https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

خواب فروش ٹور آپریٹرز

کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) آج سے چند برس قبل تک ٹور آپریٹنگ کمپنیز مسافروں اور سیّاحوں کو محض اتنا بتانے پر اکتفا کرتی تھیں

کہ ’’گاڑی میں چوبیس گھنٹے اے سی چلتا رہتا ہے۔ پیکیج میں ڈھیر سارے پُرفضا مقامات شامل ہیں اورہوٹل بھی بہترین ہے۔‘‘ جس پر ٹورسٹس کہتے تھے۔ ’’اچّھا، ٹھیک ہے۔‘‘ اور پھر پیسے دیئے، بیگ اُٹھایا اور سفر پر نکل کھڑے ہوئے۔ لیکن اب زمانہ بدل گیا ہے اور مسافروں اور سیّاحوں کے سوالات بھی بڑھ گئے ہیں۔ اب سفر پر جانے سے قبل ٹور آپریٹرز سے یہ استفسار کیا جاتا ہے کہ ’’پیکیج میں کون کون سے مقامات شامل ہیں؟راستے میں کہاں کہاں رُکیں گے؟ ہوٹل کون سا ہے؟ کمرے میں کون کون سی سہولتیں دست یاب ہیں؟ کمپنی رجسٹرڈ ہے یا نہیں؟ جیپ کا خرچ الگ ہے یا پیکیج میں شامل ہے؟ اور کیا یہ ساری معلومات تحریری طور پر مل سکتی ہیں؟‘‘ اب ٹورسٹس پہلے جیسے نہیں رہے، کیوں کہ آج موبائل فون کی صُورت میں اُن کے پاس معلومات کا خزانہ، دوسروں کے تجربات اور سب سے بڑھ کر شعور موجود ہے، جس کی روشنی میں وہ سوالات کرتے ہیں اور یہ سوالات ہر کوئی ہضم نہیں کر پاتا۔اِسی طرح ماضی میں اگر کوئی ٹورآپریٹنگ کمپنی یا ٹریول ایجینسی اپنے کسٹمرز کے ساتھ غلط بیانی یا فراڈ کرتی تھی، تو ذرائع ابلاغ محدود ہونے کے باعث اُن کی اس دھوکا دہی سے متعلق صرف متاثرہ افراد کے رشتےدار اور عزیز واقارب ہی جان پاتے تھے اور وہ کمپنی دھڑلے سے سادہ لوح افراد سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھتی لیکن اب ایسا کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے، کیوں کہ اب اگر کوئی کمپنی معمولی سی غلط بیانی یا ہیرا پھیری کرتی ہے، تو کوئی متاثرہ مسافر فوراً اس کی ویڈیو بنا کر اُسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیتا ہے اور کوئی اپنے سیّاحتی پیکیج کا اسکرین شاٹ فراہم کردہ سہولتوں کے ساتھ شیئر کر دیتا ہے۔نتیجتاً، کچھ ہی دیر میں وہی ٹورآپریٹنگ کمپنی، جس کا پُرکشش اشتہار لوگوں کا دل لبھا رہا ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہوتی ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دَورِ حاضر کا مسافر پہلے سے کہیں زیادہ محتاط ہے۔ وہ تحقیق کرتا ہے، دوسروں کے تجربات سے مستفید ہوتا ہے، سوالات پوچھتا ہے اور پھر مطلوبہ کمپنی سے متعلق پوری طرح مطمئن ہونے کے بعد ہی بکنگ کرواتا ہے۔لیکن کیا آپ کے وہم و گمان میں بھی یہ بات موجود ہے کہ اس قدر تحقیق اور احتیاط کے باوجود بھی آپ دھوکا کھا سکتے ہیں؟ ہوتا کچھ یوں ہے کہ آپ سیرو سیّاحت کی غرض سے گھر سے مطلوبہ بس تک پہنچتے ہیں، تو وہاں آپ کو ایک ’’سرپرائز‘‘ ملتا ہے، کیوں کہ آپ نے خُوب چھان بین کر کے جس ٹورآپریٹنگ کمپنی پر بھروسا کرتے ہوئے اُسے پیشگی رقم ادا کی تھی، اُس کا نمائندہ آخری بار آپ سے موبائل فون پر رابطہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ’’جو لوگ آپ کو لینے آئے ہیں، وہ ہمارے ہی آدمی ہیں۔ جو رقم باقی رہ گئی ہے، وہ آپ اُنہیں دے دیں۔‘‘ اور آپ کمپنی کے نمائندے کی بات پر یقین کرتے ہوئے باقی رقم اُن افراد کے حوالے کر دیتے ہیں۔