کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) ایک بچّے کی آنکھوں میں روشن مستقبل کے بے شمار خواب پلتے ہیں۔ کوئی ڈاکٹر، کوئی استاد اور کوئی سائنس دان بن کر مُلک و قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہے
، لیکن ان خوابوں کی تکمیل صرف محنت و صلاحیت کی متقاضی نہیں، اس کا انحصار اُن حالات پر بھی ہے کہ جن میں ایک بچّہ پرورش پاتا ہے۔اگر غُربت اُسے اسکول کی بجائے روزگار کی تلاش میں گھر سے نکلنے پر مجبور کر دے، بُھوک اُس کی توجّہ کتاب سے ہٹا دے، بیماری تعلیم کا سلسلہ منقطع کردے یا گھریلو ذمّے داریاں کھیلنے اور سیکھنے کا وقت چھین لیں، تو اس کا بچپن خاموشی سے خوشیوں سے محروم ہونے لگتا ہے۔ اس کے برعکس، مناسب غذا، معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں، کھیل کےمواقع کے ساتھ محفوظ ماحول میں پروان چڑھنے والا بچّہ اپنی صلاحیتیں بہتر طور پر نکھارسکتا ہے۔کیا پاکستان میں ہر بچّےکو اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے یک ساں مواقع میسّر ہیں؟ یاد رہے، محفوظ، صحت مند بچپن محض ایک خاندان کی خواہش نہیں، یہ ایک مُنصف، باشعور، ترقّی یافتہ معاشرے کی مشترکہ ذمّے داری ہے۔عالمی یومِ اطفال کی اہمیت: اقوامِ متّحدہ نے 1954ء میں ’’عالمی یومِ اطفال‘‘ منانے کی سفارش کی، جس کا مقصد بچّوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفّظ کو فروغ دینا تھا، جب کہ ہر سال 20 نومبر کو منایا جانے والایہ دن تاریخی اہمیت بھی رکھتا ہے کہ اسی تاریخ کو 1959ء میں بچّوں کے حقوق کا اعلامیہ منظور ہوا، نیز 1989ء میں بچّوں کے حقوق کا کنونشن منظور کر کے عالمی برادری نے بچّوں کے تحفّظ کے لیے ایک جامع بین الاقوامی عہد کیا۔اس کنونشن میں زندہ رہنے، بہتر نشوونما، تعلیم، کھیل، امتیازی سلوک،تشدّد سے تحفّظ اور اپنی رائے کےاظہار جیسے حقوق تسلیم کیے گئے۔ اقوامِ متّحدہ اوراس کا ادارہ برائے اطفال ’’یونیسف‘‘ ان حقوق سے متعلق آگہی اور عملی اقدامات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم، اس دن کی اصل اہمیت تقریبات اور تقاریر کی بجائے اس اَمرمیں پوشیدہ ہے کہ بچّوں کے تسلیم شدہ حقوق اُن کی روز مرہ زندگی میں کس حد تک یقینی بنائے گئے ہیں۔زندگی کا حق اور بچّوں کی صحت: بچّوں کی زندگی کا تحفّظ فقط پیدائش تک محدود نہیں،ماں کی دورانِ حمل نگہداشت، محفوظ زچگی، پیدائش کےبعد طبّی سہولتوں، مناسب غذا اور بروقت علاج سے بھی مشروط ہے۔ اقوامِ متّحدہ کے مطابق، 2024ء میں پاکستان میں پانچ سال سے کم عُمر بچّوں کی اموات کی شرح ہر ایک ہزار زندہ پیدائشوں پر تقریباً 56، جب کہ نوزائیدہ بچّوں کی شرحِ اموات تقریباً 36تھی۔ یہ اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ بچّوں کی زندگیوں کے تحفّظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات درکار ہیں۔قبل از وقت پیدائش، پیدائش کے وقت سانس لینے میں مشکلات، نمونیا، اسہال، متعدی بیماریاں اور غذائی قلّت بچّوں کی اموات کے اہم اسباب ہیں، جن میں سے بہت سی پیچیدگیوں کو بروقت تشخیص اور معیاری علاج سے روکا جاسکتا ہے۔ ایک قومی تحقیقی مطالعے میں نوزائیدہ بچّوں کی اموات کی شرح دیہی علاقوں میں فی ہزار زندہ پیدائشوں پر 40.8اور شہری علاقوں میں 37.3ریکارڈ کی گئی۔یہ فرق صحت کی سہولتوں تک رسائی کی اہمیت واضح کرتا ہے۔ دیہی علاقوں میں طویل فاصلے، آمدورفت میں مشکلات، تربیت یافتہ طبّی عملے کی کمی اور ہنگامی زچگی کی محدود سہولتیں بچّوں کی صحت متاثر کرتی ہیں، جب کہ شہری کچی آبادیوں میں غُربت، گنجان آبادی، آلودگی اور بنیادی صحت کی خدمات پردباؤ بیماریوں کے خطرات بڑھاتے ہیں۔حفاظتی ٹیکا جات، پہلے چھےماہ صرف ماں کا دودھ، بروقت تکمیلی غذا، صاف پانی، صفائی اور نمونیا و اسہال کا فوری علاج بچّوں کی اموات کم کرنے کے مؤثر ذرائع ہیں۔ بنیادی مراکزِصحت اور ضلعی اسپتالوں کو ضروری ادویہ، فعال طبّی عملے اور بچّوں کی ہنگامی نگہہ داشت سےآراستہ ہونا چاہیے، نیز پیدائش کا اندراج بھی ضروری ہےتاکہ ہربچّے کی شناخت اوربنیادی حقوق محفوظ رہیں۔غذائی قلّت اور آنے والی نسل کی صلاحیتیں: بچّے کی مناسب نشوونما کے لیے صرف پیٹ بَھرنا کافی نہیں،غذا میں جسمانی اور ذہنی بڑھوتری کےضروری اجزاء کا ہونا بھی اہم ہے۔ قومی غذائیت سروے 2018ء کے مطابق، پانچ سال سے کم عُمر بچّوں میں تقریباً 40فی صد عُمر کے لحاظ سے پست قامت، 17.7فی صد کم وزن اور 7.1فی صد شدید دُبلے پن کا شکار تھے۔ گرچہ یہ اعداد و شمار پُرانے، لیکن مسئلے کی سنگینی سمجھنے کے لیے اہم ہیں۔ سندھ میں تھرپارکر، عُمر کوٹ اور بعض دیگر دیہی اضلاع میں غذائی عدم تحفّظ، پانی کی قلّت اور صحت کی سہولتوں تک محدود رسائی اضافی مشکلات پیدا کرتی ہے۔بلوچستان کے دُور دراز علاقوں، پنجاب کے جنوبی اضلاع اور خیبر پختون خوا کے کوہستانی و ضم شدہ اضلاع میں بھی غُربت اور غذائی تنوّع کی کمی پر توجّہ دینا ضروری ہے۔ ان علاقوں کا درست موجودہ موازنہ تازہ ضلعی اعداد وشمار ہی سے ممکن ہے۔ غذائی قلت کے اثرات بچّے کی پیدائش سے پہلے ہی سامنے آ سکتے ہیں۔ ماں میں خُون کی کمی اور حمل کے دوران ناکافی غذا کم وزن کے حامل بچّے کی پیدائش کے خطرات بڑھاتی ہے۔پیدائش کے پہلے چھے ماہ صرف ماں کا دودھ اور چھے ماہ مکمل ہونے پر اس کے ساتھ مناسب، محفوظ اور متنوّع متوازن غذا بچّے کی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔ دالیں، انڈے، سبزیاں، پَھل اور دُودھ عُمر کے مطابق مفید غذائی اجزاء فراہم کرتے ہیں، جب کہ آئرن اور خُون کی کمی سیکھنے کی صلاحیت متاثر کر سکتی ہے۔ زندگی کے پہلے ہزار دِنوں میں مناسب غذائیت پر سرمایہ کاری دراصل آنےوالی نسل کی جسمانی، ذہنی اور معاشی صلاحیتوں پرسرمایہ کاری ہے۔تعلیم ہر بچّے کا بنیادی حق: تعلیم بچّے کو اپنی صلاحیتیں پہچاننے، بہتر مستقبل بنانے اور معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے۔ ’’یونیسف‘‘ کے دست یاب اعدادو شمار کے مطابق، پاکستان میں 5سے 16برس کی عُمر کے تقریباً 2کروڑ 51لاکھ بچّے اسکولز سے باہر ہیں، جو اس عُمر کے بچّوں کا تقریباً 35فی صد ہیں۔ ان میں پنجاب کے تقریباً 97لاکھ، سندھ کے 74لاکھ، خیبر پختون خوا کے 45لاکھ اور بلوچستان کے 35لاکھ بچّے شامل ہیں۔ اسکول سے باہر بچّوں کا تناسب بلوچستان میں 69فی صد، سندھ میں 44فی صد، خیبر پختون خوا میں 34فی صد اور پنجاب میں 27فی صد بتایا گیا ہے۔