روزنامہ ڈیلی پبلک (خصوصی رپورٹ) تربت: ضلع کیچ میں کھیلوں کے تاریخی میدانوں پر لینڈ مافیا کی للچائی نظریں
بلوچستان میں کھیلوں کے میدانوں کی رونقیں بحال
؛ جعلی کاغذات اور بوگس کھتونی کے ذریعے قیمتی اراضی ہتھیانے کی کوششوں کے خلاف اسپورٹس کمیونٹی سراپا احتجاج بن گئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان، کمشنر مکران ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کیچ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر کے فوری نوٹس لینے اور کارروائی کی اپیل کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تربت اور گردونواح کے نوجوانوں اور کھیلوں سے وابستہ تنظیموں نے اعلیٰ حکام کو بھیجی گئی مشترکہ درخواست میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ تین سے چار دہائیوں سے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے مختص قدیمی گراؤنڈز پر ایک منظم قبضہ مافیا نے پنجے گاڑنا شروع کر دیے ہیں۔ سرکاری و عوامی ملکیت پر مشتمل ان اراضیات اور پارکنگ کے رقبوں پر مبینہ طور پر ریونیو عملے کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات تیار کر کے قبضہ جمانے کی کوششیں عروج پر ہیں۔
اسپورٹس کمیونٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ان تاریخی میدانوں میں سالہا سال سے فٹبال، کرکٹ اور والی بال کے بڑے صوبائی و مقامی ٹورنامنٹس کا انعقاد ہوتا رہا ہے، اور اگر لینڈ مافیا کو کھلی چھوٹ دی گئی تو ضلع کیچ میں صحت مندانہ کھیلوں کی سرگرمیاں ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائیں گی۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تربت کے تمام اسپورٹس گراؤنڈز کی فوری سرکاری پیمائش، حد بندی اور ریونیو ریکارڈ کی آزادانہ چھان بین کرائی جائے، بوگس کھتونی بنانے میں ملوث محکمہ مال کے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے، اور قبضہ مافیا کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے زمینیں مستقل بنیادوں پر محکمہ کھیل بلوچستان کے نام منتقل کی جائیں۔

