کوئٹہ (روزنامہ پبلک )ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیرِ صدارت 18 مئی سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈپٹی ڈی ایچ او، آغا خان ٹیم کے اراکین، ڈی ای او سی اور ای او سی ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر باقاعدہ مہم کا افتتاح کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کوئٹہ میں جاری مہم کے دوران 4 لاکھ 27 ہزار 612 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے 1420 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ رہ جانے والے بچوں کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کیلئے خصوصی حکمتِ عملی مرتب کی گئی ہے، جبکہ اسکولوں میں فکسڈ سائٹس قائم کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک رسائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کیلئے سخت مانیٹرنگ پلان ترتیب دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں گے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ علماء کرام، عمائدین، قبائلی مشران اور دیگر بااثر افراد سے رابطے بڑھا کر والدین میں آگاہی پیدا کی جائے تاکہ ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود پولیو ٹیموں کو ہر ممکن فوری معاونت فراہم کریں گی تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

