کوئٹہ (روزنامہ پبلک )زیورخ/واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اگر ایران اپنی موجودہ پالیسیوں میں تبدیلی لاتا ہے، خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے دستبردار ہوتا ہے اور اپنے جوہری پروگرام کو ترک کر دیتا ہے تو امریکا ایران کے ساتھ نئے اور بہتر تعلقات قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ واشنگٹن سفارتکاری کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں مثبت تبدیلی لانا چاہتا ہے اور ایسا مستقبل دیکھ رہا ہے جہاں خطے کے تمام ممالک امن، استحکام اور خوشحالی کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔امریکی نائب صدر نے کہا کہ حالیہ سفارتی پیش رفت کے بعد اب دونوں ممالک کے لیے آگے بڑھنے کا وقت ہے۔ ان کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے بعد ایک نئے مرحلے کا آغاز ہو سکتا ہے، جس میں تعلقات کی بحالی اور باہمی اعتماد کی فضا قائم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تعلقات میں نئی شروعات کی ہدایت دی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ایرانی عوام کے ساتھ بہتر روابط استوار کیے جائیں۔ انہوں نے اس موقع کو خطے میں امن، ترقی اور بحرانوں کے خاتمے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا

