کوٸٹہ( روز نامہ پبلک ):پی ٹی آئی قیادت نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا
تاہم اچکزئی نے اسے ملتوی کرنے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ موقف پر قائم ہیں مارچ ملتوی نہیں ہوگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا اور پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی تجویز سے انہیں آگاہ کیا جس میں مارچ ملتوی کرنے کا کہا گیا ہے۔اس حوالے سے چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں بیرسٹر گوہرنے محمود خان اچکزئی کو لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی قیادت چاہتی ہے لانگ مارچ ملتوی ہو جس کا اعلان اپوزیشن لیڈر کریں۔ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کرنے سے انکار کردیا وہ 27 ستمبر کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، اچکزئی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا مارچ مؤخر نہیں ہوگا، 27 ستمبر کو کے پی سمیت دیگر صوبوں میں تحریک شروع ہوگی اور تحریک آہستہ آہستہ اسلام آباد کی جانب بڑھے گی۔ذرائع کے مطابق لانگ مارچ مؤخر کرنے پر پی ٹی آئی قیادت اور محمود اچکزئی میں اختلاف برقرار ہے اور انہیں منانے کی کوششیں جاری ہیں جب کہ لانگ مارچ کی نئی تاریخ پر پی ٹی آئی کی اپوزیشن لیڈران سے مشاورت تاحال جاری ہے

