کوئٹہ (روزنامہ پبلک )بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی سنجیدہ کوششوں سے “انڈس ریور سسٹم اتھارٹی IRSA ” نے بلوچستان کے لیے متعینہ پانی کے حصول کے لیے حکومت سندھ کو فوری خط لکھ دیا۔ IRSA کے سیکرٹری محمد خالد ادریس رانا کی جانب سے 29 جون 2026 کو جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ خریف سیزن 2026 کے آغاز سے ہی بلوچستان کو اپنے کینال سسٹم میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ خط کے مطابق IRSA بلوچستان کا متعینہ پورا پانی کا حصہ بشمول راستے کے نقصانات جاری کر رہا ہے۔ تاہم سندھ آبپاشی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بلوچستان کا حصہ آگے جاری نہیں کیا جا رہا۔ سیکرٹری IRSA نے خط میں صوبائی وزیر آبپاشی بلوچستان میر محمد صادق عمرانی سے 29 جون کو ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی حوالہ دیا۔ خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر فوری طور پر بلوچستان کا جائز پانی جاری نہ کیا گیا تو کمانڈ ایریا کے کسان شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے جس سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ IRSA نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرکے بلوچستان کو اس کے پانی کا جائز حق دلائے تاکہ کسانوں کی شکایات کا ازالہ ہو سکے