ٹور کا آغاز ہوتا ہے، تو آپ کو ہر روز ہی ایک نیا ’’سرپرائز‘‘ ملتا ہے۔ دورانِ سفر آپ کو پتا چلتا ہے کہ مختلف ٹور آپریٹرز نے الگ الگ مقامات سے تین، چار یا اس سے بھی زیادہ ٹورسٹ گروپس اکٹھے کر کے سب کو ایک ہی بس میں ٹھونس دیا ہے اور اپنے کسی ایک مشترکہ نمائندے کو ان کے ساتھ بھیج دیا ہے۔یعنی آپ نے ایک کمپنی سے پیکیج خریدا، کسی دوسری کمپنی کا نمائندہ آپ کے ساتھ سفر کر رہا ہے اور بس میں بیٹھے باقی افراد شاید کسی تیسری، چوتھی یا پانچویں کمپنی کے کسٹمرز ہیں اور جس کمپنی کو آپ نے پیسے دیے تھے،اُس کا نمائندہ اب آپ کی کال ہی ریسیونہیں کر رہا۔اسی طرح ہر ٹور آپریٹنگ کمپنی نے اپنے کسٹمرز سے ایک دوسرے سے مختلف سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر کوئی ٹورآپریٹر زیادہ مقامات کی سیر کروانے کا وعدہ کرتا ہے، کوئی مختلف رُوٹ کا، کوئی بہترین ہوٹل میں رہائش کا اور کوئی دیگر خصوصی سہولتوں کا۔ لیکن جب ’’ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود وایاز‘‘ کے مصداق تمام مسافروں کو ایک ہی بس میں ٹھونس دیا جائے، تو پھر سب کا ایک ہی رُوٹ اور شیڈول بنتا ہے۔نتیجتاً، جن خُوب صُورت مقامات کی تصاویر دِکھا کر پیکیج فروخت کیا گیا تھا، اُن میں سے کئی راستے ہی میں غائب ہوجاتے ہیں اور سیّاحوں کو منزل پر پہنچ کر پتا چلتا ہے کہ اُن کا مطلوبہ پیکیج، جس کے لیے انہوں نے پیسے دیے تھے، خاموشی سے تبدیل کیا جا چُکا ہے۔اِسی طرح اشتہار میں بتایا جاتا ہے کہ بس فُلی ایئر کنڈیشنڈ ہوگی اور اے سی چوبیس گھنٹے چلتا رہے گا لیکن دورانِ سفر اے سی بند رہتا ہے۔ بکنگ سے قبل بتایا جاتا ہے کہ ہوٹل آرام دہ اور معیاری ہوگا لیکن وہاں پہنچ کر پتا چلتا ہے کہ کمرے میں طے شدہ تعداد سے زیادہ لوگ ٹھہرائے گئے ہیں اور بستروں کی تعداد کم پڑ جائے، تو زمین پر گدے بچھا کر سونے کا انتظام کر دیا جاتا ہے، جب کہ کبھی کبھار معاملہ اس سے بھی زیادہ مضحکہ خیز ہوتا ہے۔چُوں کہ ہوٹل رات بارہ بجے سے اگلے دن بارہ بجے تک کے لیے بُک کیا جاتا ہے۔ لہٰذا، اس بارہ گھنٹے کی بکنگ برقراررکھنے کے لیے ہوٹل انتظامیہ کی جانب سےناشتے کی فراہمی میں جان بوجھ کر تاخیر کی جاتی ہے۔ مسافر ناشتے کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں اور پھر کسی نہ کسی طرح پیٹ بَھر کر دن کے بارہ بجے ہوٹل سے نکلتے ہیں۔ذرا ٹھہریے، کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی۔ رات کو آپ چاہے آٹھ بجے پکنک پوائنٹ سے واپس آجائیں لیکن آپ بارہ بجے سے پہلے کمرے میں داخل نہیں ہو سکتے اور یہ بھی آپ کی خوش قسمتی ہوگی کہ کوئی کمرا خالی مل جائے۔ تب آپ کو ایسا لگتا ہے کہ ہوٹل سِرے سے بُک ہی نہیں کیا گیا۔ یعنی ٹورسٹ نے پورا دن پہاڑوں پر گزارا، مگر رات گزارنے کی جگہ کا فیصلہ اب بھی کسی اور کے ہاتھ میں ہے۔ اب اُن مقامات کی باری آتی ہے کہ جن کی خُوب صُورت تصاویر دیکھ کر آپ نے سیّاحتی پیکیج خریدا تھادورانِ سفر بس میں موجود کمپنی کا نمائندہ مسافروں سےاچانک کہتا ہے۔’’فلاں جگہ نہیں جا سکتے، وقت کم ہے۔‘‘ اگر آپ اُسے یاد دلائیں کہ ’’یہ تو ہمارے پیکیج میں شامل ہے؟‘‘ تو جواب آتا ہے۔ ’’آپ اپنی کمپنی سے رابطہ کریں، جسے آپ نے پیسے دیے تھے۔‘‘ اورجب آپ متعلقہ ٹورآپریٹنگ کمپنی سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو وہاں کوئی کال ہی ریسیو نہیں کرتامقامی جِیپس کے ضمن میں بھی بعض سیّاحوں کی یہ شکایات سامنے آتی ہیں کہ ٹور آپریٹرز اور مقامی سروس فراہم کرنے والے افراد کے درمیان پہلے سے کمیشن طے ہوتا ہے، جب کہ مسافر کو اصل قیمت اوراضافی رقم کی تفصیل معلوم نہیں ہوتی۔ مسافر سمجھتا ہے، وہ صرف جیپ کا کرایہ دے رہا ہے۔ اُسے کیا معلوم کہ اس کرائے میں کتنے لوگوں کا حصّہ شامل ہے۔تاہم، مسئلہ صرف پیسوں کا نہیں بلکہ ٹور آپریٹنگ کمپنیز اور ٹریول ایجینسیز کے اس انتہائی غیر ذمّے دارانہ اور دھوکا دہی پر مبنی رویّے کے سبب مسافروں اور سیّاحوں کو شدید ذہنی اذیّت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ کسٹمرز کو بغیر بتائے ہوٹل یا گاڑی کی نشست تبدل کردی جاتی ہے۔دورانِ سفر حسبِ وعدہ سہولتیں نہیں ملتیں۔ کمرے میں اضافی لوگ ٹھہرا دیے جاتے ہیں اور زمین پر گدے ڈال کر، مسافروں کواُن پر رات گزارنے پہ مجبور کیا جاتا ہے۔ اسی طرح جان بوجھ کر گاڑی کی روانگی میں گھنٹوں تاخیر کی جاتی ہے اور پیکیج میں شامل سیّاحتی مقامات کم کر دیے جاتے ہیں۔ اس صُورتِ حال میں مسافر کسی سے شکایت بھی نہیں کرسکتا، کیوں کہ پیکیج فراہم کرنے والی کمپنی کا نمائندہ کال ریسیو نہیں کرتا۔اس موقعے پر سیر و سیّاحت کروانے والا نمائندہ کہتا ہے۔’’بکنگ تو ہماری نہیں تھی۔‘‘ ڈرائیور عذر پیش کرتا ہے۔ ’’مُجھے جو ہدایت دی گئی ہے، مَیں اُس پر عمل پیرا ہوں۔‘‘ جب کہ مقامی نمائندہ کہتا ہے۔ ’’میرے اختیار میں کچھ بھی نہیں۔‘‘ نتیجتاً، مسافر پہاڑوں کے درمیان بے آسرا کھڑا رہ جاتا ہے، مگر اُس کی ذمّے داری کوئی قبول نہیں کرتا اور یہی وہ مقام ہے، جہاں خُوب صُورت اشتہارات اور حقیقی سفر میں بُعد المشرقین نظر آتا ہے۔اس لیے کسی بھی ٹور آپریٹنگ کمپنی کی جانب سے شایع کردہ اشتہارات پرآنکھیں بند کر کے ہرگز بھروسا نہ کریں اور بکنگ سے قبل متعلقہ کمپنی کی قانونی حیثیت اور لائسینس کی تصدیق ضرور کریں، نیزکمپنی کے دفتر اور ذمّےدار نمائندے کے بارے میں پوری معلومات حاصل کریں اور ان سے ہوٹل، گاڑی، رُوٹ، سیّاحتی مقامات اور کھانے پینے سمیت دیگر سہولتوں اور اضافی اخراجات کے بارے میں استفسار کریں۔اس دوران خاص طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ جس شخص یا کمپنی نے آپ سے رقم وصول کی ہے، دورانِ سفر وہی کمپنی یا اس کا حقیقی نمائندہ آپ کے ساتھ موجود ہو اور اگر ٹور کو کسی دوسرے ٹور آپریٹر کے حوالے کیا جانا ہو، تو اُس کے بارے میں بھی مکمل معلومات حاصل کریں۔ ٹور آپریٹر کی جانب سے کیے گئے زبانی دعووں پر ہرگز یقین نہ کریں بلکہ اُن سے ٹور کی تمام تر تفصیلات اور سہولتیں تحریری شکل میں طلب کریں اور پیکیج کی تمام تر تفصیلات، ہوٹل کا نام و پتا، رُوٹ، سیّاحتی مقامات، اضافی اخراجات اور ادائی کی رسید اپنے پاس محفوظ رکھیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ پیشگی پوری رقم ادا نہ کریں۔مزید برآں، اگر آپ کو اپنے ٹور آپریٹر کی وجہ سے دورانِ سفر مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، تو خاموش رہنے کی بجائے فوراً متعلقہ مناسب فورم سے رجوع کریں۔ کسی بھی ٹور آپریٹنگ کمپنی کے لائسینس اور اس کی قانونی حیثیت سے متعلق جاننے اور شکایات کے اندراج کے لیے ’’ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹ سروسز‘‘ (DTS) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح اگر کسی کمپنی نے آپ سے آن لائن مثلاً فیس بُک، انسٹاگرام یا واٹس ایپ وغیرہ کے ذریعے فراڈ کیا ہے، تو اس ضمن میں سائبر کرائم اتھارٹی سے شکایت کی جا سکتی ہے۔سروس فراہم نہ کرنے یا طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کی صُورت میں متعلقہ کنزیومر کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے اور اگر سفر کے دوران ٹور آپریٹر مسافروں کو بے یارومددگار چھوڑ دے یا آپ خُود کو غیر محفوظ تصوّر کریں، تو مقامی ٹورسٹ پولیس یا 15 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے، شکایت کے ساتھ بُکنگ، ادائی، پیکیج، چیٹ اور آفرز کے اسکرین شاٹس منسلک کرنا بھی ضروری ہے۔اب ہم ٹور آپریٹرز کی خدمت میں چند گزارشات پیش کرنا چاہتے ہیں۔ آپ لوگ محض ٹکٹ، بس یا ہوٹل نہیں بیچتے بلکہ خواب فروخت کرتے ہیں۔ کسی نے اپنے بچّوں کو برف دکھانے کا خواب آنکھوں میں سجا رکھا ہوتا ہے اور کوئی سال بَھر کی مصروفیات میں سے کچھ وقت نکال کر اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ کسی پُرفضا مقام پر چند روز گزارنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ یاد رہے، مسافر صرف ایک پیکیج نہیں خریدتا بلکہ وہ اپنا قیمتی وقت، اپنی جمع پونجی اور اپنی خوشیاں آپ کے حوالے کرتا ہے۔بےشک پہاڑ اور وادیاں حسین ہیں، مگر ایک مسافر کا اعتماد ان سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ لہٰذا، ہر ٹور آپریٹنگ کمپنی کی رجسٹریشن، قانونی شناخت، دفتر اور ذمّے دار نمائندے سے متعلق مکمل معلومات دست یاب ہونی چاہئیں۔ ہر پیکیج میں ہوٹل، گاڑی، رُوٹ، مقامات، کھانے، جیپ یا مقامی ٹرانس پورٹ کے اخراجات اور دیگر اضافی چارجز واضح ہونے چاہئیں۔اگر کسی وجہ سےکوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی، تو ری فنڈ یا معاوضے کی واپسی کا باقاعدہ نظام ہونا چاہیے اور سب سے بڑھ کریہ کہ مسافرکو یہ کہہ کرمصیبت سے دوچار نہ کیا جائے کہ ’’یہ ہماری ذمّےداری نہیں، جس سے بکنگ کروائی تھی، اُسی سے بات کریں۔‘‘وطنِ عزیز قدرتی حُسن سے مالامال ہے، لیکن صرف حسین مقامات سے سیّاحت کی صنعت ترقّی نہیں کر سکتی بلکہ اس مقصد کے لیے محفوظ سفر، اہل اور ذمّے دار ٹور آپریٹرز اور اپنے حقوق سے آگاہ مسافر ہونا بھی ضروری ہیں۔یاد رہے، اگر مسافر محتاط رویّہ اختیار کررہا ہے، تو یہ کاروبار کے خلاف نہیں بلکہ بہتر کاروبار کے حق میں ہے۔ سوال کرنے والا مسافر مشکل گاہک نہیں بلکہ وہ ایک ذمّےدار صارف ہے اور جو ٹور کمپنی اپنے وعدے پورے کرتی ہے، اُسےایسےمسافر سے ڈرنے کی چنداں ضرورت نہیں۔خواب فروش ٹور آپریٹرز یہ فراموش نہ کریں کہ ہر خواب کی تکمیل کے پیچھے کسی کی زندگی بَھر کی جمع پونجی، کسی کی ماں کی دُعائیں، کسی کےبچّوں کی آنکھوں کی چمک اور برسوں کی تھکن کے بعد چُرائے ہوئے چند دن ہوتے ہیں۔ آپ خواب ضرور بیچیں، لیکن پھر انہیں اس انداز سے حقیقت کا رنگ بھی دیں کہ مسافر کو اپنے انتخاب پر افسوس، پچھتاوا نہ ہو

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381