کوئٹہ (روزنامہ پبلک )ڈپٹی کمشنر بارکھان سعیدالرحمن کاکڑ کا مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ، شامیانی روڈ اور بارشوں سے متاثرہ پل کی فوری تعمیر کی ہدایتڈپٹی کمشنر بارکھان، سعیدالرحمن کاکڑ نے ضلع بھر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں، کام کے معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ملک، بابو جلالان درائی، مزار خان، شامیانی بی ٹی روڈ سمیت مختلف زیرِ تعمیر سڑکوں اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے حالیہ بارشوں کے باعث متاثر ہو کر منہدم ہونے والے پل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام و ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ پل کی ازسرِ نو تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعمیراتی سرگرمیاں مقررہ تکنیکی معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے انجام دی جائیں تاکہ عوام کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود انجینئرز، متعلقہ افسران، عملے اور مزدوروں سے گفتگو کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شامیانی روڈ سے متعلق موصول ہونے والی عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ منصوبے کے تمام مراحل میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور انجینئرنگ کے مقررہ اصولوں کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر سعیدالرحمن کاکڑ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں موجود تمام نقائص اور تکنیکی خامیوں کو بلا تاخیر دور کیا جائے، جبکہ منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت کے اندر ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی وسائل سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا، اور ناقص کارکردگی یا غفلت کی صورت میں متعلقہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو معیاری، محفوظ اور دیرپا بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، اور ہر منصوبے کو شفافیت، معیار اور مقررہ وقت کے مطابق مکمل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت اور مؤثر انداز میں حاصل ہو سکیں

