https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

9 ہزار اساتذہ کی کوئٹہ سے ہوم ڈسٹرکٹ منتقلی تعلیمی و سماجی بحران کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، خیر محمد شاہین

ہزاروں خاندانوں کی رہائش، بچوں کی تعلیم اور معاشی استحکام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ڈیلی پبلک

9 ہزار اساتذہ کی کوئٹہ سے ہوم ڈسٹرکٹ منتقلی تعلیمی و سماجی بحران کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، خیر محمد شاہین

کوئٹہ: کنزیومر سول سوسائٹی بلوچستان کے مرکزی چیئرمین، پنشنر ویلفیئر ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی صدر اور سی پی نمبر 479/2024 کے پٹیشنر خیر محمد شاہین نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں تعینات دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں اساتذہ کی ان کے آبائی اضلاع میں منتقلی ایک بڑے انتظامی، تعلیمی اور سماجی بحران کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اساتذہ کی تعداد سات سے آٹھ ہزار یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، جن میں سے متعدد گزشتہ دس، پندرہ اور بیس سال سے کوئٹہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے خاندان بھی مستقل طور پر یہاں آباد ہیں۔

خیر محمد شاہین نے یکم اکتوبر کے عدالت عالیہ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو صرف سرکاری ملازمین کے تبادلوں تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ اس سے ہزاروں خاندانوں کی رہائش، بچوں کی تعلیم اور معاشی استحکام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کے بقول اگر اتنی بڑی تعداد میں اساتذہ کو بیک وقت ان کے آبائی اضلاع میں منتقل کیا گیا تو متعلقہ اضلاع میں تدریسی آسامیوں کی دستیابی اور انتظامی ضروریات سے متعلق متعدد سوالات پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب کوئٹہ کے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور ان کے جائز حقوق کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں ایسا متوازن راستہ اختیار کرے جس سے مقامی نوجوانوں کے روزگار کے مواقع بھی محفوظ رہیں اور طویل عرصے سے کوئٹہ میں تعینات اساتذہ اور ان کے خاندانوں کو اچانک مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خیر محمد شاہین نے سوال اٹھایا کہ اگر ماضی میں متعلقہ افسران نے ٹرانسفر پالیسی کے برخلاف اساتذہ کو کوئٹہ منتقل کیا تو اس معاملے میں ذمہ داری کا تعین کیسے کیا جائے گا؟ ان کے مطابق اس بات کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے کہ آیا پالیسی سے انحراف کے ذمہ دار افسران کا محاسبہ ہوگا یا اس کے تمام تر اثرات اساتذہ پر مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کے ممکنہ اثرات ایس بی کے کے تحت بھرتی ہونے والے کنٹریکٹ اساتذہ اور ایڈہاک بنیادوں پر تعینات اساتذہ کے مستقبل پر بھی پڑ سکتے ہیں، اس لیے تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

خیر محمد شاہین نے زور دیا کہ عدالت عالیہ کے فیصلے اور قانون کا احترام برقرار رکھتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لیا جائے اور ایسا قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے جس سے تعلیمی نظام متاثر نہ ہو، مقامی نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ ہو اور ہزاروں خاندانوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381