کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) ادّی مہتاب اکبر راشدی سے میری پہلی ملاقات شمعون ہاشمی بھائی کے ہاں ہوئی،
جو خُود بھی نادرِ روزگار ہیں۔ ادّی کا شمار ان باوقار اور ہمہ جہت خواتین میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا فن، تعلیم، ابلاغ، انتظامیہ، سیاست اور انسانی حقوق کے میدانوں میں منوایا۔ ان کی زندگی کی کہانی بہت دل چسپ اور شان دارہے۔ مہتاب چنّا، جو بعدازاں مہتاب اکبر راشدی کے نام سے معروف ہوئیں، 3 مارچ 1947 ء کو سندھ کے تاریخی شہر، نوڈیرومیں پیدا ہوئیں۔متوسّط طبقے سے تعلق تھا، والد اُستاد تھے اور ایسے دَور میں، جہاں پڑھے لکھے لوگ خال خال تھے۔ والد کہا کرتے کہ ’’بیٹا! جس گھر میں اب رہ رہے ہو، اس میں تو کبھی ہمارے صرف جانور ہی بندھے ہوتے تھے۔‘‘ بھٹو صاحب کی رائس مل اُس کے قریب ہی تھی۔ ادّی سُنہرا، سہانا بچپن یاد کرتی ہیں تو آنکھوں کی چمک پلکوں پر دمک اُٹھتی ہے۔ چُھٹیاں گزارنےگاؤں جاتے تو ایک سجا سجایا تانگا خدمت کو حاضر ہوتا۔ تانگے بان یا کوچوان کا نام خُدو (شاید خادم) تھا۔ بابا اُن تمام زمینوں کی سیر کرواتے، جو کبھی اُن کی ہُوا کرتی تھیں۔ بچّے شوق و تجسّس سے پوچھتے۔’’بابا پھراُن زمینوں کا کیا ہُوا؟‘‘جواب ملتا۔’’بِک بِکاگئیں، بیٹا!‘‘ بابا ساری عُمر بھائیوں کا قرضہ اتارتے رہ گئے مگر ایسے صابر و شاکر کہ کبھی حرفِ شکایت زباں پر نہ لائے۔ بھائیوں کا ذکر چِھڑتا تو آنکھوں سے اشکوں کی لڑی جھڑی لگ جاتی۔ بابا، چاربھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ اُن کے دو بھائیوں کے دوبچّوں سے مہتاب کی یادیں وابستہ ہیں۔ ایک، ادّی بُچل، جو مہتاب کو مادرانہ شفقت سےسنبھالتی،کِھلاتی پلاتی، محبّت سے نہال رکھتی تھیں۔مہتاب نے پہلی دو جماعتیں نوڈیرو میں پڑھیں اور پھر اُن کے بابا بیٹیوں کو لے کر حیدرآباد آگئے۔ اُن کی ذہنی کُشادگی اور وسیع النظری دیکھیے کہ تب بڑی بیٹی نے پہلی سات جماعتیں لڑکوں کے ساتھ پڑھیں پھر بابا نے اُسے ٹریننگ کالج بھجوا دیا۔ جب وہ پڑھ لکھ گئی تو کہا کہ ’’اب تمہارا فرض ہےکہ اپنے علاقے کی بچیوں کو پڑھاؤ۔‘‘ سو، مہتاب کی بڑی بہن نوڈیرو کےاسکول میں ٹیچر بنیں۔ بابا خُود بھی محکمۂ تعلیم سے مُنسلک تھے، پھر بیٹیوں کی تعلیم کے لیے حیدرآباد تبادلہ کروایاامّاں کا ذکر بھی سُن لیجے۔ درویش خُو، نہایت سادہ مزاج، صاف ستھری، سچّی سُچّی طبیعت، سیدھی سادی، سدا سفید کپڑوں میں سنوری، ہمہ وقت تلاوتِ قرآنِ پاک میں مشغول، پنج گانہ نماز میں محو۔ اڑوس پڑوس والے’’امّاں اچی‘‘ کہہ کرپُکارتے۔ یاد رہے، میٹھی زبان یعنی سندھی میں سفیدرنگ کو’’اچو رنگ‘‘ کہتے ہیں۔ ایک طرف تو امّاں کا یہ حال کہ ذکر اذکار، درودو سجود، تلاوت میں اِس تسلسل سےمحو رہتیں کہ پلنگ سے پیر نہیں اُتارتی تھیں، دوسری طرف وہی امّاں بیٹیوں کو تعلیم دِلوانے حیدرآباد آئیں تو گھر کا سارا کام کاج خُود کرتیں کہ کوئی نوکر چاکر نہیں تھا۔ادّی مہتاب کہتی ہیں کہ اُن کے امّاں بابا نے بےمثال ولازوال قربانیاں دیں، گاؤں سے ہجرت کی، اپنےعزیز، رشتےدار چھوڑے۔ امّاں نےخُود کو سر بہ سر بدل لیا۔ ادّی مہتاب کو مِلا کرچار بہنیں تھیں اورایک بھائی۔ بتاتی ہیں۔ ’’مَیں چوتھی بہن ہوں۔ پانچویں بھی تھی لیکن وہ اللہ کے پاس چلی گئی۔ ہر بار لڑکی کی پیدائش پراڑوس پڑوس اورمحلے میں سرگوشیاں ہوتیں۔ارے پھر لڑکی ہوگئی؟ آخر ایک دن نانی ماں نےمیرے بابا سےکہا کہ میری بیٹی سے تو بیٹا نہیں ہوگا، سو مَیں تمہیں اجازت دیتی ہوں کہ تم دوسری شادی کرلو۔‘‘ بابا مُسکرا کر بولے۔ ’’اگر میری قسمت میں بیٹا ہےتو اِسی سے ہوگا، ورنہ یہ بیٹیاں ہی میرے بیٹے ہیں۔‘‘ ادّی کو اپنی تینوں بڑی بہنوں سے بے پناہ محبت ہے۔ سکینہ، عزیزالنساء، مہرالنساء اور خُود ادّی مہتاب۔ ایک دل چسپ داستان یہ ہے کہ اسکول داخل ہونے پر اُن کا نام بدرالنساء رکھا گیا۔ ایک روز سب سے بڑی آپا، چھوٹی بہن کو جلدی گھر لےجانے کے لیے کالج گئیں۔ ٹیچر سے کہا کہ مہتاب کواجازت دیجے۔ ٹیچر متحیّرتھیں کہ میری کلاس میں توکوئی مہتاب نامی لڑکی ہی نہیں ہے۔آپا سوچ میں پڑ گئیں کہ بابا نے کوئی بھلا سا نام رکھا تو تھا، مگر یاد نہیں آرہا تھا۔ اتنے میں مہتاب عُرف بدرالنساء پرنگاہ پڑ گئی تو دیکھ کراشارہ کیا کہ اِن کو لینے آئے ہیں۔ سب تعلیمی کاغذات میں ادّی مہتاب کا نام بدرالنساء ہی درج ہے۔ اپنی مخصوص دل رُبا مسکراہٹ کے ساتھ کہتی ہیں کہ ’’تم لوگ مہتاب کو بہت عالمہ سمجھتے ہو، حالاں کہ مہتاب تو پڑھی لکھی ہی نہیں، اُس کے نام پر کوئی سند نہیں ہے۔‘‘ امّاں اُن سےمتعلق ہمیشہ کہتی تھیں کہ ’’میری بیٹی مہتاب سب سے زیادہ صبروالی ہے۔ مہر تھوڑی بہت ضد کرتی تھی۔‘‘ ادّی سے پانچ سال چھوٹے بھائی کا نام آفتاب تھا، جو2013ء میں ادائیگیٔ عُمرہ کے لیے گئے، تو وہیں سے اللہ کے پاس چلے گئےاور جنّت البقیع (مدینہ المنورہ) میں دفن ہیں۔ریڈیو جانے کی کہانی دیوانی پُرانی سہی، اَن جانی نہیں ہے۔ ہُوا کچھ یُوں کہ مہتاب چَھٹی جماعت میں تھیں۔ اُس دَور میں ریڈیو پاکستان، حیدرآباد میں خواتین کی آوازوں کی ضرورت تھی۔ اُس علاقے میں عبداللہ چنّا ڈپٹی کلیکٹر تھے (وہی صاحب جنہوں نے 1965 ءکی جنگ کےبعد تھر مُعاہدہ کروایا) اُن کی بیگم زینت چنّا سےکہا گیا کہ لڑکیوں کو ریڈیو پر متعارف کروائیں۔ تب ریڈیو جانا بھی معاشرے میں معیوب ہی گردانا جاتا تھا۔