کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے گوگل ٹیک ویل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عمر فاروق کی ملاقات میں صوبے میں ڈیجیٹل سکلز اور تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں گوگل سرٹیفیکیشن، ڈیجیٹل پاسبان، ڈیجیٹل بلوچستان اور ڈیجیٹل صحافت، گوگل سنٹر آف ایکسیلنس کے پروگرامز پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ صوبائی سطح پر نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرنے کے عملی اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ (BSDI) کے تحت متعدد اضلاع میں آئی ٹی سنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں اور ان مراکز کو فعال انداز میں چلانے کے لیے آئی ٹی آفیسرز اور اساتذہ (آئی ٹی) تعینات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام سکولوں اور کالجز کو فائبر آپٹک نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ طلباء و طالبات گوگل کے ذریعے آن لائن تربیت اور روزگار کے مواقع بآسانی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد عوامی رابطے میں آسانی پیدا کرنا، دفتری تاخیر کم کرنا اور سرکاری نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دینا ہے۔ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی ٹریننگ، اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرام بھی شروع کیے جا رہے ہیں، تاکہ صوبہ ایک جدید، باصلاحیت اور علم پر مبنی معیشت کی طرف بڑھ سکے، حکومتِ بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل ترقی صرف ٹیکنالوجی کا نام نہیں بلکہ بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی سہولت، اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ اس موقع پر عمر فاروق بلوچستان کے نوجوانوں میں ڈیجیٹل صلاحیتیں پیدا کرنے اور انہیں ڈیجیٹل معیشت میں حصہ دار بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہے کہا کہ اسکالرشپس، آن لائن کورسز، اور ہارڈ ویئر کی فراہمی کا مقصد طویل مدتی تکنیکی استعداد پیدا کرنا ہے تاکہ صوبے کی اقتصادی ترقی میں نوجوان بھرپور حصہ ڈال سکیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عالمی معیار کی ڈیجیٹل تعلیم حاصل کر کے روزگار کے قابل بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کورسز مکمل کرنے والے طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ گوگل سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے، جن کے نتیجے میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے

