کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) آج سے چند سال قبل تک ’’جُوا خانے‘‘ شہر کے کسی تاریک گوشے میں واقع ہوتے تھے، جہاں جانے کے لیے بھی خاصی ہمّت و جرأت درکار ہوتی تھی
اور اگر کوئی چلا بھی جاتا، تو اُسے ہمہ وقت یہ ڈر لگا رہتا کہ کہیں کوئی دیکھ نہ لے، مگر اب اسمارٹ فونز کی صُورت ’’جُوا خانہ‘‘ ہر کسی کی جیب میں موجود ہے۔موجودہ ڈیجیٹل دَورمیں جُوئے بازی نے اپنی شکل بدل لی ہے اور اب اس کے لیے کسی مخصوص مقام پر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ ایک اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کنیکشن ہی کے ذریعے اس تک آسان رسائی ممکن ہے۔ مختلف ناموں اور دِل کش اشتہارات کے ساتھ سامنے آنے والے جُوئےبازی کے یہ جدید پلیٹ فارمز بظاہر تفریح کا ذریعہ محسوس ہوتے ہیں لیکن درحقیقت یہ فوری پیسا کمانے کا جھانسا دے کر انٹرنیٹ صارفین کو جُوئے کی لَت میں مبتلا کردیتے ہیں۔ان دِنوں دُنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی Online Betting یا جُوئے بازی سے متعلق سرگرمیاں تشویش ناک حد تک بڑھ رہی ہیں۔ کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں سمیت گائوں دیہات میں بھی نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مقابلوں پر شرطیں لگانا محض کھیل بنتا جا رہا ہے۔اگر ایک کالج کا طالبِ علم اپنی تعلیمی ضروریات کے لیے رکھی گئی رقم داؤ پر لگاتا ہے، تو دُکان پر بیٹھا نوجوان بھی آن لائن جُوئے بازی سے فوری منافعے کی امید لگائے بیٹھا ہے، جب کہ محدود آمدنی والا شخص بھی مالی مشکلات سے نکلنے کے لیے اِسے آسان راستہ سمجھ رہا ہے۔ پی ایس ایل اور آئی پی ایل جیسے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس کے دوران کھیلوں سے متعلق جُوئے کی تشہیر اور سرگرمیاں اس بُرائی کو مزید پھیلا رہی ہیں۔آن لائن جُوئے بازی یا بیٹنگ ایپس کا یہ پورا نظام ایک سوچی سمجھی نفسیاتی حکمتِ عملی پرمبنی ہوتا ہے۔ پہلا طریقہ مالی ترغیب ہے، جس میں کئی پلیٹ فارمز نئے صارفین کو رقم جمع کروانے پر بونس کی پیش کش کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر 500 روپے جمع کروانے پر 1,000روپے کا بونس حاصل کرنے کی پیش کش کی جاتی ہے، جو ایک عام نوجوان کو بظاہر منافع بخش محسوس ہوتی ہے اور وہ فوراً اکاؤنٹ بنا لیتا ہے۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر بعض انفلوئنسرز منہگی گاڑیوں اور نقد رقم کی نمائش کرتےہیں۔ وہ آن لائن کمائی کا دعویٰ کر کے لنک دیتے ہیں، جو درحقیقت انہی کمپنیز کے ایجنٹس ہوتے ہیں، جنہیں دوسروں کے مالی نقصان پر کمیشن ملتا ہے۔ آن لائن جُوئے بازی میں سب سے زیادہ تشویش ناک پہلو ابتدائی کام یابی کے بعد مزید رقم لگانے کا رُجحان ہے۔ اگر کسی نوجوان کو ابتدائی بازی ہی میں منافع مل جائے، تو وہ اُسے اپنی کام یابی سمجھتا ہے اور بعد میں مزید نقصان ہونے کی صُورت اپنی ڈوبی ہوئی رقم واپس حاصل کرنے کے لیے مزید شرطیں لگاتا ہے۔نفسیات میں نقصان پورا کرنے کے لیے بار بار شرط لگانے کے اس رُجحان کو ’’نقصان کا تعاقب‘‘ کہاجاتا ہے، جومالی مشکلات میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔ نوجوان یہ سوچ کر مزید رقم لگاتا رہتا ہے کہ اگلی بار کام یابی ضرور ملے گی لیکن مالی نقصان اور مایوسی کے علاوہ اُس کے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔دوسری جانب ان بیٹنگ ایپس نے ادائی کا طریقۂ کار بھی انتہائی آسان بنا دیا ہے۔ یعنی موبائل فون والٹس یا ڈیجیٹل پیمنٹ ایپس اور بعض اوقات کرپٹوکرنسی کےذریعے رقوم کی منتقلی ہوتی ہے، جن کی نگرانی اورنشان دہی مشکل کام ہے۔آن لائن جُوئے کے اثرات صرف رقم کے زیاں تک محدود نہیں رہتے بلکہ قرضوں کا بوجھ اوراہلِ خانہ سےمالی مشکلات چُھپانے کی کوشش نوجوانوں کی ذہنی صحت بھی شدید متاثر کرتی ہے۔ اپنی جمع پونجی لُٹ جانے کی صُورت میں وہ نقصان پورا کرنے کے لیے دوستوں یا لون ایپس سے رقم ادھار لیتے ہیں، جس سے اُن کے مالی دباؤ میں مزید اضافہ ہوتاہےاور وہ بےچینی، اضطراب اور مایوسی جیسے نفسیاتی امراض کا شکار ہوجاتے ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی رپورٹس کے مطابق، آن لائن ایپس کے ذریعے ہر ماہ پاکستان سے اربوں روپے کا غیر قانونی انخلاء ہورہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے پچھلے ایک سال میں 180سے زائد بیٹنگ/ گیمبلنگ ویب سائٹس اور ایپس کو بلاک کیا ہے لیکن یہ نئے ناموں اور نئے ڈومینز کے ساتھ دوبارہ کام شروع کردیتی ہیں اور وی پی این کے ذریعے بہ آسانی فعال رہتی ہیں۔ مذکورہ ڈیجیٹل ایپس کا سب سے بڑا ہدف 17سے 25سال کے نوجوان ہیں اور ماہرینِ نفسیات کے مطابق ایسےکیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،جن میں نوجوان آن لائن جُوئے کے لیے قرض لینے کے بعد شدید ڈیپریشن اور بے چینی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ کئی متاثرہ نوجوانوں نے قرض دینے والی ایپس سے مزید قرض لےکر اپنے نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی اور دُہرے جال میں پھنس گئے۔ علاوہ ازیں، کراچی میں مالی مشکلات کے باعث خودکُشی کے واقعات کی تفتیش سے پتا چلتا ہےکہ انتہائی قدم اُٹھانے والوں کی بڑی تعداد آن لائن بیٹنگ ایپس کے قرض میں جکڑی ہوئی تھی۔واضح رہے، پاکستان میں جُوئے بازی ایک غیر قانونی فعل ہے اور پاکستان پِینل کوڈ کی دفعہA- 29کےتحت جُوا کھیلنا اور کِھلانا دونوں ہی قابلِ تعزیرجُرم ہیں۔ آن لائن جُوئے بازی کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے کا سائبر کرائم وِنگ کارروائیاں بھی کر رہا ہے اور اب تک کئی شہروں سے ان ایپس کے ایجنٹس کو گرفتار بھی کیاجاچُکا ہے۔ دوسری جانب شرعی اعتبار سے بھی جُوا کھیلنا حرام ہے اور قرآنِ پاک میں جُوئے کو ’’میسر‘‘ قرار دیا گیا ہے۔سورۃ المائدہ کی آیت نمبر 90میں جُوئے سے اجتناب کی ہدایت دی گئی ہےاور اسے’’ شیطانی عمل‘‘ قرار دیا گیا ہے، نیز تمام مکاتبِ فکر کے علماء اس بات پر متّفق ہیں کہ بیٹنگ، خواہ کرکٹ پر ہو یا کسی اور کھیل پر، سراسر جُوا اور حرام ہے۔ اس سے حاصل ہونے والا پیسا ناپاک ہے اور مفتیٔ اعظم پاکستان سمیت تمام بڑے علماء اسے ناجائز قرار دے چُکے ہیں۔آن لائن جُوئے کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لیے انفرادی، خاندانی، سماجی اور حکومتی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں۔ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کو آن لائن بیٹنگ کے خطرات سے آگاہ کریں۔ اس ضمن میں تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل لٹریسی اور مالی تعلیم کو فروغ دیا جائے۔ طلبہ کو آن لائن فراڈ اور مالی خطرات سے متعلق آگہی فراہم کی جائے۔متعلقہ ادارے بیٹنگ پلیٹ فارمزکی نشان دہی، ان کے مالی نیٹ ورکس کی تحقیقات اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنائیں، خصوصاً ایسے اشتہارات اور انفلوئنسرز کی نگرانی ضروری ہے کہ جو گُم راہ کُن دعووں کے ذریعے صارفین کو بیٹنگ کی طرف راغب کرتے ہیں۔ دوسری جانب بینکس اور ڈیجیٹل ادائی کی سہولت فراہم کرنے والے اداروں کو متعلقہ قوانین کے مطابق مشکوک لین دین کی نگرانی اور صارفین کی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔واضح رہے، اس ناسور کا سدِباب صرف آگہی سے ممکن نہیں بلکہ ضرورت اس اَمر کی ہے کہ شہری ایسی تمام غیرقانونی بیٹنگ ایپلی کیشنز سے متعلق ایف آئی اے کے سائبر کرائم وِنگ کی ہیلپ لائن 9911 اور پی ٹی اے کے آن لائن کمپلینٹ پورٹل پر فوری رپورٹ کریں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے خلاف بروقت کارروائی کر سکیں۔ اِسی طرح اگر کوئی فرد آن لائن بیٹنگ کی وجہ سے مالی مشکلات میں پھنس جائے، تواسے شرمندہ کرنے کی بجائے مدد فراہم کی جائے۔ اس ضمن میں اہلِ خانہ کاتعاون مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔یاد رہے، آن لائن بیٹنگ محض موبائل فون پر کھیلا جانے والا ایک کھیل نہیں، ایک ایسا ناسور ہے، جو نہ صرف متاثرہ فرد بلکہ اس کے پورے خاندان کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ فوری منافعے کا وعدہ حقیقی موقع نہیں ہوتا اور ایک بازی کی جیت مستقل کام یابی کی ضمانت نہیں بنتی۔ نوجوانوں کو اس حقیقت سے آگاہ کرنا اُنہیں آن لائن جُوئے کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے

