بلوچستان اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کا بجٹ جس خاموشی سے منظور ہوا، وہ خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے نہ کوئی سنجیدہ بحث دیکھنے میں آئی اور نہ ہی کسی قسم کی کٹوتی کی تحریک پیش کی گئی۔ ایک جمہوری نظام میں جہاں بجٹ جیسے اہم معاملے پر گرما گرم بحث ہونی چاہیے، وہاں یہ غیر معمولی خاموشی کئی شکوک کو جنم دیتی ہے۔ایک ہزار 89 ارب روپے کے اس بجٹ میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کی بڑی بڑی مدیں شامل ہیں۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ بظاہر اعداد و شمار متاثر کن ہیں٫ تعلیم کے لیے 144 ارب اور صحت کے لیے 96 ارب روپے۔ فی کس بنیاد پر دیکھا جائے تو بلوچستان دیگر صوبوں سے آگے نظر آتا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا محض اعداد و شمار عوام کی زندگی بدل سکتے ہیں؟حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں آج بھی سینکڑوں اسکول اساتذہ سے محروم ہیں۔ کئی اسکول عمارتوں کے بغیر چل رہے ہیں یا مکمل طور پر بند ہیں۔ صحت کے شعبے کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹرز کی کمی، ادویات کی عدم دستیابی اور سہولیات کا فقدان ایک تلخ حقیقت ہے۔ دیہی علاقوں میں خواتین اور بچوں کے لیے طبی سہولیات ناکافی ہیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔حکومت کی جانب سے فی کس اخراجات کو بطور کامیابی پیش کیا جا رہا ہے، مگر ماہرین اس دلیل کو سطحی قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اصل مسئلہ وسائل کی تقسیم، ان کے مؤثر استعمال اور نگرانی کے نظام میں موجود خامیوں کا ہے۔ اگر نظام ہی کمزور ہو تو اربوں روپے کے بجٹ بھی محض کاغذی اعداد و شمار بن کر رہ جاتے ہیں۔سب سے اہم سوال شفافیت اور احتساب کا ہے۔ ماضی میں بھی بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کے غلط استعمال، تاخیر اور بدانتظامی کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ اگر اس بار بھی وہی پرانی روش برقرار رہی تو یہ بجٹ بھی عوامی فلاح کے بجائے سرکاری فائلوں کی زینت بن کر رہ جائے گا۔اپوزیشن کی خاموشی بھی ایک الگ بحث کا تقاضا کرتی ہے۔ کیا یہ سیاسی مصلحت ہے، کمزوری ہے یا کسی غیر اعلانیہ مفاہمت کا نتیجہ؟ جو بھی ہو، اس کا نقصان براہِ راست عوام کو ہی اٹھانا پڑے گا۔حکومت نعروں اور دعووں سے آگے بڑھے اور عملی اقدامات پر توجہ دے۔ تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں میں بہتری صرف فنڈز بڑھانے سے نہیں آئے گی بلکہ اس کے لیے مؤثر منصوبہ بندی، دیانتدارانہ عملدرآمد اور سخت احتساب ضروری ہے۔

