کوئٹہ (روزنامہ پبلک )آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کی ٹکر؛ ایران نے 23 ڈوبتے غیر ملکیوں کو بچا لیا*ایران کے قریب آبنائے ہرمز میں قشم جزیرے کے شمالی حصے کے نزدیک دو مال بردار بحری جہازوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں ایک جہاز کو سنگین نقصان پہنچا، تاہم ایران کی امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس پر سوار 23 غیر ملکی عملے کے ارکان کو بحفاظت بچا لیا ہے۔ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک بڑا مال بردار جہاز دوسرے بحری جہاز سے بری طرح ٹکرا گیا۔تصادم اس قدر شدید تھا کہ متاثرہ جہاز کے نچلے حصے کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث اس میں تیزی سے پانی بھرنا شروع ہوگیا اور جہاز کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ایرانی حکام اور امدادی اداروں نے اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا اور جہاز پر سوار تمام 23 غیر ملکی عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال کر قشم جزیرے پر منتقل کر دیا۔

