کوئٹہ (روزنامہ پبلک )صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ نے اپنے دستِ مبارک سے قائداعظم نرسنگ کالج اور ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس شاندار افتتاحی تقریب میں علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی، حاجی غوث پانیزئی، انجینئر عبدالسلام، ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالستار کاکڑ، ڈپٹی چیئرمین حبیب اللہ پانیزئی حاجی راز محمد دومڑ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران انجینئر عبدالسلام نے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دومڑ کو ماسٹر پلان کے تحت منصوبے کے مختلف پہلوؤں، ترقیاتی کاموں اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ علاقے میں تعلیمی و طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دومڑ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ایسے منصوبے علاقے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی قائداعظم نرسنگ کالج کا قیام ضلع زیارت اور گردونواح کے علاقوں کے لیے ایک اہم تعلیمی اور طبی سہولت ثابت ہوگا۔ اس ادارے کے ذریعے مقامی طلبہ و طالبات، خصوصاً خواتین کو اپنے علاقے میں معیاری نرسنگ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے انہیں روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔ نرسنگ کالج سے تربیت یافتہ نرسنگ اسٹاف مقامی ہسپتالوں اور طبی مراکز میں اپنی خدمات انجام دے سکے گا، جس کے نتیجے میں صحت کی سہولیات کے معیار میں بہتری آئے گی۔ ہاسٹل کی سہولت دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ کے لیے آسانی پیدا کرے گی، جبکہ یہ ادارہ مستقبل میں ضلع زیارت کو صحت اور طبی تعلیم کے ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ اور دیگر مہمانانِ گرامی کے اعزاز میں چائے پارٹی کا بھی اہتمام کیا

