**کوہٹہ ڈیلی پبلک کوئیٹہ : سبحان ہاؤسنگ سوسائٹی کے مین گیٹ پر درختوں کی غیر قانونی کٹائی، رہائشیوں کا ڈی ایف او سے کارروائی کا مطالبہ
**کوہٹہ (نامہ نگار):** سبحان ہاؤسنگ سوسائٹی کے مین گیٹ پر موجود قیمتی درختوں کو مبینہ طور پر سوسائٹی کے مالک کی جانب سے بغیر کسی قانونی اجازت کے کاٹ دیا گیا ہے، جس پر سوسائٹی کے رہائشیوں نے شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ رہائشیوں نے ڈویژنل فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) اور محکمہ جنگلات کے متعلقہ حکام کو ایک باقاعدہ درخواست ارسال کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درختوں کی کٹائی سے قبل محکمہ جنگلات سے کوئی باضابطہ اجازت حاصل نہیں کی گئی اور نہ ہی رہائشیوں کو اعتماد میں لیا گیا۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس طرح قیمتی اور ہرے بھرے درختوں کی کٹائی نہ صرف ماحولیات کو شدید نقصان پہنچانے کا باعث بنی ہے بلکہ یہ واضح طور پر متعلقہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے ڈی ایف او سے مؤدبانہ اپیل کی ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کروا کر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کے غیر قانونی اقدامات کی جرات نہ کر سکے اور ماحول کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

