*صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام
رسول عمرانی سے مختلف وفود کی ملاقاتیں*
ڈیلی پبلک کوئٹہ
*ڈیرہ مراد جمالی۔عبدالرزاق بنگلزئی*
صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت عمرانی قبیلے کے سربراہ بیرسٹر چیف سردار بابا غلام رسول عمرانی سے ان کے سرکاری دفتر میں بلوچستان کے مختلف اضلاع اور دور دراز علاقوں سمیت حلقہ انتخاب تمبو، نصیرآباد سے آئے ہوئے مختلف وفود نے ملاقات کی۔ وفود نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں، روزگار، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر، بجلی، زرعی مسائل اور دیگر عوامی مشکلات سے صوبائی مشیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر سردار بابا غلام رسول عمرانی نے وفود کے نمائندگان کے مسائل کو توجہ سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ عوامی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب تمبو، نصیرآباد سمیت بلوچستان کے ہر علاقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جائے گا اور جن مسائل کا فوری حل ممکن ہے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ ترقیاتی نوعیت کے منصوبوں کو بھی حکومت کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔
سردار بابا غلام رسول عمرانی نے مزید کہا کہ عوام سے مسلسل رابطہ رکھنا اور ان کے مسائل کو براہ راست سننا ایک عوامی نمائندے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ملاقات کرنے والے وفود نے صوبائی مشیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت خوش اسلوبی سے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے بھرپور تعاون اور عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی، جس سے عوام میں امید کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔ وفود نے امید کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت اور منتخب نمائندوں کے ساتھ مثبت تعاون جاری رکھا جائے گا۔

