوسکیں۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری عوامی فلاحی منصوبے عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور منصوبے کے ہر مرحلے کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا ناقص کام کی شکایت سامنے نہ آئے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی اور یہ منصوبہ عوام کے وسیع تر مفاد میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا

