کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) امریکا کے وسط مدّتی انتخابات میں ڈیمو کرٹیس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی
جسے امریکی سیاست میں ایک بہت بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔ ویسے امریکا میں عموماً وسط مدّتی انتخابات میں حُکم راں جماعت ہی کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ امریکی عوام صدر اور حُکم راں جماعت کی پالیسیز اور کارکردگی پر کڑی نظر رکھتے ہیں اور پھر مِڈ ٹرم الیکشن میں برسرِ اقتدار جماعت اور صدر کی قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں۔حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹس نے واضح اکثریت سے کانگریس اور سینیٹ پر کنٹرول حاصل کرلیا۔ نتائج کے مطابق، ڈیمو کریٹس نے کانگریس کی 435 نشستوں میں سے258 جیت لیں، جب کہ سینیٹ میں بھی اسے برتری حاصل ہوگئی ہے اور اب ایک سو رُکنی ایوانِ بالا میں اس کے 54 ارکان ہیں۔دوسرے الفاظ میں کہا جا سکتا ہے کہ امریکی عوام نے صدر ٹرمپ کی اُن پالیسیز کو یک سَر مسترد کردیا، جن کی وجہ سے اُنہیں شدید منہگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ منہگائی توانائی کے شعبے میں سب سے زیادہ ہے اور اس کا بنیادی سبب ایران اور یوکرین کی جنگیں ہیں۔ آبنائے ہُرمزکی بندش سےتیل کی قیمتیں ایک طویل عرصے بعد 120 ڈالرز فی بیرل تک جا پہنچیں، جس سے امریکی عوام کو غیر معمولی منہگائی کاسامنا کرنا پڑا، جو اُنہیں کسی صُورت منظور نہ تھا۔یہ انتخابی نتائج صدر ٹرمپ کے لیے بہت بڑا دھچکا ہیں، کیوں کہ اب اُنہیں مطلوبہ قانون سازی کے لیے درکار نمبرز حاصل نہیں ہوں گے، لہذا اپنی پالیسیز کے تسلسل کے لیے کوئی بِل منظور کروانا آسان نہیں ہوگا۔ دوسری جانب ایران جنگ پر بھی بہت سے سوالات اُٹھ گئے ہیں۔ بہت عرصے سے یہ کہا جا رہا تھا کہ امریکی عوام اس جنگ کے مخالف ہیں، بلکہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکا کسی بھی جنگ میں ملوّث ہو۔ وہ معیشت میں بہتری اور سہولتوں میں اضافہ چاہتے ہیں۔یاد رہے، ٹرمپ اور ان کی جماعت کو منہگائی کی وجہ سے دوسری مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ قبل ازیں، کووِڈ- 19کے دوران جب امریکی عوام مشکلات کا شکار ہوئے، تو انہوں نے جوبائیڈن کو فتح دلائی اور اب توانائی کی قیمتیں زیادہ ہونے کے سبب ٹرمپ کے آخری دو سال بہت مشکل بنا دیے ہیں۔یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ وسط مدّتی انتخابات کے نتائج کا امریکی سیاست پر کیا اثر پڑے گا اور کانگریس اور سینیٹ امریکی نظام میں کیا اہمیت رکھتےہیں؟ امریکا میں صدر انتظامی اختیارات کاحامل ہوتا ہے۔ کانگریس کو قانون سازی اور سرکاری اخراجات کا اختیار حاصل ہوتا ہے، جب کہ سپریم کورٹ، آئین کی تشریح کرتی ہے۔ کانگریس دو ایوانوں پر مشتمل ہے۔ ایوانِ نمائندگان کی 435 نشستیں ہیں۔اس کا وفاقی بجٹ اور ٹیکس سے متعلق قانون سازی میں اہم کردار ہے۔ اس کے علاوہ یہ صدر اور انتظامی معاملات کی تحقیقات بھی کروا سکتا ہے اور صدر کے مواخذے کا عمل بھی شروع کر سکتا ہے، جب کہ سینیٹ کابینہ کے ارکان اور وفاقی ججز کی تقرریوں کی منظوری، صدر کے مواخذے کی سماعت اور بین الاقوامی معاہدوں میں اہم کردار کے علاوہ قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی نگرانی بھی کرتی ہے۔