رپورٹ: آصفہ حضور بخش — ڈیلی پبلک
ضلع سبی کے دور افتادہ علاقوں بابر کچھ، سنگان، زادو اور بادرا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے مقامی کمانڈنگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر سبی، اسسٹنٹ کمشنر سبی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور مقامی عمائدین کے درمیان ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر علاقے کو درپیش بنیادی مسائل، جن میں صحت، تعلیم، بجلی، صاف پانی کی فراہمی اور سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب شامل تھے، پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ عوامی نشاندہی پر موقع پر ہی صاف پانی کے منصوبوں، سکولوں میں سولر سسٹم لگانے اور دیگر فلاحی اقدامات کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ علاقے کے معتبرین اور مشران نے عوامی مسائل کے حل کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور سول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو ترقی و خوشحالی کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

اسی سلسلے میں ضلع سبی کے علاقے بابر کچھ میں سول انتظامیہ اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے اشتراک سے ایک فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹرز، گائناکالوجسٹ، طبی ٹیسٹ اور مفت ادویات کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں بڑی تعداد میں مقامی افراد، خواتین اور بچوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ مختلف بیماریوں کے ٹیسٹ اور علاج بھی مفت فراہم کیے گئے۔
عوام نے صحت کی سہولیات کی فراہمی پر ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور مقامی انتظامیہ کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس اقدام کو انسان دوستی اور عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا۔


