بلوچستان میں اخبارات کی ترسیل محدود کرنے کی حکومتی پالیسی پر اے پی این ایس کا ردعمل
کوئٹہ (ڈیلی پبلک کوئٹہ)
آل پاکستان نیوزپیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں اخبارات کی ترسیل بند نہیں کی جا رہی بلکہ حکومت کی پالیسی کے تحت محدود کی جا رہی ہے تاکہ ڈیجیٹل میڈیا کو فروغ دیا جا سکے۔
اے پی این ایس نے وضاحت کی کہ وزیراعلیٰ کے بیان میں اخبارات کی اہمیت یاکم پڑھنے کا تاثر درست نہیں۔ تنظیم کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے، لیکن بلوچستان جیسے صوبے میں جہاں انٹرنیٹ سہولت محدود ہے، اخبارات کی اہمیت کو نظرانداز کرنا صحافت اور عوامی معلومات کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دنیا بھر میں مستند خبریں اخبارات کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، اس لیے بلوچستان میں بھی اخبارات کو نظرانداز کرنے کے بجائے ان کی مالی امداد اور اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔
اے پی این ایس نے زور دیا کہ حکومت ڈیجیٹل میڈیا پالیسی بناتے وقت اخباری صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لے تاکہ پالیسی متوازن، عملی اور صحافت کے فروغ کے لیے مؤثر ثابت ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ ہزاروں ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