یہ دونوں ایوان مل کر صدر ٹرمپ کے لیے اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد مشکل بنا سکتے ہیں اوران کے راستے میں رُکاوٹیں کھڑی کرسکتے ہیں لیکن صدر کے اختیارات مکمل طور پر ختم نہیں کرسکتے، کیوں کہ صدر بھی براہِ راست عوام کے ووٹس سے منتخب ہو کر آتا ہے اور عوام اُسے چار سال تک مُلک کو اپنے ایجنڈے کے مطابق چلانے کا اختیار دیتے ہیں۔ دوسری جانب ٹرمپ کے پاس ویٹو پاور اور انتظامی و خارجہ پالیسی کا کنٹرول بھی ہے۔ اِن دنوں ٹرمپ کے مواخذے کا بھی خاصا ذکر ہو رہا ہے، لیکن اس کے لیے ایوانِ نمائندگان کو دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے۔اگر ہم ری پبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہ پر نظر ڈالیں، تو پتا چلتا ہےکہ امریکی عوام منہگائی سے عاجز آچُکےہیں۔ وہ روزمرہ کے بڑھتے اخراجات اور یوٹیلٹی بِلز سے شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے ٹرمپ کو دو مرتبہ اس لیے کرسیٔ صدارت پر بٹھایا تھا کہ وہ ایک تاجر ہیں اور اپنی معاشی پالیسیز سےاُن کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے، لیکن ایسا نہ ہو سکا اوراسی لیے عوام نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔ایران کے خلاف جنگ اور اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں کے تیزی سے بڑھنے نے انتخابی مُہم میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹرمپ کا خیال تھا کہ جنگ جلد ختم ہوجائے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا اور ظاہر ہے کہ جب تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، تو نتیجتاً ٹرمپ اور ان کی پارٹی ہی عوامی غیظ و غضب کا نشانہ بنی۔ دوسری جانب ٹرمپ کے غیرقانونی تارکینِ وطن کے خلاف انتہائی سخت اقدامات نے بھی ان کے ووٹ بینک پر اثر ڈالا۔بالخصوص ہسپانوی نژاد امریکی ووٹر، جس نے انہیں صدارتی انتخابات میں ووٹ دیا تھا، ان کے خلاف ہوگیا۔ اسی طرح ٹیرف یعنی درآمدی اشیاء پر عائد ٹیکس نے بھی بیرونِ مُلک سے آنےوالی چیزوں کو منہگا کردیا، جسے عوام نے ناپسند کیا۔ دوسری جانب ٹرمپ نے ایک بنیادی غلطی یہ کی کہ انہوں نے انتخابات میں جیت اور ہار کو اپنی شخصیت سے جوڑ دیا۔ یعنی وہی پارٹی اور امیدوار بن گئے۔ اس لیے امریکی عوام کا موجودہ منفی ردِعمل ان ہی کے خلاف سمجھا جائے گا اور زیادہ تر ووٹرز نے ان انتخابات کو ٹرمپ کے خلاف اپنی ناراضی کے اظہار کا ذریعہ بنایا۔پاکستان جس خطّے میں واقع ہے اور جس طرح اس نے انتہائی فعال طریقے سے ایران جنگ میں ثالث کا کردار ادا کیا ہے، تو ہمارے لیے اہم ترین سوال یہ ہے کہ ایران جنگ پر ان انتخابی نتائج کے کیا اثرات مرتّب ہوں گے؟ کانگریس پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ڈیمو کریٹس، ٹرمپ سے بار بار اس اَمر کی وضاحت طلب کریں گے کہ امریکا یہ جنگ کیوں لڑ رہا ہے؟ یاد رہے، اوباما کے زمانے میں امریکا نے ایران کے ساتھ نیوکلیئر ڈِیل کی تھی لیکن ٹرمپ نے اُسے مسترد کر دیا۔ ٹرمپ سے یہ پوچھا جائے گا کہ اس جنگ کی مُدت کتنی ہوگی؟