https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

سانحہ 8اگست شہدائے کوئٹہ کو خراجِ عقیدت: ایک دہائی بعد بھی زخم تازہ، سوالات برقرار

سانحہ 8 اگست بلوچستان کا ناقابل فراموش سانحہ

 تحریر محمد شاہ دوتانی (کوئٹہ)

دن8 اگست 2016 بلوچستان کی تاریخ کا ایک ایسا سیاہ دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا

۔ یہ وہ دن تھا جب کوئٹہ کے سول اسپتال میں ایک ہولناک خودکش دھماکے نے نہ صرف قیمتی انسانی جانیں نگل لیں بلکہ پورے معاشرے کو سوگ اور صدمے میں مبتلا کر دیا۔ اس سانحے کو آج دس سال مکمل ہو جائیں گے، مگر اس کے زخم آج بھی تازہ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے دل آج بھی اسی درد سے بوجھل ہیں۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب معروف وکیل رہنما کی شہادت کے بعد وکلاء، صحافی اور شہری بڑی تعداد میں سول اسپتال میں جمع تھے۔ اچانک ہونے والے اس دھماکے نے دیکھتے ہی دیکھتے خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا، درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں زندگیاں متاثر ہوئیں، کئی گھروں کے چراغ گل ہو گئے، اور بلوچستان ایک ایسی قیادت سے محروم ہو گیا جو قانون، انصاف اور سماجی بہتری کے لیے سرگرم تھی۔ اس سانحے کی سب سے بڑی دردناک حقیقت یہ تھی کہ اس نے بلوچستان کے تعلیم یافتہ اور باشعور طبقے کو نشانہ بنایا۔ وکلاء برادری کا ایک بڑا حصہ اس دن ہم سے جدا ہو گیا، جس کا خلا آج بھی شدت سے محسوس کیا جاتا ہے۔ یہ صرف افراد کا نقصان نہیں تھا بلکہ ایک سوچ، ایک جدوجہد اور ایک مستقبل کا نقصان تھا۔ دس سال گزرنے کے باوجود یہ سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا ہم نے اس سانحے سے کوئی سبق سیکھا؟ کیا ہمارے ادارے اس قابل ہو چکے ہیں کہ ایسے واقعات کو روک سکیں؟ اگرچہ سیکیورٹی کے حوالے سے کچھ بہتری ضرور آئی ہے، لیکن مکمل اطمینان کی کیفیت اب بھی حاصل نہیں ہو سکی۔ یہ دن ہمیں صرف غم منانے کا نہیں بلکہ خود احتسابی کا بھی موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم نے بطور معاشرہ دہشتگردی کے خلاف کس حد تک یکجہتی دکھائی، اور کیا ہم نے ان قوتوں کے خلاف مضبوط بیانیہ قائم کیا جو ہمارے امن اور ترقی کے دشمن ہیں، آج جب ہم 8 اگست کے شہداء کو یاد کرتے ہیں تو ہمیں ان کے خوابوں کو بھی یاد رکھنا ہوگا۔ وہ ایک پرامن، مستحکم اور تعلیم یافتہ بلوچستان چاہتے تھے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیں، انصاف، قانون کی بالادستی اور امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ 8 اگست کا دن ہمیں ہمیشہ یہ یاد دلاتا رہے گا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب، کوئی قوم اور کوئی جواز نہیں ہوتا۔ یہ صرف انسانیت کی دشمن ہے۔ ہمیں متحد ہو کر اس کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا تاکہ آئندہ کسی ماں کو اپنے بیٹے، کسی بچے کو اپنے باپ، اور کسی قوم کو اپنے محسنوں سے محروم نہ ہونا پڑے یہ سانحہ تاریخ کا حصہ ضرور بن چکا ہے، مگر اس کی یادیں اور اس کا درد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381