https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

کوئٹہ کے سرد علاقوں میں 3 دسمبر سے امتحانات کا فیصلہ، والدین اور اساتذہ میں تشویش کی لہر

وزیراعلیٰ بلوچستان سے ڈائریکٹوریٹ آف اسکولز میں زمینی حقائق سے آگاہ اور تجربہ کار سربراہ تعینات کرنے کی اپیل

کوئٹہ کے سرد علاقوں میں 3 دسمبر سے امتحانات کا فیصلہ، والدین اور اساتذہ میں تشویش کی لہر

وزیراعلیٰ بلوچستان سے ڈائریکٹوریٹ آف اسکولز میں زمینی حقائق سے آگاہ اور تجربہ کار سربراہ تعینات کرنے کی اپیل

کوئٹہ (خصوصی رپورٹ): بلوچستان کے ونٹر زون، بالخصوص کوئٹہ اور سرد علاقوں میں سالانہ امتحانات 3 دسمبر سے شروع کرنے کے ڈائریکٹوریٹ آف اسکولز بلوچستان کے فیصلے پر والدین، اساتذہ اور تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ امتحانات کی تاریخوں کا تعین کرتے وقت ان علاقوں کے موسمی حالات اور تعلیمی اداروں میں دستیاب سہولیات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت ونٹر زون کے علاقوں میں روایتی طور پر سالانہ امتحانات 15 نومبر کے آس پاس شروع کیے جاتے رہے ہیں۔ اس روایت کی بنیادی وجہ ان علاقوں میں شدید سردی کا آغاز اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے مناسب گرم ماحول اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی ہے۔

صورتحال یہ ہے کہ کوئٹہ شہر کے متعدد سرکاری اسکولوں میں بھی گیس، ہیٹنگ سسٹم اور دیگر بنیادی سہولیات میسر نہیں، جبکہ دور دراز سرد علاقوں کے اسکولوں کی حالت اس سے بھی زیادہ خراب ہے۔ ایسے حالات میں دسمبر کے آغاز پر امتحانات کا انعقاد چھوٹے بچوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔ سردی کی شدت کے باعث طلبہ کے لیے امتحانی پرچوں کو حل کرنا مشکل ہونے کے ساتھ ان کی صحت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف اسکولز کی جانب سے پہلے 27 نومبر سے امتحانات شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، تاہم بعدازاں نظرثانی شدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے امتحانات کی تاریخ 3 دسمبر مقرر کردی گئی۔

دوسری جانب 23 نومبر سے آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات جبکہ دسمبر کے ابتدائی دنوں میں بلوچستان بورڈ کے میٹرک امتحانات بھی شیڈول ہیں۔ ایسے میں اسکولوں کے اپنے سالانہ امتحانات کو مزید آگے لے جانے سے تعلیمی سرگرمیوں، امتحانی نظام، نتائج کی تیاری اور موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ میں پالیسی سازی کے دوران صرف دفتری مشاورت کافی نہیں بلکہ فیصلہ کرنے والوں کو اسکولوں کی حقیقی صورتحال کا بھی علم ہونا چاہیے۔ گرم دفاتر اور گاڑیوں میں سفر کرنے والے افسران کے لیے شاید سردی کی شدت کا اندازہ لگانا آسان نہ ہو، لیکن ان بچوں کی مشکلات کو سمجھنا ضروری ہے جو بغیر گیس اور ہیٹنگ کی سہولت کے سرد کمروں میں بیٹھ کر امتحانات دینے پر مجبور ہوں گے۔

والدین اور اساتذہ کا مؤقف ہے کہ جب کئی دہائیوں سے ونٹر زون میں نومبر کے وسط میں امتحانات لینے کا سلسلہ کامیابی سے جاری تھا تو اس میں تبدیلی کی ضرورت اور اس کے تعلیمی و موسمی اثرات کا جائزہ لینا چاہیے تھا۔

یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ بلوچستان بورڈ کی جانب سے میٹرک امتحانات مارچ کے بجائے دسمبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ ایک مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ طویل موسم سرما کی تعطیلات کے بعد امتحانات لینے سے طلبہ کی تعلیمی تیاری اور یادداشت متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ تاہم اسکولوں کے داخلی سالانہ امتحانات کے لیے بھی الگ سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

والدین، اساتذہ اور تعلیمی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اپیل کی ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف اسکولز بلوچستان میں ایسی تجربہ کار اور باصلاحیت قیادت تعینات کی جائے جو کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام سرد علاقوں کے موسمی حالات، اسکولوں کی سہولیات اور تعلیمی ضروریات سے واقف ہو۔

مطالبہ کیا گیا ہے کہ ونٹر زون کے امتحانات سابقہ شیڈول کے مطابق نومبر کے وسط میں منعقد کرنے کی پالیسی بحال کی جائے، یا پھر اسکولوں کو زمینی حالات کے مطابق اپنے امتحانات کی تاریخیں مقرر کرنے کا اختیار دیا جائے، تاکہ بچوں کی صحت، تعلیمی سرگرمیوں اور موسم سرما کی تعطیلات کو غیر ضروری طور پر متاثر ہونے سے بچایا جاسکے۔

تعلیم کے فیصلے دفتری سہولت کے بجائے طلبہ کی مشکلات اور زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر کیے جانے چاہئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381