سو، زینت چنّا نے سب سے پہلےخُود اپنی بڑی بیٹی نصرت چنّا کو بھیج کرمثال قائم کی۔ بعدازاں دوست احباب کو فون کیا۔ ادّی مہتاب کی امّاں سے بھی کہا۔ اب بڑی بہن جاتی تھیں تو یہ چُنّی مُنّی سی بیربہوٹی بن کر اُن کے پلّو سے چپکی چپکائی رہتیں۔ ریڈیو ڈرامے براہِ راست نشر ہوتے اور غلطی سے بچنے کے لیے چار چار پانچ پانچ دن ریہرسلز ہوا کرتیں۔ مسٹرایم بی انصاری پروگرام منیجر تھے اور نادرِ روزگار شخصیت، زیڈ اے بخاری کے شاگرد۔ خُودبھی دیومالائی شخصیت کے حامل۔ باقاعدہ صداکاری کرکے بتاتے، سمجھاتے کہ بھئی یُوں کرنا ہے، یُوں رونا ہنسنا ہے، یُوں غصّہ کرنا ہے۔ ادّی مہتاب اپنی آپا کے ساتھ چِپکی رہتیں، سب کچھ دیکھتیں سُنتیں، جذب کرتیں، سیکھتیں۔ریڈیو پاکستان، حیدرآباد نے بھی پاکستان کو کیا کیا نگینے دیے۔ فلم اسٹار محمّد علی، مصطفیٰ قریشی، قربان جیلانی، روبینہ قریشی، نسیم مغل اور بہت سے دوسرے۔ ایک دن ایم بی انصاری کےکہنے پر آڈیشن دیا اورفیل ہوگئیں۔ تب خالص وقت تھا، فیل فیل ہی رہتا تھا، پاس نہیں کر دیا جاتا تھا۔ دوبارہ محنت کا کہا گیا۔ انصاری صاحب مہتاب کو ’’پوپٹ‘‘ کہتے تھے (سندھی میں تتلی کو پوپٹ کہتے ہیں) کیوں کہ بچّی بالوں میں رنگ برنگ ربن باندھتی تھی۔ انصاری صاحب ہی کے کہنے پر دوبارہ آڈیشن دیا اور پاس ہوگئیں۔ ’’ورجینیا‘‘ اُن کا پہلا ڈراما تھا، جس کے پانچ روپے نقد ملے۔ یہ خطیررقم ادّی کی پہلی کمائی تھی۔ گھر پہنچیں، امّاں کو دکھایا، امّاں نےکہا کہ تم سےکھوجائیں گے، اِدھر لاؤ، مَیں سنبھال لیتی ہوں۔وہ سنبھلی سنبھلائی سرمایہ کاری واپس نہ ملی۔دو تین کریکٹر رول کرنے کے بعد ادّی سے کہا گیا کہ تم ہیروئن کا رول کروگی۔ یعنی چَھٹی، ساتویں کلاس ہی سے رومانٹک رول ملنے لگے۔ کبھی مصطفیٰ قُریشی ہیرو ہوتے تو کبھی قربان جیلانی۔ بعدازاں ریڈیو سے بےشمار ڈرامے کیے، امر جلیل کے لکھے اسکرپٹ، حمایت علی شاعر کا کلام، امداد حسینی کی تحریریں پڑھیں۔ سندھی، اُردو دونوں زبانوں میں۔نایاب صدیقی کی انگریزی تحریریں اوررسول بخش پلیجوکی نثر بھی پڑھی۔ فائنل ریکارڈنگ سے پہلے منظور قریشی، مظفّر حسین جوش اور محمّد خان کے سامنے ریہرسل کر کے اُنہیں باربار سُنا کرچیک کرواتیں کہ کہیں شاہ (شاہ عبداللطیف بھٹائی) کی بیت (نظم) غلط نہ پڑھ دوں۔ کہا کرتیں کہ ’’ریڈیو کو سند رہنا چاہیے۔ لوگ ہم سے سُن کر بولنا سیکھتے ہیں۔‘‘ ریڈیو تب ایسی ہی درس گاہ تھی۔ ادّی گیتوں بَھری کہانیاں اورعورتوں کےپروگرام بھی کیا کرتیں۔ ایک روزاندرونِ سندھ، دُورپارسے ایک عورت کا خط موصول ہوا۔لکھا تھا کہ ’’صرف آپ کو خط لکھنے کے لیے مَیں نے لکھنا پڑھنا سیکھا۔‘‘ عبدالکریم بلوچ ڈراما آرٹسٹ ساقی کے بڑے بھائی تھے۔ پی ٹی وی کراچی سینٹر سے وابستگی کے سبب اُنہیں ادّی کے ٹیلنٹ کی خبر تھی۔ تب محترمہ انٹرنیشنل ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ میں پڑھاتی تھیں۔ بلوچ صاحب نے نیوز کاسٹر کے طور پر بلایا اور نظامت یعنی کمپئرنگ کےلیے بھی کہا۔ وہاں شیریں خان پروڈیوسر تھیں، جن کی اطہر وقار عظیم سے شادی ہوئی۔ آڈیشن میں پاس ہوگئیں۔ اداکاری کا بھی کہا گیا، مگر انہوں نے منع کردیا۔پہلا شو بچّوں کا ایک پروگرام ’’اِس ہفتے‘‘تھا، جس میں پورے ہفتے کی خبریں ہوا کرتی تھیں۔ اس کوئز شو میں مختلف اسکولز کی ٹیمز بُلوا کر اُن سے سوال پوچھےجاتے۔ فہمیدہ نسرین پروڈیوسر تھیں۔ تبھی عصرِ حاضر میں پاکستانی ڈراما اور شوبزنس کی بےمثال و باکمال شخصیت سلطانہ صدیقی اور ہارون رند ٹی وی اکیڈمی سے تربیت حاصل کرکے آئے۔ سلطانہ کو ’’روشن تارا‘‘ پروگرام دیا گیا۔ ادی مہتاب بتاتی ہیں۔ سلطانہ جتنی محنت، محبت، لگن، رچاؤ سے پروگرام کیا کرتیں، اپنی مثال آپ تھا۔لیاری اور قُرب و جوار سے بھی بچّے شرکت کرتے۔ بتاتی ہیں۔ ’’شُنید تب سات آٹھ سال کا تھا، جنید پانچ چھے سال اور درید اُس سے بھی چھوٹا۔ میری گود میں آن بیٹھتا تھا اور مجھے امّی کہا کرتا۔ مَیں اکثر ازراہِ مذاق سلطانہ سےکہتی کہ سلطانہ! مَیں عدالت جا کر کلیم کر سکتی ہوں۔ جج صاحب درید سے پوچھیں گے کہ یہ تمہاری کون ہیں، تو کہے گا امّی۔‘‘ اُسی دَور میں ادّی مہتاب کو فُل برائٹ اسکالر شپ ملی، تو دو سال کے لیےامریکا چلی گئیں۔ یونی ورسٹی آف میسا چیوسٹس سے سیاسیات کے ساتھ بین الاقوامی تعلقاتِ عامہ(آئی آر) پڑھا۔بتاتی ہیں۔ امریکا سے پڑھ کر شخصیت میں کافی تبدیلیاں آئیں۔ ذہنی طور پر مغربی معاشرے کےلیےتیارتھی۔ وہاں قیام کے دوران اعتدال برقراررکھا۔ کسی پاکستانی، بھارتی لڑکی کو روم میٹ بنانےکی بجائےایک امریکن لڑکی کے ساتھ رہائش پذیر رہیں تاکہ اُس ملک کوجان پائیں۔ اُس لڑکی کا نام gale doyle تھا اور اُس سے بہت گہری دوستی تھی۔ پاکستان واپس آئیں تو سندھ یونی ورسٹی، جام شورو میں پڑھایا۔ اِسی دوران وہاں سے پی ٹی وی کراچی آتیں اور لوگوں کے انٹرویوز کرتیں۔’’موتین مالا‘‘ پروگرام کیا۔ سلطانہ صدیقی ہی پروڈیوسر تھیں۔ اندازہ کیجے کہ سُلطانہ آپا اورمہتاب راشدی کی ٹیم نے کیسی کیسی نادرِ روزگار شخصیات کے انٹرویوز کیے۔ عابدہ پروین، مائی بھاگی، شمشیر حیدری، شازیہ خشک۔ یاد کرتی ہیں کہ’’مَیں عابدہ سے سوال کرتی تو وہ مجھے محض جی ہاں، جی نہیں میں جواب دیتیں۔ اُن کے کیرئیر کے ابتدائی دن تھے۔ سلطانہ اسٹوڈیو سے اُترکےآئیں۔ کہنے لگیں کہ یہ تو بول ہی نہیں رہی ہے، اِسے بُلواؤ۔ اُدھر مائی بھاگی انٹریو میں بولیں اور خُوب بولیں۔نہ مائیک کا دھیان، نہ کیمرے سے جی پریشان۔