غُربت، اسکولز سے طویل فاصلہ، چائلڈ لیبر،گھریلوذمّےداریاں، لڑکیوں کی تعلیم میں سماجی رُکاوٹیں اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولتوں کی کمی اس محرومی کے اہم اسباب ہیں۔ دیہی سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں مڈل اورسیکنڈری اسکولزکی عدم دست یابی خصوصاً لڑکیوں کے لیے تعلیم جاری رکھنا مشکل بنا دیتی ہے۔ شہری کچی آبادیوں میں بھی تعلیمی اخراجات اور غیرمحفوظ ماحول رُکاوٹ بنتےہیں، جب کہ معذور بچّوں کے لیے قابلِ رسائی عمارات اور تربیت یافتہ اساتذہ کی کمی بھی ان کی شمولیت متاثر کرتی ہے۔تعلیمی کام یابی صرف داخلوں کی تعداد نہیں،ضروری یہ ہےکہ بچّے باقاعدگی سےاسکول جائیں اور پڑھنے لکھنے، حساب کتاب کی بنیادی صلاحیتیں حاصل کریں۔ دوسری جانب حکومت کو اسکولز کی نگرانی، اساتذہ کی تربیت اور اسکول سے باہر بچّوں کی واپسی کے پروگرامز مؤثر بنانا ہوں گے۔ واضح رہے، ہر بچّے کو معیاری تعلیم کی فراہمی غُربت میں کمی، معاشی خود مختاری اور قومی ترقّی کی بنیاد ہے۔غُربت، چائلڈ لیبر اورکم عُمری کی شادی: جب گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بچّے کو اسکول چھوڑ کر کسی ورک شاپ، ہوٹل، کھیت، اینٹوں کے بھٹّے یا کسی گھر میں کام کرنا پڑے، تو اس کا بچپن وقت سے پہلے ہی ذمّے داریوں کے بوجھ تلے دَب جاتا ہے۔ بین الاقوامی ادارۂ محنت (ILO) اور’’ یونیسف‘‘ کی جون 2026ء میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں 5سے17سال کی عُمر کے تقریباً 86لاکھ بچّے چائلڈ لیبر کے شکار ہیں، جن میں سے تقریباً 66لاکھ سے خطرناک کام لیے جاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق، بچّوں سے مشقّت کے تقریباً 88فی صد واقعات دیہی علاقوں کے ہیں اور یہ مسئلہ غُربت، بالغ افراد کے لیے مناسب روزگار کی کمی، تعلیمی محرومی اور کم زور سماجی تحفّظ سے جُڑا ہوا ہے۔ علاوہ ازیں، کم عُمری کی شادی بھی بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم، جسمانی نشوونما، ذہنی صحت اور اپنی زندگی کے فیصلے کرنے کی آزادی کو متاثر کرتی ہے۔اس ضمن میں، پاکستان کے 2018ء کے دست یاب تخمینے میں تقریباً 18فی صد لڑکیوں کی شادی اٹھارہ سال سے پہلے ہو چُکی تھی۔ یاد رہے، ان تمام مسائل کا حل صرف پابندیاں لگانا نہیں، خاندانوں کی معاشی مشکلات کم کرنا بھی ہے۔ مستحق خاندانوں کا سماجی تحفّظ، بالغ افراد کے لیے باعزّت روزگار، مُفت معیاری تعلیم، اسکول میں کھانے کی فراہمی اور ضرورت مند بچّوں کے لیے تعلیمی معاونت اُنہیں مشقّت سے نکال کر تعلیم کی طرف واپس لا سکتی ہے۔تشدّد، استحصال اور بچّوں کا تحفّظ: غذا، علاج اور تعلیم کے ساتھ بچّوں کو خوف، تشدّد، تذلیل اور استحصال سے پاک ماحول بھی درکار ہے۔ جسمانی سزا، گھریلو تشدّد، جنسی استحصال، اغوا، غفلت اور آن لائن ہراسانی بچّے کی جسمانی سلامتی، ذہنی صحت اور خوداعتمادی متاثر کرتے ہیں، جب کہ خوف، شرمندگی اور بدنامی کا اندیشہ اکثر بچّوں کو اپنی تکلیف بیان کرنے سے روکتا ہے۔’’