ڈیلی پبلک ڈیجیٹل
کوئٹہ (خصوصی رپورٹ) روزنامہ ڈیلی پبلک کوئٹہ
ریشنلائزیشن پلان:کیا سیکریٹریٹ نے اساتذہ اور تعلیمی افسران کے اختیارات چھین لیے، تنظیموں کی خاموشی پر سوالات اٹھ گئے
محکمہ تعلیم بلوچستان کے حالیہ ریشنلائزیشن پلان نے صوبے کے تعلیمی نظام میں ایک نیا بحران کھڑا کر دیا ہے۔ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اقدام کے تحت اساتذہ کی تنخواہیں دیگر اسکولوں میں منتقل کر کے بلوچستان کے 1304 ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (DDOs) کی انتظامی اور مالیاتی حیثیت کو عملاً غیر فعال کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے بعد اب ڈی ڈی او کی اجازت یا دستخط کے بغیر بھی کسی بھی ملازم کی تنخواہ کی بندش یا بحالی براہِ راست کی جا سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریشنلائزیشن کی اس نئی پالیسی کے ذریعے ڈی ڈی اوز سمیت صوبے بھر کے تعلیمی ڈھانچے کو بے بس کر کے رکھ دیا گیا ہے۔ اس پالیسی سے یہ تاثر واضح ہو رہا ہے کہ سیکریٹریٹ اگر چاہے تو منتخب اسکولوں کو بہترین اساتذہ فراہم کر کے ان کی کارکردگی بہتر بنا دے اور چاہے تو نااہل عملہ تعینات کر کے ادارے کو زوال پذیر کر دے۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں اساتذہ کی قابلیت اور ضرورت کو مدنظر رکھنے کے بجائے صرف تعداد کی بنیاد پر تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ اسکول کی کارکردگی بہتر بنانے کی تمام تر ذمہ داری انہی بے اختیار ڈی ڈی اوز پر ڈال دی گئی ہے، جن کا اپنے عملے یا طلباء پر کوئی انتظامی کنٹرول باقی نہیں رہا۔
اس انتظامی تبدیلی کی زد میں صرف اسکول سربراہان ہی نہیں آئے بلکہ ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکولز، ڈائریکٹر پلاننگ، ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر BEMIS، 8 ڈویژنل ڈائریکٹرز اور 41 ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (DEOs) کے اختیارات پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں موجود تعلیمی افسران کو اس بات کا باور کرایا گیا ہے کہ حتمی اختیارات صرف ایک ہی دفتر کے پاس ہیں۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں موجود یہ افسران اور اساتذہ اس وقت مکمل طور پر بے بس دکھائی دیتے ہیں۔ اس صورتحال کی بنیادی وجہ اساتذہ کی نمائندہ تنظیموں کا کمزور اور خاموش کردار ہے، جہاں ماضی میں دفاع کرنے والی بااثر تنظیموں کے برعکس موجودہ قیادت کے ذاتی مفادات اور خاموشی کے باعث تعلیمی عملے کے حقوق متاثر ہو رہے
ہیں۔

