*”بلوچستان میں امن، ترقی اور میرٹ پر روزگار حکومت کی اولین ترجیح ہے، سردار کوہیار خان ڈومکی”*

2026
صوبائی وزیر صنعت و حرفت سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت صوبے میں پائیدار امن کے قیام، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ڈیرہ مراد جمالی کے صدر عبدالرزاق بنگلزئی سابق صدر ولی محمد زہری پروفیسر جوھر بنگلزئی وحید رزاق بنگلزئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار کوہیار خان ڈومکی کے میڈیا کوآرڈینیٹر عمران مگسی سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے، جبکہ بے روزگاری کا خاتمہ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور حکومت کی تبدیلی سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بلوچستان حکومت کی کارکردگی پر مطمئن ہے، جبکہ سیاسی بیانات سے نہ حکومتیں تبدیل ہوتی ہیں اور نہ ہی وزارتیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی اکثر بذریعہ سڑک سفر کرتے ہیں، جبکہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی ملتان سے کوئٹہ تک سڑک کے ذریعے سفر کیا، جو امن و امان کی بہتر صورتحال کا ثبوت ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو مختلف محکموں میں میرٹ کی بنیاد پر روزگار فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو جدید ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا حکومت کا بنیادی ہدف ہے، اور ان شاء اللہ جلد صوبے سے غربت، بے روزگاری اور پسماندگی کا خاتمہ کرکے بلوچستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔

