https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

پنسلوانیا سے ٹیکساس تک

کوئٹہ( روزنامہ پبلک ) امریکا کے 3 نومبر 2026ء کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں پاکستانی نژاد چھ اُمید واروں نے مختلف ریاستوں میں کامیابی حاصل کرکے امریکی سیاست میں اپنی موجودگی مستحکم کرلی۔

کامیاب اُمیدواروں میں ڈاکٹر، وکیل اور صحافی ہی نہیں سماجی کارکن بھی ہیں۔ جنہوں نے ’’پنسلوانیا، کنیکٹیکٹ، ٹیکساس اور جارجیا‘‘ میں ریاستی قانون ساز اداروں کی نشستیں جیتیں۔ان میں بعض نے صحافت اور تعلیم کے شعبے سے منسلک ہونے کے بعد سیاست کے میدان میں قدم رکھا، بعض طب اور کاروبار سے سیاست میں آئے، مقامی سطح پر سماجی خدمات، شہری مسائل سے وابستگی نے بھی ان کے سیاسی سفر میں اہم کردار ادا کیا۔ صحت، تعلیم، معیشت، شہری حقوق اور قانون سازی جیسے وسیع معاملات میں بھی بھرپورحصہ لیا۔ ان کی کامیابیوں سے امریکی سیاست میں جنوبی ایشیائی اور مسلمان کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔پنسلوانیا سے مریم صبیح، کنیکٹیکٹ سے مریم خان اور ڈاکٹر سعود انور، ٹیکساس سے سلمان بھوجانی اور ڈاکٹر سلیمان لالانی، جب کہ جارجیا سے فاروق مغل نے کام یابی حاصل کی۔ ان کی کامیابیوں میں ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ ان کا تعلق مختلف پیشہ ورانہ شعبوں سے ہے اور بیش تر نے سیاست میں آنے سے پہلے اپنے اپنے شعبوں میں قابل ذکر کام کئے۔پنسلوانیا کی، مریم صبیح کے سوا، سب پہلی مرتبہ منتخب نہیں ہوئے۔ مریم خان نے ریاستی ایوان سے سینیٹ میں قدم رکھا ہے، جبکہ سعود انور، سلمان بھوجانی اور سلیمان لالانی نے اپنی نشستیں برقرار رکھی ہیں۔ فاروق مغل سابق رکن رہنے کے بعد دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔ان سب کی کام یابی امریکی سیاست میں پاکستانی نژاد شہریوں کی بڑھتی ہوئی نمائندگی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو اس بات کی عکاس ہے کہ امریکا میں تارکین وطن کی نئی نسل مقامی سطح سے قومی سیاسی منظرنامے تک اپنی جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ان کی کامیابیوں میں ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ ان کا تعلق مختلف پیشہ ورانہ شعبوں سے ہے، جن میں نمایاں کام کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ پاکستانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے ان افراد کا امریکا میں سیاسی سفر یقینناً قابل تحسین ہے۔ ذیل میں ان کے بارے میں مختصراً ملاحظہ کریں۔مریم صبیح (پنسلوانیا) صحافی، سماجی کارکُن، نو منتخب ریاستی قانون سازمریم صبیح نے 3نومبر 2026 کو پنسلوانیا کے 131ویں ڈسٹرکٹ سے، ری پبلکن اُمیدوار Milou Mackenzie کو شکست دی۔ انہیں 51.1 فیصد ووٹ ملے۔ مریم صبیح کا سیاسی سفر اس اعتبار سے دلچسپ ہے کہ یہ صحافت اور سماجی سرگرمیوں سے عملی سیاست میں آئیں اور دوسری کوشش میں کامیابی حاصل کی۔نیویارک کے علاقے کوئنز میں پاکستانی تارکین وطن کے گھرانے میں پیدا ہوئیں، پرورش نیوجرسی میں ہوئی۔, Rutgers University سے انگریزی اور نفسیات میں بیچلر ڈگری اور Lehigh University سے سیاسیات میں ماسٹرکرنے کے بعد ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک فری لانس صحافی کی حیثیت سے کام کیا۔ مشرق وسطیٰ سمیت مختلف موضوعات پر لکھتی رہیں، ان کی پرتحریریں دیگر اخبارات، میگزین کے علاوہ Huffington Post اور الجزیرہ میں بھی شائع ہوئیں۔سماجی سرگرمیوں کے ساتھ، مقامی ڈیموکریٹک پارٹی، انتخابی مہمات، کمیونٹی آرگنائزنگ اور تعلیمی معاملات میں سرگرم رہیں۔ مریم صبیح جمہوریت، خواتین کے حقوق، تعلیم اور شہری آزادیوں کے تحفظ کو سیاست میں آنے کا اہم محرک قرار دیتی ہیں۔ شادی شدہ اور تین بیٹوں کی ماں ہیں۔مریم خان (کنیکٹیکٹ) معلمہ،خصوصی تعلیم کی ماہر،نو منتخب ریاستی سینیٹرمریم خان نےکنیکٹیکٹ سے، ریاستی سینیٹ کی نشست جیتی۔ اس سے قبل ریاستی ایوانِ نمائندگان کی رُکن بھی رہ چکی ہیں۔ تعلیم اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی رہی ہیں، کئی سال خصوصی تعلیم کے شعبے سے وابستہ ر ہیں۔مریم خان نے بچوں کی نفسیات میں بی ایس کرنے کےبعد Central Connecticut State University سے خصوصی تعلیم میں ماسٹرز کی ڈگری لی، بعد ازاں اسی شعبے میں درس و تدریس سے وابستہ ہو گئیں۔ سیاست میں آنے سے قبل Windsor Board of Education کی نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ خصوصی تعلیم کے شعبے میں بچوں کے لیے بہتر سہولتوں، تعلیمی فنڈنگ اور شفافیت کے لیے کام کیا۔ پولیس کے باڈی کیمروں کے استعمال اور متاثرین کے تحفظ سے متعلق قانون سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔مارچ 2022 میں پہلی مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا اور خصوصی انتخاب جیت کر کنیکٹیکٹ کی ایوانِ نمائندگان کی پہلی مسلمان رکن بنیں۔ 2026 میں، ایوانِ نمائندگان کے بجائے ریاستی سینیٹ کے دوسرے ڈسٹرکٹ سے انتخاب میں حصہ لیا اور 78.2 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرارپائیں۔ یوں مریم خان نے 2026 میں اپنی سابقہ نشست برقرار نہیں رکھی بلکہ ایوانِ نمائندگان سے ریاستی سینیٹ میں گئیں۔ڈاکٹر سعود انور (کنیکٹیکٹ) معالج، سماجی کارکُن،ریاستی سینیٹر) ریاست کنیکٹیکٹ سے منتخب ہوئے۔ سیاست میں وارد ہونے کے بعد South Windsor کی ٹاؤن کونسل کے رکن منتخب ہوئے، جس کے2013 سے 2015 تک رُکن رہے، بعد ازاں 2017 سے 2019 تک اسی شہر کے میئر رہے۔2019 میں پہلی مرتبہ ریاستی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ 2026 میں دوبارہ انتخاب جیت کر اپنی نشست برقرار رکھی۔ڈاکٹر سعود انور، پھیپھڑوں کے امراض اور ماحولیاتی طب کے ماہر ڈاکٹر ہیں۔Yale University میں پلمونری اور کریٹیکل کیئر میڈیسن کی تربیت حاصل کی، اسی یونیورسٹی سے پبلک ہیلتھ میں ماسٹرز کیا۔ Manchester Memorial اور Rockville General Hospitals میں شعبہ داخلی امراض کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ بھوک کے خاتمے، ماحول کی بہتری اور ہیٹی میں تعلیمی منصوبوں کے لیے مختلف تنظیمیں قائم کیں۔قدرتی آفات کے دوران پاکستان اور ہیٹی میں طبی امدادی سرگرمیوں اور11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد رضاکارانہ امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ایف بی آئی کے ملٹی کلچرل ایڈوائزری پروگرام سے بھی وابستہ رہے۔ ان کی اہلیہ ،یسریٰ انیس انور بھی ڈاکٹر ہیں، دو بیٹوں کے باپ ہیں۔ بیوی، بچوں اور والدہ کے ساتھ ساؤتھ ونڈسر میں رہتے ہیں۔ ڈاکٹر سعود انور کی شخصیت میں طب، انسانی خدمت اور سیاست تینوں شعبوں کا امتزاج نظر آتا ہے۔سلمان بھوجانی اور ڈاکٹر سلیمان لالانی دونوں ٹیکساس سے کام یاب ہوئے ہیں، اور دونوں کو یہ اعزاز بھی دوسری ہی مرتبہ ملا ہے۔سلمان بھوجانی (ٹیکساس) وکیل، کاروباری شخصیت، ریاستی قانون سازسلمان بھوجانی، نے ری پبلکن اُمیدوار، جے پی وڈرف کو شکست دی۔ سلمان بھوجانی پیشے کے اعتبار سے وکیل، کاروباری شخصیت اور ریاستی قانون ساز ہیں۔ پاکستان سے نوعمری میں امریکا منتقل ہوئے۔ امریکا پہنچنے کے بعد تعلیمی سفر شروع کیا، ساتھ خاندان کی کفالت کے لیے بیک وقت کئی ملازمتیں کیں۔ ایک سہولت اسٹور میں کیشیئر کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ٹیکساس ،ڈیلس اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، بعد ازاں وکالت اور سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔ 2023ء میں ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن اور ٹیکساس کے شہر Euless کی سٹی کونسل کے رکن منتخب ہوئے۔ اس شہر میں منتخب ہونے والے یہ پہلے غیر سفید فام نمائندے تھے۔ 2023 میں ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے پہلے جنوبی ایشیائی اور مسلمان ارکان میں شامل ہوئے۔ ڈسٹرکٹ 92 کی نمائندگی کرنے والے پہلے غیر سفید فام رکن بھی بنے۔