https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

نصیرآباد سمیت بلوچستان کے گرم علاقوں میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 20 اگست تک توسیع کا مطالبہ

نصیرآباد سمیت بلوچستان کے گرم علاقوں میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 20 اگست تک توسیع کا مطالبہ شدید گرمی، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور اسکولوں میں سہولیات کے فقدان کے باعث پنجاب طرز پر فیصلہ کیا جائے

روزنامہ ڈیلی پبلک کوئٹہ
نصیرآباد سمیت بلوچستان کے گرم علاقوں میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 20 اگست تک توسیع کا مطالبہ
شدید گرمی، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور اسکولوں میں سہولیات کے فقدان کے باعث پنجاب طرز پر فیصلہ کیا جائے: والدین و شہری حلقے
ڈیرہ مراد جمالی (عبدالرزاق بنگلزئی سے):
ڈیرہ مراد جمالی، نصیرآباد سمیت بلوچستان کے مختلف گرم علاقوں میں سمر تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے یکم اگست کے بجائے 20 اگست کے بعد کھولنے کا پرزور مطالبہ سامنے آیا ہے۔ شدید گرمی، حبس، مون سون کی بارشوں اور گھنٹوں طویل بجلی کی لوڈشیڈنگ نے معصوم بچوں اور طلبہ کی صحت و حفاظتی مسائل میں انتہائی اضافہ کر دیا ہے، جس پر والدین اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں اور والدین نے صورتحال کی سنجیدگی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت نصیرآباد ڈویژن سمیت بلوچستان کے تمام میدانی و گرم علاقوں میں درجہ حرارت کی شدت انتہائی تیز ہے جبکہ دوسری جانب تعلیمی اداروں میں پینے کے صاف پانی، پنکھوں اور متبادل بجلی کی بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کے باعث شدید حبس اور گرمی کے موسم میں بچوں کا کلاس رومز میں بیٹھنا ممکن نہیں رہے گا، جس سے طلبہ کے گرمی کی شدت سے بے ہوش ہونے اور بیمار پڑنے کے شدید خدشات لاحق ہیں۔
والدین اور شہریوں نے حکومتِ پنجاب کے فیصلے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح پنجاب میں شدید گرمی اور موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کی گئی ہے، اسی طرز پر حکومتِ بلوچستان بھی فوری اقدام کرے۔
والدین اور شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزیرِ تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ڈیرہ مراد جمالی، نصیرآباد اور دیگر گرم علاقوں کی زمینی حقائق کا فوری نوٹس لیں۔ بچوں کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہر چیز سے مقدم ہے، اس لیے گرمائی تعطیلات میں 20 اگست تک توسیع کا فوری اعلامیہ جاری کیا جائے تاکہ بچوں کی صحت کو درپیش خطرات کا سدِباب ہو سکے۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381