- بلوچستان میں سیاسی توازن کی نئی بحث’وزیراعلیٰ کی تبدیلی رک گئی، ردوبدل کی بازگشت
تحریر محمد شاہ دوتانی (کوئٹہ)
بلوچستان کی سیاست ایک بار پھر اہم موڑ پر کھڑی ہے، جہاں اقتدار کے فارمولوں اور سیاسی فیصلوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ “ڈھائی ڈھائی سال حکومت” کے فارمولے کے خاتمے کے بعد اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کا عمل رک گیا ہے، جس نے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے٫ مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان اسمبلی میں ارکان نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات میں اپنے تحفظات کھل کر پیش کیے۔ اس اہم ملاقات میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی موجودگی اس بات کی غماز ہے کہ معاملات انتہائی سنجیدگی سے زیرغور ہیں۔ارکان اسمبلی نے دو ٹوک موقف اختیار کیا کہ اگر وزیراعلیٰ کو تبدیل نہیں کیا جا رہا تو پھر صوبائی کابینہ میں فوری ردوبدل کیا جائے۔ ان کے مطابق موجودہ کابینہ عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر رہی اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نئے چہروں اور فعال قیادت کی ضرورت ہے٫بلوچستان جیسے پسماندہ اور حساس صوبے میں سیاسی استحکام نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ کی تبدیلی رک جانے کے بعد اب تمام نظریں کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں پر مرکوز ہیں۔ یہ فیصلہ نہ صرف حکومتی کارکردگی بلکہ اتحادی سیاست کے مستقبل کا بھی تعین کرے گا۔ یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ بلوچستان کی سیاست ہمیشہ مفاہمت اور طاقت کے توازن کے اصولوں پر چلتی آئی ہے۔ ایسے میں کسی ایک فیصلے کا اثر پورے سیاسی ڈھانچے پر پڑتا ہے۔ اگر کابینہ میں ردوبدل صرف سیاسی دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا تو اس کے نتائج دیرپا نہیں ہوں گے،لیکن اگر یہ فیصلہ کارکردگی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا گیا تو مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ آج بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات، روزگار اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہیں سیاسی کشمکش نہیں بلکہ عملی اقدامات درکار ہیں۔ حکومت کے لیے یہ ایک امتحان ہے کہ وہ اس صورتحال کو کس طرح سنبھالتی ہے٫ کیا وہ محض سیاسی توازن قائم رکھنے تک محدود رہتی ہے یا واقعی عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتی ہے۔ آخرکار وزیراعلیٰ کی تبدیلی رک جانے کے بعد حکومت کے پاس ایک ہی راستہ بچتا ہے: اپنی کارکردگی سے خود کو ثابت کرنا۔ اگر کابینہ میں مؤثر اور باصلاحیت افراد کو شامل کیا گیا تو یہ فیصلہ حکومت کے حق میں جا سکتا ہے، بصورت دیگر سیاسی بے چینی مزید بڑھ سکتی ہے٫ بلوچستان اس وقت استحکام، سنجیدہ قیادت اور واضح حکمت عملی کا متقاضی ہے—اور یہی وہ لمحہ ہے جہاں فیصلے تاریخ کا رخ متعین کرتے ہیں۔

