https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

پٹ فیڈر کینال میں پانی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں

(سپرنٹنڈنٹگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ)

کوئٹہ (روزنامہ پبلک )سپرنٹنڈنٹگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے کہا ہے کہ سندھ سے بلوچستان کے جائز حصے کے پانی کے حصول کے لیے صوبائی سطح پر اعلیٰ حکام مسلسل رابطے میں ہیں اور پٹ فیڈر کینال میں پانی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈو بیراج پر موجود سب ڈویژنل آفیسر حاجی ممتاز علی سومرو پانی کی فراہمی اور ترسیل کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی ہدایات کی روشنی میں دستیاب پانی تمام ذیلی شاخوں میں منصفانہ اور مرحلہ وار تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ کمانڈ ایریا کے تمام کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حاجی ممتاز علی سومرو پٹ فیڈر کینال کے آر ڈی 109 پر موجود رہ کر زرعی پانی کے حصول اور ترسیل کے تمام امور کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ پٹ فیڈر کینال کے لیے محکمہ کی مجموعی ڈیمانڈ 6500 کیوسک پانی ہے تاہم تاحال صرف 4700 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس کے باعث زرعی شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے اور کاشتکار متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایریگیشن کو کاشتکاروں کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور اس حوالے سے تمام صورتحال سے حکام بالا کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔مدثر ظفر کھوسہ نے کہا کہ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمان بلوچ کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں پٹ فیڈر کینال میں پانی کی فراہمی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایریگیشن نے ہمیشہ سندھ حکام کے سامنے بلوچستان کے جائز حصے کے پانی کا بھرپور مقدمہ پیش کیا ہے اور پانی کی عدم فراہمی یا کمی کے معاملے پر ہر سطح پر احتجاج اور مؤثر رابطے کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اولین ترجیح بلوچستان کے کاشتکاروں کو ان کا حق دلانا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اگر پٹ فیڈر کینال کو 6500 کیوسک پانی فراہم کیا جائے تو موجودہ شارٹ فال کا کافی حد تک خاتمہ ہو سکتا ہے اور زرعی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گڈو بیراج میں پانی کی وافر مقدار موجود ہونے کے باوجود بلوچستان کو اس کے جائز حصے کے مطابق پانی فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے نہ صرف پانی کی ترسیل متاثر ہوئی بلکہ کاشتکاروں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا۔سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویڑن مدثر ظفر کھوسہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ ایریگیشن کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد کے تحفظ اور زرعی ضروریات کی تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ کمانڈ ایریا کے تمام کاشتکاروں کو یکساں طور پر فائدہ پہنچ سکے اور ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381