https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

فارم 47 کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت مختلف کمپنیوں کو معدنی وسائل کے بڑے ٹھیکے دے رہی ہے۔خوشحال خان کاکڑ

ہم آج بھی بلوچ عوام کے جائز قومی و جمہوری حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔ خوشحال خان کاکڑ

برشور (پ ر): برشور بازار میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025، غیر قانونی و غیر آئینی الاٹمنٹس، قومی وسائل کی لوٹ مار، عوامی حقوق پر حملوں اور پشتون عوام کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کے خلاف ایک عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام منعقد ہوا۔ جلسے کی صدارت پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کی، جبکہ مرکزی و صوبائی رہنماؤں، کارکنوں، نوجوانوں، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلسے سے پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین و سابق سینیٹر رضا محمد رضا، مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، مرکزی سیکریٹری مالیات یوسف خان کاکڑ، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، حاجی اعظم خان مسی زی، محمود ریاض اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض امیر افغان اور نصیب اللہ کلیوال نے انجام دیے، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت محمد نور نے حاصل کی۔ معروف شاعر وہاب غزنوی نے اپنے انقلابی اشعار پیش کئے
جلسے میں پارٹی کے سینیر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈوکیٹ ،مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان ،سندہ پارٹی کے صدر سید صدیق آغا پارٹی صوبای سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی اور صوبای ایگزیگٹوز کے اراکین بھی موجود تھے ، جلسے سے قبل پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ اور دیگر قائدین جب پشین سے برشور روانہ ہوئے تو مختلف مقامات پر پارٹی کارکنوں، نوجوانوں اور عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سینکڑوں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر مشتمل جلوس انہیں جلسہ گاہ تک لے کر آیا، جہاں ہزاروں افراد پہلے ہی جمع تھے۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ برشور کا یہ تاریخی اجتماع غیر قانونی الاٹمنٹس، ریاستی جبر، غربت، وسائل کی لوٹ مار، انسانی حقوق کی پامالی، دہشت گردی، پشتون عوام کے قتلِ عام اور قومی حقوق پر جاری حملوں کے خلاف ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجتماع سے ایک نئی عوامی اور قومی تحریک کا آغاز ہو رہا ہے اور اس سلسلے پشتونخوا وطن کو درپیش سنگین مسائل اور قومی بقا کو درپیش لاحق خطرات کا سدباب کرنے کے لئے تنام قومی جہموری پارٹیوں اور نمائندہ قومی شخصیات کے بائمہ مشاورت کرنے کے بعد قومی جرگوں کے ذریعے حتمی فیصلے کرینگے اور تمام جو پشتون عوام کے وسائل، اختیار، قومی حقوق اور سیاسی خودمختاری کے حصول کے لیے جدوجہد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ریئر ارتھ منرلز (Rare Earth Minerals) یعنی نایاب اور قیمتی معدنیات کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ امریکہ اور چین کے درمیان جاری معاشی و تزویراتی کشمکش بھی بڑی حد تک انہی وسائل کے گرد گھومتی ہے۔ اگرچہ یہ معدنیات مقدار میں کم ہوتی ہیں، تاہم جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، دفاعی نظام، میزائل ٹیکنالوجی، برقی گاڑیوں، توانائی کے منصوبوں اور جدید صنعتی پیداوار میں ان کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ دنیا میں ان معدنیات کی ریفائننگ اور سپلائی کا سب سے بڑا مرکز چین ہے، جبکہ جدید صنعتی و دفاعی ڈھانچہ ان وسائل کے بغیر نامکمل تصور کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، برشور، دکی، چمالنگ، ہرنائی، سوات اور پورے پشتونخوا وطن میں ان معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ مقامی آبادی کی رضامندی کے بغیر مختلف کمپنیوں کو بڑے پیمانے پر زمینیں اور معدنی علاقے الاٹ کیے جا رہے ہیں۔ توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، برشور، دکی، چمالنگ، ہرنائی اور دیگر علاقوں میں ہزاروں ایکڑ اراضی مخصوص افراد اور کمپنیوں کے حوالے کی جا رہی ہے، جبکہ خانوزئی میں مقامی آبادی کو اپنی زمینوں تک رسائی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم باغ کے کرومائٹ ذخائر، ژوب کے معدنی علاقے، بوری لورالائی یونیورسٹی کے قریب لاکھوں ایکڑ اراضی اور زیارت کے نایاب و قیمتی صنوبر کے جنگلات بھی مختلف منصوبوں کے نام پر الاٹ کیے جا چکے ہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر قسم کی غیر قانونی، غیر آئینی اور عوام دشمن الاٹمنٹ کی سخت مخالفت کرتی ہے اور کسی کو بھی عوامی وسائل اور زمینوں پر قبضے کا حق حاصل نہیں۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت مختلف کمپنیوں کو معدنی وسائل کے بڑے ٹھیکے دے رہی ہ، حالانکہ اسے حقیقی عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور بالخصوص ملی شہید عثمان خان کاکڑ نے ہمیشہ بلوچ عوام اور ان کے وسائل کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے اور آج بھی بلوچ عوام کے جائز قومی و جمہوری حقوق کی حمایت کرتی ہے۔ اسی طرح ہم اپنے بلوچ بھائیوں سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ پشتون عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بلوچ علاقوں اور جنوبی پشتونخوا کے سبی، ہرنائی، شاہرگ، مانگی زیارت اور رکھنی سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے المناک واقعات نے پشتون ملت کو شدید غم و غصے سے دوچار کیا ہے۔ دہشت گردی، بدامنی، جبری گمشدگیوں اور عوامی وسائل پر قبضے کی پالیسیوں نے خطے کے عوام کو عدم تحفظ اور بے یقینی کی کیفیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں جنوبی بلوچستان کے نام پر 800 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا گیا، لیکن جنوبی پشتونخوا کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔ اسی طرح “رائزنگ بلوچستان” منصوبے کے لیے مختص 17 ارب روپے میں بھی بیشتر پشتون علاقوں کو شامل نہیں کیا گیا، حتیٰ کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو بھی نظرانداز کر دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت کسی علاقے کی ترقی کی مخالف نہیں بلکہ وسائل اور ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ تقسیم کی حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام کا عمل بھی غیر متوازن انداز میں جاری ہے، جس کے نتیجے میں ترقیاتی منصوبوں، بجٹ اور انتظامی اختیارات میں پشتون علاقوں کا حصہ مسلسل کم ہوتا جا رہا ہے۔ صوبائی کابینہ اور وفاقی حکومت میں بھی پشتون عوام کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون علاقوں میں پٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں غیر معمولی حد تک زیادہ ہیں، جبکہ مختلف چیک پوسٹوں، پابندیوں اور تجارتی رکاوٹوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ چمن، بادینی اور دیگر تجارتی راستوں کی بندش کے باعث ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے۔ عرب امارات سمیت مختلف ممالک میں پشتون محنت کشوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اندرونِ ملک بھی انہیں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں سے دور رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کوئٹہ۔کراچی شاہراہ، سوراب،منگوچر اور دیگر علاقوں میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یارو کے قریب ایک ہی خاندان کے سات افراد کی المناک شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر، سنجیدہ اور نتیجہ خیز اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کو کسی صورت تسلیم نہیں کرے گی، کیونکہ یہ قانون مقامی آبادی کو ان کے قدرتی وسائل سے محروم کرنے اور قومی دولت پر بیرونی و غیر مقامی قبضے کی راہ ہموار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے اور کسی بھی ایسے قانون، معاہدے یا الاٹمنٹ کو قبول نہیں کیا جائے گا جو مقامی آبادی کی مرضی، مفاد اور نمائندگی کے بغیر نافذ کیا جائے۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ معاشی بدحالی، بے روزگاری، مہنگائی، وسائل پر قبضے اور سیاسی محرومیوں نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ عوام اپنے قومی حقوق، وسائل اور اختیارات کے تحفظ کے لیے متحد ہوں اور اجتماعی جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر بنائیں۔مقررین نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پچاس برسوں کے دوران مختلف جنگوں، بیرونی مداخلت نے افغانستان کے بنیادی ڈھانچے، صنعتی و عسکری اثاثوں اور قومی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی حقوق کے مکمل احترام، بالخصوص خواتین کی تعلیم پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ افغانستان میں تمام اقوام اور طبقات کی نمائندگی پر مشتمل قومی حکومت قائم کی جائے، لویہ جرگہ طلب کرکے نیا آئین مرتب کیا جائے اور شفاف انتخابات کے ذریعے اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381