کوئٹہ (روزنامہ پبلک )وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ چمن کے زیر اہتمام طلباء کی تعلیمی، فکری اور تخلیقی رہنمائی کے لیے دو روزہ
ایجوکیشنل فیسٹیول کا آغاز کر دیا گیا۔فیسٹیول کا افتتاح ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی، چمن سکاؤٹس کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر ضرار حیدر اور کالج پرنسپل نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر کیا۔ فیسٹیول کے دوران گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چمن اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چمن میں مختلف معلوماتی، تعلیمی، فکری اور رہنمائی پر مبنی پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔فیسٹیول کے پہلے روز گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چمن میں منعقدہ تقریب سے ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی، چمن سکاؤٹس کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر ضرار حیدر سمیت مختلف مقررین، ماہرین تعلیم اور اسکالرز نے خطاب کیا۔ مقررین نے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع، مختلف شعبہ جات میں کیریئر کے انتخاب، مطالعہ، تحقیق اور مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کے حوالے سے مفید معلومات اور رہنمائی فراہم کی۔مقررین نے کہا کہ تعلیم، علم، تحقیق اور مطالعہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی اساس ہیں۔ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں اور دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے واضح اہداف مقرر کرے، تعلیمی مواقع سے بھرپور استفادہ کرے اور علم کے حصول کو اپنی ترجیح بنائے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔ایجوکیشنل فیسٹیول کے دوران طلباء کی دلچسپی اور ذہنی و فکری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر معروف پشتو مزاحیہ فنکار کلیم اللہ اچکزئی نے خصوصی مزاحیہ خاکہ پیش کیا، جس سے تقریب میں خوشگوار اور تفریحی ماحول پیدا ہوا اور طلباء نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔فیسٹیول میں کتب کا خصوصی بک اسٹال بھی قائم کیا گیا، جہاں مختلف موضوعات پر مفید اور معلوماتی کتب دستیاب تھیں۔ اسکالرز، مقررین اور طلباء نے بک اسٹال کا دورہ کیا اور کتب میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ مقررین نے طلباء میں مطالعہ کے فروغ اور کتاب سے وابستگی کو علمی و فکری ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے فیسٹیول میں علمی و تعلیمی خدمات اور طلباء کی رہنمائی میں حصہ لینے والے مختلف اسکالرز اور مقررین میں اعزازی شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسکالرز اور مقررین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی علمی و فکری رہنمائی میں اساتذہ، اسکالرز اور اہلِ علم کا کردار انتہائی اہم ہے۔دو روزہ ایجوکیشنل فیسٹیول کا بنیادی مقصد طلباء کو تعلیمی اور کیریئر کے مواقع سے آگاہ کرنا، ان کی فکری و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا اور انہیں ماہرین، اسکالرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے براہِ راست رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

