https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

ٹرین حادثات میں اضافہ: سدِ باب کی حکمتِ عملی

کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) کراچی سے پشاور جانے والی رحمٰن بابا ایکسپریس تقریباً 100 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے سفر کررہی تھی،

جب 13اکتوبر 2026ء کی صُبح، ملتان کے قریب شیرشاہ جنکشن پر اس کی 15 بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق، جب کہ40سے زائد زخمی ہوئے۔امدادی سرگرمیوں کے دوران مقامی شہریوں نے بھی متاثرہ مسافروں کو بوگیوں سےنکالنے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مدد فراہم کی۔ مذکورہ حادثے سے اندازہ ہوا کہ عوامی نقل وحمل کےکسی بھی نظام میں دِکھائی دینے والی معمولی سی تیکنیکی خرابی بھی بڑے جانی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لیے اس واقعے کو محض ایک جان لیوا حادثہ سمجھ کر نظر انداز کرنا کافی نہیں، ضرورت اس اَمر کی ہے کہ غیرجانب دارانہ تحقیقات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔حادثے کے بعد ٹرین ڈرائیور، رضوان عبّاس کا کہنا تھا کہ ٹرین کی رفتار تقریباً 100کلومیٹر فی گھنٹا تھی اورسگنل بھی کلیئر تھا۔ شیرشاہ اسٹیشن کی حدود میں داخل ہوتے ہوئے ٹرین کو اچانک ایک دھچکا سا لگا، جس پر اُس نےٹرین روک دی اورجب وہ انجن سے اُتر کر پیچھے کی جانب گیا، تو دیکھا کہ متعدد مسافر بوگیاں پٹری سے نیچے اُتری ہوئی ہیں، جب کہ باقی ٹرین بالکل دُرست حالت میں ہے۔تاہم، اس بیان کوحتمی قرارنہیں دیا جا سکتا، کیوں کہ کسی بھی ٹرین حادثے کی صُورت میں سگنل، انجن اور ٹرین سمیت دیگر امور کی جانچ پڑتال ضروری ہوتی ہے اور حادثہ جب کسی جنکشن یا کراسنگ پوائنٹ کے قریب پیش آئے، تو پٹریوں کی جیومیٹری، پوائنٹس اور کراسنگ کی (ٹرین کو ایک سے دوسرے ٹریک پر منتقل کرنے کا میکنزم)حالتِ زار،بوگیوں کے پُرزوں، رفتار، پہیوں اور ریلوے لائن کے باہمی تعلق کا باریک بینی سے جائزہ ناگزیر ہوجاتا ہے۔جائے حادثہ پر متاثرہ مسافروں کی مدد کے لیے مقامی افراد سب سے پہلے متحرک ہوئے اور بعد ازاں ریلوے انتظامیہ نے ملتان اور روہڑی سے ریلیف ٹرینز اور امدادی وسائل روانہ کیے۔ نتیجتاً، زخمیوں کی منتقلی اور پٹری سے اُترنے والی بوگیوں تک رسائی کی کوششیں تاخیر سے شروع ہوئیں، حالاں کہ ایسےمواقع پر ہر گزرتا لمحہ اہم ہوتا ہے۔واضح رہے، ٹرین حادثے جیسے واقعات میں امدادی کارروائیاں صرف زخمیوں کو جائے حادثہ سے منتقل کرنے تک محدود نہیں رہتیں بلکہ متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنا، ان کے اہلِ خانہ سے رابطے میں مدد دینا، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی، اسپتالوں تک رسائی میں معاونت اورپریشان حال مسافروں کی رہنمائی بھی امدادی عمل کے اہم حصّہ ہوتے ہیں۔تاہم ان تمام سرگرمیوں میں تربیت یافتہ ریسکیو اہل کاروں کی ہدایات، جائے حادثہ کی حفاظت اور طبّی عملے کے ساتھ رابطہ اہمیت رکھتے ہیں۔ رضاکارانہ تنظیموں کی افادیت اُس وقت مزید بڑھ جاتی ہے کہ جب تربیت یافتہ افرادی قوّت، واضح ذمّے داریاں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے کا مؤثر نظام موجود ہو۔حادثے کےبعد جذباتی طور پرمتحرک ہونا قابلِ قدر سہی، لیکن ہنگامی امداد میں پیشہ ورانہ تربیت، حفاظتی سامان اورمنظّم رابطہ ہی مؤثرثابت ہوتاہے۔ ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ایسی تنظیموں کو ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں، اسپتالوں اور ریلوے انتظامیہ کے ساتھ باقاعدہ تربیّتی مشقوں اور مشترکہ ہنگامی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے کی صُورت میں انسانی وسائل زیادہ مؤثر انداز میں استعمال ہوسکیں۔حادثے کے بعد ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایک اہم تیکنیکی نقص کی نشان دہی کی گئی کہ ٹرین کی دوسری بوگی نمبر، 12430کے ٹریس بار ہینگر کا ایک حصّہ کراسنگ پوائنٹ میں پھنسنے کے باعث بوگی پٹری سے اُتر گئی اور پھر دوسری بوگیوں کے بھی پٹری سے اُترنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ جائے حادثہ سے ٹریس بار ہینگر کا ایک حصّہ ملنے اور دوسرا کراسنگ میں پھنسنے کے شواہد بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔ گرچہ مذکورہ وضاحت سے حادثے کا ممکنہ سبب سمجھنے میں مدد ملتی ہے، لیکن یہ معلوم کرنا بھی ضروری ہے کہ پُرزہ اپنی جگہ سے باہر کیوں نکلا اور اس کی آخری مرتبہ جانچ پڑتال کب کی گئی تھی۔نیز، یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ روانگی سے قبل ٹرین کا مکمل معائنہ کیا گیا یا نہیں؟ اور کیا جنکشن کے پوائنٹس اینڈ کراسنگ کی حالت اس نوعیت کی خرابی برداشت کر سکتی تھی۔ ان سوالات کے جوابات محض بیانات سے نہیں، تیکنیکی شواہد، معائنے، ریکارڈ اور آزادانہ جانچ پڑتال ہی سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ مذکورہ حادثے کے ضمن میں وفاقی وزیرِ ریلوےکی ہدایت پر فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے(ایف جی آئی آر) کےذریعےباقاعدہ انکوائری کی ہدایت اس اعتبار سے اہم ہے کہ حادثے کی وجوہ اورذمّےداروں کا تعیّن باقاعدہ تحقیقاتی عمل کے ذریعےہوگا، مگراصل امتحان یہ ہے کہ تحقیقات کس قدرآزادانہ، شفّاف اور جامع ہوتی ہیں۔ بہرکیف، یہ حادثہ پاکستان ریلوے کے حفاظتی انتظامات کی مجموعی صورتِ حال پرغور کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔دست یاب اعداد و شمار کےمطابق، مُلک بَھر میں 2021ء سے 2025ء کے دوران448 ٹرین حادثات ہوئے،جن میں مجموعی طورپر 169افرادجاں بحق ہوئے، جب کہ 2022ء کےبعد سےحادثات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو 2025ء میں گزشتہ پانچ برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔یہ اعداد وشمارسنجیدہ تجزیے کے متقاضی ہیں اور اس موقعے پرحادثات کی اقسام، شدّت، مقام، وجوہ اور رپورٹنگ کاطریقۂ کارمدِنظر رکھنا بھی ضروری ہے۔واضح رہے، محض ڈرائیور کی غلطی یا کسی ایک پُرزے کی خرابی کو ریلوے حادثے کا سبب قرار نہیں دیاجاسکتا کہ ایک محفوظ ریلوے نظام میں پٹری، پوائنٹس اینڈ کراسنگ، سنگلنگ، رولنگ اسٹاک، مکینیکل معائنہ، آپریشنل قواعد اور انتظامی نگرانی ایک دوسرےسےمربوط ہوتے ہیں۔ اصل سوال صرف یہ نہیں کہ حادثے کے بعد کسے ذمّےدار ٹھہرایا جائے، یہ بھی ہے کہ خرابی کی حادثے سے پہلے شناخت کیوں ممکن نہیں۔نیز، حفاظتی اقدامات کو وقتی ردِعمل کی بجائے ایک مستقل ادارہ جاتی پالیسی کا حصّہ ہوناچاہیے اور اس مقصد کے لیے کچھ اقدامات ناگزیر ہیں۔ مثلاً: جنکشنز، کراسنگ پوائنٹس، فش پلیٹس، گیج اور دیگر متعلقہ اجزا کا مقرّرہ شیڈول کے مطابق باقاعدگی سے معائنہ ہونا چاہیے اور جہاں ممکن ہو، الٹرا سانک ٹیسٹنگ، جدید ٹریک ریکارڈنگ اور دیگر موزوں تشخیصی ٹیکنالوجی سے پوشیدہ نقائص کی بروقت شناخت کی جائے۔معائنے کے نتائج کو باقاعدہ ریکارڈ کا حصّہ بنایا جائے اور سنگین خرابی کی صُورت میں متاثرہ حصّے کو محفوظ قرار دیے جانے تک ٹریفک محدود یا بند رکھی جائے۔ ہر ٹرین کی روانگی سے پہلے تمام پُرزوں کا باقاعدہ معائنہ ہو اور معائنہ کرنے والے اہل کار کی شناخت، جانچ کا وقت، خرابیوں کی تفصیل اور مرمّت کی تکمیل کا اندراج ڈیجیٹل نظام میں محفوظ کیا جائے۔ مختلف ٹریک سیکشنز اور جنکشنز کے لیے خطرے کے مطابق رفتار کی پابندی یقینی بنائی جائے اور جہاں تیکنیکی طور پر ممکن ہو، خودکار ٹرین پروٹیکشن سسٹمزمتعارف کروائے جائیں تاکہ مقرّرہ حد سے متجاوز اسپیڈ یا خطرناک صورتِ حال میں ڈرائیور کو بروقت وارننگ دی جا سکے۔تاہم، رفتار کی نگرانی مکینیکل خرابیوں کی روک تھام کا متبادل نہیں، بلکہ ایک اضافی حفاظتی جُزو ہے۔ علاوہ ازیں، سگنلنگ، پوائنٹس انٹرلاکنگ، ٹریک سرکٹس اور متعلقہ آلات کی باقاعدہ جانچ کی جائے۔ جنکشنزپر ٹریک اور سنگلنگ کی صُورتِ حال کے مطابق محفوظ آپریشنل طریقۂ کار نافذ کیا جائے، نیز، ٹیکنالوجی کے ساتھ عملے کی تربیت، نظام کی دیکھ بھال اور متبادل حفاظتی انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔کسی بھی ٹرین حادثے کے بعد فوری طور پر متعلقہ اہل کاروں کو معطّل کرنا ہی کافی نہیں،اس بات کا جائزہ بھی لیا جائے کہ ٹرین میں خرابی کی اطلاع کب موصول ہوئی، معائنہ کیوں مؤثر ثابت نہیں ہوا؟ مطلوبہ وسائل دست یاب تھے یا نہیں اور انتظامیہ نے محفوظ سفر کوکس حد تک ترجیح دی۔ اگر غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہو، تو شفّاف کارروائی عمل میں لائی جائے، جب کہ نظام کی کم زوری سامنے آنے پر پالیسیز اور وسائل کی اصلاح کی جائے۔بڑے حادثات کی تحقیقات ایسے طریقۂ کار کے تحت ہونی چاہئیں کہ جس میں شواہد کا تحفّظ، تیکنیکی مہارت اورغیرجانب داری یقینی ہو۔ تحقیقاتی رپورٹ میں حادثےکی بنیادی وجہ، معاون عوامل، ذمّےداروں کا تعین اور قابلِ عمل سفارشات واضح ہوں۔ حسّاس تیکنیکی معلومات اور متاثرین کی نجی تفصیلات کا تحفّظ کرتے ہوئے عوام کو مناسب حد تک نتائج سے آگاہ کیاجائے، جب کہ ساتھ ہی سفارشات پرعمل درآمد کی نگرانی اور مقرّرہ مدّت کے بعد پیش رفت کا جائزہ بھی ضروری ہے۔یاد رہے، ریلوے کا نظام محض انجن، بوگیوں اور پٹریوں کا مجموعہ نہیں، اس کا تعلق عوام کی توقّعات، مُلکی معیشت کے استحکام سے بھی ہےاوراس سسٹم میں بہتری محض جدید آلات کی خریداری سے مشروط نہیں، دُرست منصوبہ بندی، معیاری مرمّت، تربیت یافتہ عملہ، بروقت نگرانی اور ادارہ جاتی جواب دہی بھی لازم ہے۔ہر پٹری، ہرسگنل، ہربوگی کا دُرست حالت میں ہونا اور ہر اہل کار کا اپنی ذمّےداری سےآگاہ ہونا ناگزیر ہے۔ ٹرینیں کتنی تیزرفتار ہیں، کتنی دیرمیں منزل تک پہنچتی ہیں، اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ سفرکس حد تک محفوظ ہے۔ اگرحالیہ واقعے سے جنم لینے والے سوالات کومؤثر اصلاحات میں تبدیل کرلیا جائے، تو یہی واقعہ ایک محفوظ، ذمّےدار اور زیادہ قابلِ اعتماد ریلوے نظام کی جانب پیش رفت کا نقطۂ آغاز بھی بن سکتا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381