اس سے ٹیکس دینے والوں پر کتنا دباؤ پڑے گا؟ نیز اس سے تیل کی قیمتوں پر کیا اثرات مرتّب ہوں گے؟ یہ وہ سوالات ہیں، جن کا ٹرمپ حکومت کو آئندہ دو سال تک جواب دینا پڑے گا۔ تاہم، صدر کے پاس کمانڈر اِن چیف کی حیثیت سے اہم اختیارات برقرار رہیں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ٹرمپ سمجھوتے کی طرف جاتے ہیں یا جنگ کی جانب۔ یہاں یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ اسرائیل اور ایران سے متعلق ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی پالیسی ایک ہی ہے اور دونوں ایران کو کسی بھی حالت میں نیوکلیئر پاور نہیں بننے دیں گے۔دوسری جانب اسرائیل کی حمایت بھی جاری رہے گی اور فنڈنگ بھی۔ البتہ ڈیموکریٹس جنگ کی بجائے اس معاملے کو کسی ڈِیل یا دباؤ کے ذریعے طے کرنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے، حماس کے حملے کے بعد سب سے پہلے ڈیموکریٹک صدر، جو بائیڈن اسرائیل گئے اور یک جہتی کا اظہار کیا۔ پھر اسی دَور میں غزہ پر وحشیانہ بم باری شروع ہوئی اور بعد ازاں ٹرمپ نے رواں برس ’’بورڈ آف پِیس‘‘ بنا کر اسے روکا۔ اسی طرح ڈیمو کریٹس کے دَور میں تقریباً ایک سو بلین ڈالرز مالیت کے ہتھیار بھی اسرائیل کو دیے گئے۔صدر ٹرمپ کے پہلے دو سال غیر قانونی تارکینِ وطن کے لیے بہت ہی سخت رہے، کیوں کہ اُنہوں نے ان کی مُلک بدری کی پالیسی پر نہایت سختی سے عمل کیا اور باقاعدہ ایک ایسا ادارہ قائم کیا، جو تارکین کے غیرقانونی ہونے پر انہیں فوراً ڈی پورٹ کردیتا۔ مُلک بدری کی اس پالیسی کی وجہ سے تارکینِ وطن ٹرمپ سے نالاں اور خوف زدہ تھے اور اس لیے بھی ری پبلکنز کی مخالفت میں زیادہ ووٹ پڑے۔ کانگریس میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ڈیمو کریٹس کو یہ موقع ملے گا کہ وہ تارکینِ وطن سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کی مؤثر انداز میں نگرانی کر سکیں۔یوں ایک طرف تو ان کی مقبولیت تارکینِ وطن میں بڑھے گی، دوسری جانب ٹرمپ کے لیے اپنے اداروں کو عملی شکل دینے میں بھی مزید مشکلات پیدا ہوں گی لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ تارکینِ وطن کو کُھلی چُھوٹ مل جائے گی۔ تارکینِ وطن کے لیے سخت قوانین برقرار رہیں گے اور ٹرمپ انتظامیہ ان قوانین پر عمل بھی کرسکتی ہے۔ ہمیں یہ بھی نہیں بُھولنا چاہیے کہ ٹرمپ کو ووٹ اُن کی قوم پرستی کی وجہ سے ملے ہیں اور ان قوم پرستانہ جذبات کو فوری طور پر ختم کرنا کانگریس کے بس میں نہیں، کیوں کہ اس کے منفی نتائج انہیں اگلے صدارتی انتخابات میں بُھگتنا پڑیں گے۔اب اصل امتحان معیشت کا میدان ہوگا۔ عوام کو اس اَمر سے بہت کم دِل چسپی ہے کہ صدر ٹرمپ کو سزا ملے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے حالات بہتر ہوں۔ گزشتہ پانچ انتخابات کا جائزہ لیں، تو پتا چلتا ہے کہ امریکی عوام کی خواہش یہی رہی ہے کہ ان کا بلند معیارِ زندگی برقرار اور دُنیا میں امریکا پہلے نمبر پر رہے۔ اس لیے ڈیموکریٹس کو ایسی قانون سازی کرنی ہوگی کہ جس سے عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں اور منہگائی کم ہو اور یہ کام صدر کے ساتھ محاذ آرائی سے نہیں بلکہ مِل جُل کر کام کرنے سے ہوگا۔