کوئٹہ (روزنامہ پبلک )ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات پر عوامی پارک اور لینڈ فل سائٹ کی منتقلی سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس چمن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں عوامی پارک اور لینڈ فل سائٹ کی منتقلی سے متعلق مختلف تجاویز اور امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، قبائلی عمائدین، منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ شرکاء نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی پارک کے قیام کو یقینی بنانے اور لینڈ فل سائٹ کی مناسب مقام پر منتقلی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد، ماحولیاتی تحفظ اور شہری سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں اور اس سلسلے میں سفارشات جلد از جلد مرتب کر کے پیش کی جائیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی مفاد کے تحفظ، ماحولیات کی بہتری اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اقدامات جاری رکھیں گے

