کوئٹہ( روزنامہ پبلک )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی زیارت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائی، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور بحالی امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منگل کے روز بذریعہ سڑک عام گاڑی میں زیارت پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ نے بلٹ پروف گاڑی کے بجائے عام گاڑی میں سفر کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال پر حکام سے بریفنگ حاصل کی وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو مقامی عوام نے جرات، اعتماد اور عوامی قیادت کی علامت قرار دیتے ہوئے بھرپور سراہا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں وزیر اعلیٰ کی جائے وقوعہ پر آمد سے نہ صرف عوام کے حوصلے بلند ہوئے بلکہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کے غیر متزلزل عزم کا بھی واضح پیغام گیا ہے مقامی لوگوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی متاثرہ علاقے میں موجودگی نے عوام میں اعتماد پیدا کیا ہے اور اس بات کا اظہار کیا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عوام نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کوششوں سے علاقے میں امن و استحکام مزید مضبوط ہوگا

