کوئٹہ (روزنامہ پبلک )پی ایس پی آفیسر محترمہ شہلہ قریشی نے ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری کا چارج سنبھال کر باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دیں۔چارج سنبھالنے کے بعد بلوچستان کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر بدر لائن میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمانڈنٹ محترمہ شہلہ قریشی نے کی۔ اجلاس میں تمام زونل کمانڈرز، ونگ کمانڈرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمانڈنٹ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ فورس میں نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ہر افسر و اہلکار اپنی حاضری اور ڈیوٹی کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کی فلاح و بہبود (ویلفیئر) کو اولین ترجیح دی جائے گی اور ان کے پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔محترمہ شہلہ قریشی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دورانِ ڈیوٹی عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ذمہ داری سمجھتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری عوام کی خدمت، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔اجلاس کے اختتام پر افسران نے ڈپٹی کمانڈنٹ کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بلوچستان کانسٹیبلری کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