خُوب کہانیاں سنائیں۔‘‘مَیں چوں کہ سُلطانہ آپا کی شخصیت سے بہت مُتاثر ہوں اور اُنہیں ادّی مہتاب کے ساتھ ساتھ پاکستانی خواتین کے لیے ایک شان داررول ماڈل سمجھتا ہوں۔ سو، اُن کے بارے میں بار بار پوچھا۔ ادّی بولیں کہ ’’سلطانہ مجھ سےدو تین سال بڑی ہیں۔ حیدرآباد میں ’’گاڑی کھاتہ‘‘ علاقے میں فردوس سنیما کے پاس ہمارے گھر سڑک کے آرپار دونوں طرف تھے۔ہم بچّے اور ہمارے بھائی، بہن ایک دوسرے کے گھر آتے جاتے رہتے تھے۔ اِسی محلے میں سراج میمن، فہمیدہ حسین اور حیدر بخش جتوئی (ہاری تحریک والے) کا بھی گھر تھا۔ نزدیکی محلہ کھوکھرپاڑو تھا۔ اندازہ لگائیےکہ ایک ہی علاقے سے سُلطانہ صدیقی جیسی چمکتی دمکتی شخصیت سمیت کتنے بڑے نام قومی اور بین الاقوامی منظرنامے پراُبھرے۔ ابلاغ کے میدان میں ادّی مہتاب کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے 2004ء میں اُنہیں صدارتی اعزاز، تمغۂ حُسنِ کارکردگی سے نوازا۔ادّی بتاتی ہیں کہ یونی ورسٹی میں شیخ ایاز وائس چانسلر تھے۔ موصوفہ خُود سب سے زیادہ سینئر تھیں، لہذا بین الاقوامی تعلقاتِ عامہ کے ڈیپارٹمنٹ کی چئیرپرسن بن گئیں۔ صُورتِ احوال میں درستی اور بہتری لانےکی غرض سے شیخ ایاز سے وقت لیا۔ ان کے دفتر پہنچیں تو دیکھا کہ دو لوگ دفتر سے باہر آرہے ہیں۔ ایک تو عاشق آربانی معروف فوٹو گرافر تھے۔ اُن کے ہم راہ بقول ادّی ’’ایک حسین وجمیل شخص تھا، جسے مَیں نہیں جانتی تھی۔ اُس آدمی نےسرتاپا سفید لباس پہن رکھا تھا۔ آدھے بازوؤں والی سفید قمیص، سفید پتلون، سفید ہی جوتے۔‘‘تعارف ہوا تو خبر ہوئی کہ موصوف اکبر راشدی صاحب ہیں اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ہیں۔ خیر، وی سی سے ملاقات کے بعد پلٹیں تو وہ دونوں باہر ہی کھڑے تھے۔ عاشق آربانی نے کہا۔’’ادّی! راشدی صاحب کی گاڑی ہے۔ آپ کو گھر تک چھوڑ دیں گے۔‘‘ادّی نے سوچا کہ وہ حسین و جمیل شخص خُود بھی دعوت دے گا، مگر دل چسپ واقعہ یہ ہے کہ وہ صاحب خاموش کھڑے رہے۔ اگلے دن ادّی کے دفتر اور شعبے کی تعمیر و آرائش کے لیے انجنیئر صاحب پہنچے، تو وہی سفید پوش یعنی اکبر راشدی تھے۔دفتر میں دیواروں کے رنگ کے حوالے سے اکبر راشدی نے پوچھا کہ کون سا رنگ چاہیں گی؟ بولیں۔’’گلابی۔‘‘ اس پرراشدی صاحب نےمُسکرا کرکہا۔’’محترمہ! یہ دفتر ہے، بیڈروم نہیں۔‘‘ بہرحال، بات صُبح وشام کی بگھی پر بیٹھی، تعارف سے دوستی، دوستی سے محبّت اور محبّت سے عشق تک آن پہنچی۔ بعد میں پتا چلا کہ موصوف، آفتاب (یعنی ادّی کے بھائی) کے ساتھ مہران کالج سے پڑھے ہیں اور گھر بھی آچُکے ہیں۔ سال بھرجان پہچان کا سلسلہ چلا۔ سلطانہ صدیقی نے ایک دو بار ٹی وی پر ان صاحب کو ہم راہ دیکھا تو پوچھا۔ بات آگے بڑھی۔ابتدا میں اکبر کے بابا معترض ہوئے کہ لڑکی یونی ورسٹی میں پڑھاتی ہے، ٹی وی پر آتی ہے۔ مگر پھر پیر اعصام الدین راشدی مددگار ہوئے اور اُنہی کے اصراروتکرار پر رشتہ فائنل ہوگیا۔ مجھ سے پوچھا گیا، مَیں نےکہا ٹھیک ہے۔ شادی کی تاریخ رکھنے سے پہلے بیگم بھٹو سے مشورہ کیا گیا۔ یہ بھی الگ کہانی ہے۔ یادش بخیر، ذوالفقار علی بھٹو کے پہلے الیکشن ہوئے تھے تو بیگم بھٹو نے ادّی کی اماں کو فون کرکے کیمپین کے لیے بلوایا۔تب یہ Saint Mary’s میں ممتاز بھٹو کی بیٹیوں کی ٹیچر تھیں، جنہوں نےجاکر بیگم بھٹو سےکہا تھا کہ ہماری ایک ٹیچر بہت لائق فائق ہیں۔ ادّی شیرین (بھٹو کی پہلی بیگم) اُنہیں پہلے سے جانتی تھیں، کیوں کہ نوڈیرو میں گھرآس پاس تھے اورادّی اُن کے گھر کھیلنے جاتی تھی۔ ادّی اور اشرف عباسی کیمپین پرنکلے اور مخالفین کے ایک محلےجا نکلے، جو ایوب کھوڑو کو ووٹ کرنے کا تہیہ کیے بیٹھےتھے۔ ادّی کی پُرتاثیر تقریر سُن کروہ لوگ اُٹھے، طاق سے قرآن اتارا اور کہنے لگے کہ ’’آپ کے صدقے ہمارے ووٹ بھٹو صاحب کے ہیں۔‘‘ادّی کی شہید بی بی بےنظیر سے بھی بہت قربت رہی۔ اُنہیں آرکائیوز میں سے کوئی دستاویز یا کوئی کتاب چاہیے ہوتی تو رابطہ کرتیں۔ منشور میں تعلیم کے بارے میں لکھنے کو کہا۔ ادّی کی شادی میں بھی آئی تھیں کہ یہ دل کا رشتہ تھا۔ ادّی کا بیٹا رافع پیدا ہوا تو بی بی بےنظیر خُود مبارک دینے آئیں اور ایک مَن موہنی ایرانی بلّی تحفےمیں دی۔ بچّوں کو عیدی بھی بھجوایا کرتی تھیں۔مہتاب اکبر راشدی کی زندگی محض اعزازات، عُہدوں اور کام یابیوں کی فہرست نہیں، بلکہ ایک ایسی عورت کے عزم، علم، خُوداعتمادی اورہمہ جہت صلاحیتوں کی داستان ہے، جس نے ریڈیو کے مائیک سے ٹیلی وژن کے پردے، تعلیمی اداروں سے سرکاری محکموں اور وہاں سے ایوانِ سیاست تک اپنا سفر کام یابی سے طے کیا۔ اُن کی شخصیت اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ عورت کی صلاحیتوں کو کسی ایک دائرے میں محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اُن کے لیے کہے گئے چند اشعار ملاحظہ فرمائیں۔ ؎مہتابِ علم و آگہی، مہتاب اکبر راشدیکتنی دُلاری ہیں ادی، مہتاب اکبر راشدیبالکل غزل کا انگ ہیں، یعنی مجسّم رنگ ہیںیعنی سراپا شاعری، مہتاب اکبر راشدیسندھی میں اُردو کا مزہ، اُردو میں سندھی کا نشہدو آتشہ جادوگری، مہتاب اکبر راشدیخوفِ فسادِ خلق سے رُکتا نہیں ان کا سخنکہہ ڈالتی ہیں اَن کہی، مہتاب اکبر راشدینُصرت کے دل کی لاڈلی، بی بی سے بھی تھی دوستیسُلطانہ آپا کی سَکھی، مہتاب اکبر راشدیغالب کی غزلوں میں تو ہیں، جالب کی نظموں میں تو ہیںفارس کو بھی اچھی لگی، مہتاب اکبر راشدی