یہ سمجھنا کہ ڈیمو کریٹس عقل سے عاری ہیں اور انہیں اندازہ نہیں کہ ان کے اختیارات کی حد کیا ہے، خوش فہمی کے سوا کچھ نہیں۔ اس کے علاوہ امریکا میں ’’بائی پارٹیزن ووٹ‘‘ کی روایت بھی موجود ہے۔ یعنی کسی بھی پارٹی کا سینیٹر یا کانگریس مین کسی بھی بِل پر اپنی ہی پارٹی کے خلاف ووٹ دے سکتا ہے اور اسے غدار، پارٹی دشمن یا لوٹا نہیں کہا جاتا بلکہ اس کی ذاتی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔امریکی عوام کا بنیادی مسئلہ ایرانی حکومت کی بقا نہیں بلکہ مُلکی معیشت ہے۔ ان انتخابات نے یہ بھی ظاہر کردیا کہ انہیں ایران جنگ سے کتنی کم دِل چسپی ہے۔ اگر ڈیموکریٹس کسی قسم کی محاذ آرائی میں پڑنے کی بجائے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں کام یاب ہوتے ہیں، تو کانگریس پر اُن کا کنٹرول بار آورثابت ہوگا، وگرنہ دو سال بعد صدارتی الیکشن میں اُن کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔اس وقت امریکا کی خارجہ پالیسی میں ایران اور یوکرین کی جنگیں سرِ فہرست ہیں۔ تاہم، امریکا کا مقابلہ چین اور رُوس سے ہے۔ ایران اوریوکرین کی جنگوں کے حوالے سےدونوں جماعتوں کے خیالات میں بہت زیادہ فرق نہیں۔ البتہ یوکرین جنگ کو ڈیمو کریٹس نے بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا اور اب یوکرینی صدر، زیلنسکی ان سے مزید توقّعات وابستہ کرلیں گے۔اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے اپنے یورپی اتحادیوں کو نظرانداز کرنے کی جو پالیسی اپنائی تھی، اُس پر بھی نظرِ ثانی کی جاسکتی ہے، کیوں کہ ڈیموکریٹس یورپی اتحادیوں اور نیٹو کے ساتھ خوش گوار تعلقات کے حامی ہیں۔ تاہم، چین سے امریکا کا مقابلہ بدستور جنوب مشرقی ایشیا میں، جسے اب’’انڈو پیسیفک‘‘ کہا جاتا ہے، جاری رہے گا۔ اوباما ہی کے زمانے میں ’’پائیووٹ‘‘ پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے مطابق امریکا مشرقِ وسطیٰ اور مغربی ایشیا کی بجائے انڈوچائنا میں اپنا ارتکاز بڑھائے گا۔ امریکا اور چین دو محاذوں پرایک دوسرے کےمدِمقابل ہیں۔ اوّل، تائیوان، جسےامریکا ایک خُودمختار مُلک، جب کہ چین اپنا حصّہ تصوّر کرتا ہے۔دوسرا میدان معیشت کا ہے۔ چین جس تیزی سے معیشت کے میدان میں آگے بڑھ رہا ہے، وہ امریکا کے لیے پسندیدہ نہیں اور وہ چاہے گا کہ اس کا گھیراؤ اور اسے محدود کرنے کی پالیسی جاری رہے۔ یہ دونوں جماعتوں کی مشترکہ کوشش ہے اور اس معاملے میں ڈیمو کریٹس اور ری پبلکنز میں زیادہ اختلاف نہیں۔ اگر ہے بھی، تو صرف اتنا کہ ٹیرفس کو نرم رکھا جائے۔ان دِنوں رُوس کےصدر، پیوٹن سے صدر ٹرمپ کے خوش گوار تعلقات کا بڑا چرچا ہے اور حال ہی میں انہوں نے ڈیزل کے معاملے میں رُوس کو کچھ رعایات بھی دی ہیں، جس پر یورپی اتحادیوں، یوکرین اور ڈیموکریٹس نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ڈیموکریٹس بھی جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن انہیں کسی بھی صُورت پیوٹن کی برتری قبول نہیں۔ دوسرے الفاظ میں ڈیموکریٹس کا کانگریس پر کنٹرول بھی پیوٹن کے لیے بُری خبر ہوگی۔ڈیمو کریٹس کے دَور میں ہمیشہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات سرد رہے ہیں۔ اس کا اندازہ اس اَمر سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں صدی میں اب تک کوئی بھی ڈیموکریٹک صدر پاکستان نہیں آیا بلکہ پاکستان کوواشنگٹن میں بھی بہت کم اہمیت ملی، جب کہ اس کے برعکس دونوں جماعتوں کے صدور نے نہ صرف بھارت کے دورے کیے بلکہ اس سے متعدد معاہدے بھی کیے گئے۔ اوباما اور جو بائیڈن آٹھ آٹھ روز کے لیے بھارت گئے۔سِول نیوکلیئر ڈِیل اور کواڈ فورم میں بھارت کی شرکت اور بیلٹ اینڈ روڈ کے مقابلے کے لیے امریکا کا عالمی منصوبہ بھی بھارت ہی میں ڈیمو کریٹک دَور میں بنا، جب کہ پاکستان پر فوجی پُرزہ جات پر پابندی کے بِلز منظور کیے گئے۔ علاوہ ازیں، پریسلر ترمیم کی پابندیاں بھی انہی کے زمانے میں عائد ہوئیں، جب کہ اس کے برعکس ری پبلکن دَور میں پاک امریکا تعلقات میں گرم جوشی پائی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ صدر ٹرمپ کے دَور میں نہ صرف پاکستان سے امریکا کے تعلقات خاصی حد تک بہتر ہوئے بلکہ اسے ایران جنگ میں ثالثی کا موقع بھی ملا۔علاوہ ازیں، ٹرمپ پاکستانی وزیرِاعظم، شہباز شریف اور آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم مُنیر کی کُھلے عام تعریف اور بار بار پاک، بھارت جنگ رُکوانے کے دعوے کرتے رہے۔ یوں دُنیا بَھر میں پاکستان کا سفارتی مقام بلند ہوا اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک سے دو دفاعی معاہدے بھی ممکن ہوئے، جن میں مزید ممالک کی شمولیت کی بھی توقّع ہے۔ اس کا یہ مطلب بھی اخد کیا جارہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو یہ موقع دیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں دفاعی طور پر اپنا کردار ادا کرے۔دوسری جانب پاکستانی وزیرِخزانہ، سینیٹر محمّد اورنگزیب کے مطابق پاکستان نے امریکا سےاپنی معیشت بہتر بنانے کے لیے 10ارب ڈالرز کی گرانٹ کی بھی درخواست کی ہے۔ تاہم، کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت بالخصوص مالی معاملات پر کنٹرول کے بعد گرانٹس اور فنڈنگ وغیرہ کی سختی سےاسکروٹنی کی جائے گی اور پاکستان کو جو بہت سی سہولتیں ٹرمپ کی ذاتی دِل چسپی کی وجہ سے حاصل ہوئی تھیں، اب شاید وہ مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہو جائیں۔اگر پاکستانی عوام پر ان انتخابات کے اثرات کی بات کی جائے، تو یہ بتانا مناسب ہوگا کہ ٹرمپ منشیات فروشوں، اسمگلرز اور غیرقانونی تارکینِ وطن کے خلاف ہیں۔ فلسطین اور دوسرے اسلامی ممالک کے معاملات اپنی جگہ، لیکن کیا ہماری حالت بالخصوص معاشی صُورتِ حال ایسی ہے کہ ہم سب کچھ نظر انداز کر کے خیالی دُنیا یا دوسروں کے معاملات میں اُلجھے رہیں۔ کیا پاکستانی عوام، اہلِ دانش اور تجزیہ کاروں کی نگاہ میں پاکستان کی کوئی اہمیت نہیں؟کیا آبنائے ہُرمز بند کرتے وقت ایران نے ہمارے مُلک میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں سوچا تھا؟ یاد رہے، ہر مُلک اپنے مفادات کو اوّلیت دیتا ہے اور پاکستانی باشندوں کو بھی اب عقل آجانی چاہیے۔ جذبات کے سمندر میں اتنا نہ ڈُوب جائیں کہ اُبھرنا ہی مشکل ہوجائے۔ اگر وسط مدّتی انتخابات میں مسلمان یا سیاہ فام امیدوار جیت گئے ہیں، تو کیا وہ پاکستان کی مدد کریں گے؟ کیا یہ بات ان کے ایجنڈے میں شامل ہے