ساحل‘‘ کی رپورٹ بعنوان’’ Cruel Numbers 2024‘‘ کے مطابق، 2024ء میں بچّوں پر تشدّد اور اُن کے استحصال کے 3,364 واقعات اخبارات میں رپورٹ ہوئے، جن میں جنسی استحصال کے 1,828، اغوا کے 1,204، بچّوں کے لاپتا ہونے کے 241اور کم عُمری کی شادی کے 45 واقعات شامل تھے، جب کہ رپورٹ ’’Cruel Numbers 2025‘‘ میں مجموعی تعداد بڑھ کر 3,630 ہوگئی، جو تقریباً 7.9فی صد زیادہ ہے۔یکم جنوری سے 30جون تک 1,914واقعات رپورٹ ہوئے،جن میں جنسی استحصال کے 1,015، اغوا کے 558، لاپتا بچّوں کے 101اور کم عُمری کی شادی کے35واقعات شامل تھے۔ بچّوں سے متعلق فحش مواد کے 98اور سڑک کنارے لاوارث پائےجانےوالے شِیرخوار بچّوں کے 49واقعات بھی درج ہوئے۔ رپورٹ شدہ متاثرین میں 58فی صد لڑکیاں اور 42فی صد لڑکے شامل تھے،جب کہ 80فی صد واقعات پنجاب اور 15فی صدسندھ سے رپورٹ ہوئے۔اس قسم کے واقعات کے تدارک کے لیےلازم ہے کہ والدین اور اساتذہ بچّوں کی بات تحمّل سے سُنیں، اُنہیں اعتماد دیں کہ وہ کسی نامناسب رویّے کی اطلاع بِلاخوف دے سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، پولیس اسٹیشنز، اسکولز، اسپتالوں اور فراہمیٔ تحفّظ کے اداروں میں مؤثر رابطہ، فوری کارروائی، طبّی ونفسیاتی مدد اور متاثرہ بچّوں کی رازداری یقینی بنانا بھی ضروری ہے، نیز بچّوں کی شناخت ظاہر کرنے اور انہیں قصوروار ٹھہرانے سے گریز کیا جائے۔ذہنی صحت اور ڈیجیٹل ورلڈ: بچّوں کی نشوونما میں ذہنی سکون، جذباتی توازن، خود اعتمادی اور سماجی تعلقات بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ امتحانات کا دباؤ، والدین کی بلند توقّعات، معاشرتی تقابل، ناکامی کا خوف، نیند کی کمی اور جسمانی سرگرمیوں سے دُوری بچوں میں بےچینی اور اکیلا پن پیدا کر سکتی ہے۔ کام یابی کوصرف امتحانی نمبرز سے ناپنے کی بجائے بچّے کی خوشی، تخلیقی صلاحیت اور شخصیت کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔ڈیجیٹل ورلڈ نے جہاں علم اور رابطے کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں، وہیں آن لائن ہراسانی، نامناسب مواد، آن لائن بلیک میلنگ اور جنسی استحصال کے خطرات میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ’’یونیسف‘‘ کی ستمبر 2026ء میں جاری کردہ تحقیق کے مطابق، پاکستان میں 12 سے17 سال کے انٹرنیٹ صارفین میں تقریباً ہر 16میں سے ایک بچّے کو گزشتہ سال ٹیکنالوجی کے ذریعے جنسی استحصال یا بدسلوکی کی کم ازکم ایک صُورت کا سامنا کرنا پڑا، جس کا تخمینہ تقریباً 15لاکھ بچّوں کے برابر ہے۔والدین کو چاہے کہ وہ بچّوں کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلق قائم کریں، انہیں آن لائن رازداری، محفوظ روابط اور مشکوک سرگرمیوں کی شناخت سکھائیں۔ دوسری جانب موبائل فون کےمتوازن استعمال کے ساتھ کھیل، مطالعے، دوستوں اورخاندان کےلیےوقت نکالنابھی ضروری ہے اور ضرورت پڑنے پر ماہرِ نفسیات سے مدد حاصل کرنے کو معمول کی صحت مند زندگی کا حصّہ سمجھنا چاہیے۔بچّیوں، معذور بچّوں اور محروم طبقات کے حقوق: بچّوں کے حقوق کا تقاضا ہے کہ ہر بچّے کو اُس کی ضروریات کے مطابق سہولتیں فراہم کی جائیں۔ بچّیوں کو محفوظ آمدورفت اور مناسب بیت الخلاء، جب کہ معذور بچّوں کو قابلِ رسائی عمارتوں، معاون تدریسی وسائل اورتربیت یافتہ اساتذہ کی ضرورت ہے۔ اقلیتی برادریوں، غریب خاندانوں، دُور دراز علاقوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ بچّوں کی تعلیم و صحت بھی خصوصی توجّہ چاہتی ہے۔گیلپ پاکستان کے مطابق، جولائی 2026ء میں شائع ہونے والے ایک تجزیےمیں 6سے16سال کی عُمر کے عملی معذوری رکھنے والے بچّوں میں اسکول داخلے کی شرح 89فی صد بتائی گئی لیکن سرکاری اسکولز میں صرف 26.9فی صد کے پاس ریمپ، 51.3فی صد کے پاس قابلِ رسائی بیت الخلاء اور 20.3فی صد میں خصوصی معاونت فراہم کرنے والا تربیت یافتہ عملہ موجود تھا۔ مطلب، اسکول میں داخلہ ہونا اورحقیقی تعلیم پانا دومختلف چیزیں ہیں۔ مساوی مواقع کے لیے اسکولز کو قابلِ رسائی بنانا اور امتیازی سلوک ختم کرنا ضروری ہے۔ریاست، معاشرے کی مشترکہ ذمّےداری: پاکستان کا آئین 5سے 16سال کی عُمر کے بچّوں کے لیے مُفت اور لازمی تعلیم کی ذمّے داری ریاست پرعائد کرتا اور خاندان، ماں اور بچّے کے تحفّظ کی ہدایت دیتا ہے۔ جبری مشقّت اور بچّوں کو مخصوص خطرناک ملازمتیں دینے کی ممانعت بھی آئینی اصولوں کا حصّہ ہے۔ سندھ میں بچّوں کے تحفّظ کا قانون 2011ء، مُفت، لازمی تعلیم کا قانون 2013ء، کم عُمری کی شادی کی روک تھام کا قانون 2013ء اور جسمانی سزا کی ممانعت کا قانون 2016ء اہم قانونی اقدامات ہیں۔تاہم، قوانین اُسی وقت تبدیلی لاتے ہیں، جب ان پر مؤثر عمل درآمد ہو، اداروں کو وسائل ملیں اور خلاف ورزی پر جواب دہی یقینی بنائی جائے۔ ’’یونیسف‘‘ کے تعاون سے 2025ء میں شدید غذائی قلّت کے شکار 3لاکھ 4ہزار بچّوں کا علاج کیا گیا، 4لاکھ 37ہزار بچّوں کو نمونیا، اسہال اور دیگر بیماریوں کے علاج کی سہولتیں فراہم کی گئیں، جب کہ 7لاکھ 29ہزار بچّوں، نوجوانوں اور دیگر مستفید افراد کو جامع اور موسمیاتی خطرات کے مقابلے کے قابل بنانے کی تعلیم و تربیت کے مواقع ملے۔ گرچہ یہ کوششیں اہم ہیں مگر قومی ضروریات کے وسیع حجم کے پیشِ نظر مزید بہتری ناگزیر ہے۔تقریبات سے آگے، عملی تبدیلی کی طرف: بچّوں کے بہتر مستقبل کا وعدہ محض تقاریر، سیمینارز اور آگہی مہمات سے پورا نہیں ہوگا، ہر بچّے کی پیدائش کا اندراج، حفاظتی ٹیکاجات، مناسب غذا، صاف پانی، معیاری تعلیم اور تشدّد و استحصال سے تحفّظ یقینی بنانا ہوگا، نیز بچّوں کو کھیلنے، سیکھنے،رائے دینے اور صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع بھی ملنے چاہئیں۔حکومت کو بہتری اور تحفّظ کے نظام کی فعالیت کے قابلِ پیمائش اہداف مقرر کرنے چاہئیں، جب کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں، مقامی اداروں، والدین، اساتذہ، طبّی کارکنان اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کاوشوں ہی سے یہ اہداف حاصل کیے جاتے ہیں۔یاد رہے، کسی بچّےکی غُربت، بیماری یا ناخواندگی کو اس کی قسمت قرار نہیں دیا جا سکتا۔ بہتر منصوبہ بندی، مؤثر پالیسیوں اور اجتماعی کوششوں سے ان محرومیوں کو کم کیاجاسکتا ہے۔ اگر ہم پاکستان کا مستقبل روشن، خوش حال دیکھنا چاہتے ہیں، تو آج ہر بچّے کے بچپن کو محفوظ بنانا ہوگا کہ بچپن کا تحفّظ محض سماجی فریضہ نہیں، مضبوط قوم کی تعمیر کا بنیادی اصول بھی ہے