اہلیہ نیما اور دو بچوں عارش اور رائشہ کے ساتھ Euless میں رہتے ہیں۔ڈاکٹر سلیمان لالانی (ٹیکساس) معالج،سماجی کارکُن، ریاستی اسمبلی کے رکُن1990کی دہائی کے آغاز میں امریکا منتقل ہوئے، تقریباً تین دہائیوں سے امریکا میں،شوگر لینڈ اورگریڑ ہیوسٹن کے علاقے میں طب کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کی دل چسپی صحت عامہ، طبی سہولتوں اور تعلیم کے معاملات کی قانون سازی میں ہے۔ فیملی پریکٹس ریزیڈنسی پروگرام کے لئے قانون سازی سے پانچ ملین ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرنے میں کام یاب ہوئے۔صحت، تعلیم، ذہنی صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں مین قانون سازی کی۔ایشیائی امریکی اور بحرالکاہل جزائر سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کے قانون ساز گروپ کے شریک چیرمین اور ٹیکساس انٹر فیتھ لیجسلیٹرز کاکس کے بانی چیرمین ہیں۔ انہوں نے ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی میں اپنی نشست برقرار رکھی۔ دوبارہ انتخاب جیتا اور 66 فیصد ووٹ حاصل کئے۔فاروق مغل(جارجیا) کاروباری منتظم، سماجی رابطہ کار، ریاستی قانون سازفاروق مغل نے، جارجیا سے کامیابی حاصل کی۔ کرمنل جسٹس اور سوشیالوجی میں بیچلر ڈگری حاصل کی۔ کاروباری شعبے سے وابستہ ہیں۔ ایم۔ ایس۔ گلوبل پارٹنرز میں پرنسپل اور مینیجنگ پارٹنر کی حیثیت سے کام کرتے اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ریاستی اسمبلی کے رکن تھے۔مقامی کمیونٹی کے مسائل، شہری رابطوں اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے سیاست میں آگے بڑھے۔ 2022میں پہلی مرتبہ انتخاب میں حصہ لیا اور جارجیا کی ریاستی اسمبلی کے رُکن منتخب ہوئے۔2023سے 2025 تک ڈسٹرکٹ 105کی نمائندگی کی ۔3نومبر 2026کے انتخاب میں اسی ڈسٹرکٹ سے ری پبلکن اُمیدوار کو شکست دے کر دوبارہ اسمبلی میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ فاروق مغل نے 60.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔یہ ہیں، ہمارا، غرور، ہمارا فخر۔ ان کے انتخابی سفر سے ظاہر ہوتا ہے کہ،ان کی جدوجہد نے ایسے رنگ دکھائے کہ، امریکا ہی نہیں دنیا بھی سوچے گی کہ،یہ کس قوم کا سرمایہ ہیں، جو صرف کاروبار، طب اور تعلیم ہی میں نہیں قانون سازی اور سیاسی فیصلہ سازی کے شعبوں میں بھی اپنا کردار بہ خوبی ادا کرنا جانتے ہیں۔انہیں ان کی انتخابی فتوحات تک محدود نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ امریکا میں آباد پاکستانی کمیونٹی کی کئی دہائیوں کی محنت، جدوجہد اور مختلف شعبوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے محنت مزدوری بھی کی اور اعلی تعلیم بھی حاصل کی۔اپنی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ مہارت اور سماجی خدمات کے ذریعے امریکی معاشرے میں اپنی جگہ بنائی۔ وطن سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود ان کی کامیابیاں پاکستان سے وابستہ ہر شخص کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہیں۔جب کسی پاکستانی نژاد شہری کو ایک دوسرے ملک میں عوامی اعتماد حاصل کرتے اور اہم ذمہ داریاں سنبھالتے دیکھتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ انسان اپنی مٹی سے دور ضرور ہوسکتا ہے، لیکن ان کی شناخت اور اس سے وابستہ رشتے کبھی ختم نہیں ہوسکتے۔ یہ کامیابیاں پیغام بھی ہیں کہ، محنت، قابلیت اور مسلسل جدوجہد سے دنیا کے کسی بھی معاشرے میں اپنی پہچان کرائی جا سکتی ہے۔حالات بتا رہے ہیں کہ، امریکا میں تارکین وطن مقامی سطح سے قومی منظر نامے تک اپنی جگہ بنا لیں گے، جس میں انہیں کسی حد تک کام یابی بھی نصیب ہوئی، ابھی تو ریاستی قانون ساز اداروں میں نمائندگی حاصل کی ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔ لیکن جو ہوگا، وہ پاکستان اور دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے لئے اچھا ہی ہوگا۔ انشاء اللہ تعالیٰ

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381