کوئٹہ (روزنامہ پبلک ):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن، کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے احکامات اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ بلوچ کی خصوصی ہدایات پر عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا خصوصی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔میونسپل کمیٹی لورالائی کے عملے نے مختلف علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ جراثیم کش چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔صفائی آپریشن کے دوران ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے اندرونی حصوں میں خصوصی صفائی، دھلائی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ اسی طرح قادری کمپلیکس، پولیس تھانہ، بھاگی بازار، باچا خان چوک، ختم نبوت چوک، جناح مارکیٹ اور گرلز ہائی سکول سمیت دیگر اہم مقامات پر صفائی ستھرائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل مکمل کیا گیا۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ بلوچ نے صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے میونسپل کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر ہی تلف کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کے ”ستھرا بلوچستان پروگرام” کے تحت صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔میونسپل کمیٹی لورالائی کا خصوصی صفائی آپریشن عید کے ایام کے بعد بھی بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ شہر بھر میں صفائی، ستھرائی اور عوامی صحت کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے

