کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) بنگلادیش میں گزشتہ نصف صدی سے کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے محصور پاکستانیوں کا دلاسوں اور اُدھورے وعدوں کا طویل سفر بالآخر مایوسی پر ختم ہوگیا۔
پچاس برس سے وطن واپسی کی آس لگائے بیٹھے محصورین نے اب پاکستان نہ آنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ وہ سیاست دانوں اور حکومتوں کے جھوٹے وعدوں سے اس حد تک مایوس ہوچکے ہیں کہ اُنہوں نے اپنے ہی وطن واپسی کی اُمیدوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔سقوطِ ڈھاکا کو نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود، بنگلا دیش کےطول و عرض میں قائم 70کیمپس میں چار لاکھ سے زائد محصورین آج بھی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ وہ محبِ وطن پاکستانی ہیں، جنہوں نے 1971ء کی جنگ میں مُلکی سالمیت کے لیے پاک فوج کا ساتھ دیا، مگر اس وفاداری کی قیمت اُن کی نسلیں آج بھی چُکا رہی ہیں۔جہاں ایک طرف بنگلادیش میں انہیں اب بھی غدّار اور قابلِ نفرت سمجھا جاتا ہے، وہیں دوسری طرف پاکستان کی نئی نسل اُن کے وجود تک سے یک سر ناواقف ہے۔ بنیادی انسانی حقوق سے محروم یہ کیمپس ایک بدترین انسانی المیے کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جہاں یہ محصورین، بے یارومددگار زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔ اس طویل عرصے میں خطّے کے سیاسی و سماجی حالات بدل گئے، ان ہی کیمپس میں کئی نسلیں جوان ہوگئیں، لیکن بنیادی محرومیوں، معاشی بدحالی کا کوئی مستقل حل نہ نکل سکا۔راقم نے اگست 2026ء میں محصورین کی نمائندہ تنظیم’’SPGRC‘‘کی دعوت پر بنگلادیش کا دورہ کیا۔ ڈھاکا، سیّدپور اور رنگ پور کے کیمپس کے معائنے اور عہدے داروں سے ملاقاتوں کے بعد یہ حقیقت واضح ہوئی کہ یہ مسئلہ اب صرف وطن واپسی تک محدود نہیں رہا، بلکہ ہزاروں خاندانوں کے روزگار، تعلیم، رہائش اور بنیادی انسانی حقوق کے ضمن میں ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔نصف صدی سے زائد انتظار اور طویل جدوجہد کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہ نکلنے پر، محصورین کی ترجیحات اب تبدیل ہو رہی ہیں۔ تنظیم کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور دیگر اضلاع کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقاتوں میں یہ بات سامنے آئی کہ متاثرہ خاندان غیر یقینی مستقبل سے مایوس ہوچکے ہیں۔ اب وہ وعدوں کے بجائے ٹھوس، عملی اقدامات چاہتے ہیں۔واضح رہے،2008ء میں بنگلادیش، سپریم کورٹ کے ایک تاریخی فیصلے نے قانونی شرائط پوری کرنے والے اردو بولنے والے افراد کے لیے شہریت اور حقِ رائے دہی کے راستے کھولے، جس سے نئی نسل کے لیے مقامی شناخت کے امکانات پیدا ہوئے۔اب ایک طرف وہ اکثریت ہے، جو مقامی معاشرت سے وابستگی کے سبب بنگلادیش ہی میں مستقل سکونت کو ترجیح دے رہی ہے، جب کہ دوسری طرف کچھ لوگ اب بھی پاکستان واپسی کا خواب سینے سے لگائے بیٹھےہیں۔ لہٰذا، تمام محصورین پر ایک ہی قانون کے نفاذ کی بجائے انسانی حقوق کے تناظر میں فیصلہ سازی کی ضرورت ہے، خصوصاً حالیہ دنوں میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلقات میں بہتری، باہمی اعتماد کے فروغ اور انسانی ہم دردی کی بنیاد پر تعاون کے نئے امکانات کے سبب محصور پاکستانیوں کا مسئلہ خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔اس مسئلے کو ماضی کے سیاسی تنازعات تک محدود رکھنا مناسب نہیں، کیوں کہ اس کے اثرات آج بھی زندہ انسانوں کی روزمرّہ زندگیوں پر مرتّب ہو رہے ہیں۔ یادرہے، محصور پاکستانیوں کا مسئلہ قیامِ پاکستان کے وقت بہار اور مغربی بنگال سے مشرقی پاکستان ہجرت کرنے والے خاندانوں سے منسلک ہے۔ 1971ء میں سقوطِ ڈھاکا کے بعدپاکستان سے بے لوث محبت کرنے والے یہ افرادلوگ بنگلادیش ہی میں محصور ہو کر رہ گئے، جہاں آج بھی وہ ہر طرح کی اذیتوں کے شکار ہیں۔ گویازبانِ حال سےکہتے نظر آتے ہیں کہ ؎ ’’مٹّی کی محبت میں، ہم آشفتہ سروں نے…..وہ قرض اتارے ہیں کہ واجب بھی نہیں تھے۔‘‘گزشتہ پانچ دہائیوں سے محصورین کے کیمپس میں رہائش کی شدید قلّت، صاف پانی کی عدم فراہمی، ناقص نکاسیٔ آب کے نظام اور صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کے فقدان نے ان کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں۔ 8X8فٹ کے چھوٹے چھوٹے کھولی نما کمروں میں ایک ہی چھت تلے پورے خاندان کے لیے عارضی انتظامات نے اس وسیع انسانی مسئلے کوایک المیے کی شکل دے دی ہے۔ ضرورت اس امَر کی ہے کہ ان متاثرہ خاندانوں کے لیے عارضی سہاروں کے بجائے ایک ایسی جامع پالیسی مرتّب کی جائے، جو اُنھیں محفوظ رہائش، تعلیم اور معاشی خودمختاری کے ذریعے مستقل آباد کاری کی سہولت فراہم کرے۔اگرچہ 1974ء کے سہ فریقی سمجھوتے (پاکستان، بھارت، بنگلادیش) اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے بہت سے محصورین، پاکستان منتقل ہوئے، لیکن تمام خاندانوں کی واپسی ممکن نہ ہوسکی۔ یہ بات سمجھنے کی ہے کہ محصور پاکستانیوں کا مسئلہ محض وطن واپسی کا نہیں رہا، یہ انسانی وقار، بنیادی حقوق، رہائش اور محفوظ مستقبل کا سوال ہے۔ نصف صدی سے زائد عرصے سے غیر یقینی حالات میں زندگی گزارنے والے یہ خاندان اب مزید تاخیر کے متحمّل نہیں ہوسکتے۔اس دیرینہ انسانی مسئلے کے پائےدار حل کے لیے پاکستان اور بنگلادیش کی حکومتوں کو ماضی کے اختلافات پسِ پشت ڈال کر انسانی ہم دردی اور زمینی حقائق کی بنیاد پر مشترکہ حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ نیز،اس عمل میں محصورین کی نمائندہ تنظیم (SPGRC) کو بھی شاملِ گفتگو کیا جائے۔ماضی میں جمع کیے گئے فنڈز کی تفصیلات اعلانیہ سامنے لائی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی قانونی حیثیت اور مستقل آباد کاری کے لیے ایک واضح، عملی پالیسی مرتّب کی جائے۔اگر متعلقہ فریقین سنجیدگی اور باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں، تو کئی دہائیوں پر محیط اس غیر یقینی صورتِ حال کاخاتمہ کیا جا سکتا ہے۔اس ضمن میں فوری طور پر بنگلا دیش کے 13اضلاع میں قائم کیمپس میں مقیم خاندانوں کا ایک جامع، مستند سروے وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے ذریعے درست تعداد، قانونی حیثیت، معاشی حالات، تعلیمی و رہائشی مسائل اور روزگار کی ضروریات کا ڈیٹا مرتّب کرکے ایک ٹھوس منصوبہ تیار کیا جائے،جو دست یاب وسائل کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو پلاٹس، فلیٹس یا دیگر موزوں رہائشی سہولتیں فراہم کرسکے۔ساتھ ہی انہیں معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے ہنرمندی، فنی تربیت، تعلیم اور چھوٹے کاروبار کے لیے مالی معاونت کے پروگرام بھی شروع کیے جائیں۔ نیز، دونوں حکومتوں کے متعلقہ ادارے قانونی، سفارتی، انتظامی اور مالی امکانات مدِّنظر رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے ایک قابلِ عمل فریم ورک تیار کریں اور حکومتِ پاکستان اس معاملے کو سفارتی ترجیحات میں شامل کر کے بنگلادیش سے باضابطہ مذاکرات کا آغاز کرے، ساتھ ہی ایک واضح ٹائم لائن مقرر کی جائے، جس کے تحت سروے، فنڈز کی فراہمی، قانونی امور اور بحالی کے منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔محصور پاکستانیوں کے نام پر جمع فنڈز، حساب کون دے گا؟محصور پاکستانیوں کے مسئلے کے حل اور فنڈز کی فراہمی کے لیے 1980ء کی دہائی میں سنجیدہ کوششیں کی گئیں۔ روزنامہ جنگ، کراچی کی 8ستمبر 1985ء کی ایک رپورٹ کے مطابق، سینیٹ آف پاکستان نے محصورین کی جلد منتقلی اور بحالی کے لیے ایک متفقہ قرارداد منظور کی۔ اس وقت کے وفاقی وزیرِ ریلوے عبدالغفور خان ہوتی کے بیان کے مطابق، موتمرِ عالمِ اسلامی اس مقصد کے لیے فنڈز جمع کر رہی تھی، جس کے تحت مطلوبہ 49کروڑ ڈالرز میں سے ساڑھے تین کروڑ ڈالرز جمع کر لیے گئے تھے۔تاہم، سرکاری اعلان اور ہم دردی کی قرارداد کو چار دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود یہ وعدہ اُدھوراہی رہا۔ 1986ء میں اُس وقت کے وزیرِ خارجہ، صاحب زادہ یعقوب علی خان نے پاکستان کی اخلاقی پابندی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھاکہ معاہدہ دہلی (1973ء) اور سہ فریقی معاہدہ (1974ء) کے تحت 169,144افرادپاکستان منتقل کیے گئے، جب کہ بقیہ ڈھائی لاکھ کی منتقلی کے لیے490ملین ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا۔جولائی 1988ء میں سابق صدر ضیاء الحق اور رابطہ عالمِ اسلامی نے محصورین کے لیے ’’رابطہ ٹرسٹ‘‘ قائم کی۔ برطانوی رکنِ پارلیمنٹ، لارڈ ڈیوڈ اینلز کے مطابق، ٹرسٹ نے عرب ممالک اور ڈونرز کے تعاون سے 270ملین ڈالرز جمع کیے اور صوبہ پنجاب میں 40ہزار مکانات کے لیے زمین بھی مختص کی گئی۔بہرحال، اگست 1992ء میں نواز شریف دَورِحکومت میں منتقلی کا معاہدہ ہوا اور جنوری 1993ء میں غلام حیدر وائیں کی نگرانی میں 325افراد کا پہلا قافلہ پنجاب میں آباد کیا گیا۔ تاہم، ملک میں پے درپے حکومتی تبدیلیوں کے باعث یہ کام رُک گیا۔ اکتوبر 2001ء میں صدر پرویز مشرف کے دور میں رابطہ ٹرسٹ کو مکمل طور پر منجمد کردیا گیا۔ تب سے اب تک اس خطیر رقم (270ملین ڈالرز) کے حوالے سے کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں کہ فنڈز کہاں گئے۔’’ہم پاکستان منتقلی کا خواب ترک کر چکے‘‘ ہارون الرشیدبنگلادیش کے حالیہ دورے کے دوران ایس پی جی آر سی کے مرکزی صدر، شوکت علی اور جنرل سیکریٹری ہارون الرشید سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں۔ ان نشستوں کے علاوہ، تنظیم کے مرکزی اجلاس اور کانفرنس میں شریک 13اضلاع کے کلیدی نمائندوں سے بھی سیر حاصل گفتگو کا موقع ملا۔ ہارون الرشید نے تفصیلاً گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس تنظیم کا قیام 2 دسمبر 1977ء کو اُس وقت عمل میں آیا، جب یہاں اُردو بولنے والی آبادی، شدید ظلم و ستم کا شکاراور بے یار و مددگار تھی۔ ان مخدوش حالات میں قائدِ محصورین، الحاج نسیم خان نے کمیونٹی کے تحفّظ اور حقوق کے لیے باقاعدہ جدوجہد کا آغاز کیا۔ان خانماں برباد لوگوں نے 1947ء میں قیامِ پاکستان کی خاطر اپنا سب کچھ داؤ پر لگا کر ہجرت کی، اور پھر 1971ء میں بھی اسی پاکستانی نظریے سے وفاداری کی پاداش میں بے پناہ مصائب کا سامنا کیا۔ آج ہم جس کسمپرسی اور کٹھن دَور سے گزر رہے ہیں، وہ دراصل اسی طویل تاریخی جدوجہد اور لازوال قربانیوں کا تسلسل ہے۔ اسی سنگین صورتِ حال کے مستقل حل کے لیے الحاج نسیم خان نے 1997ء میں واضح موقف اختیار کیا کہ پاکستان، بنگلادیش اورایس پی جی آر سی کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا آغاز ناگزیر ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ ’’اگر پاکستان ہمیں آباد کرنا چاہتا ہے، تو ہم وہاں جانے کے لیے تیار ہیں، اور اگر بنگلادیش ہمیں شہریت اور بنیادی حقوق دیتا ہے، تو ہم یہیں بسنے کو تیار ہیں۔‘‘ اس کے بعد پاکستان کی متعدد حکومتوں نے بارہا یقین دہانیاں کروائیں کہ یہ مسئلہ جلد حل ہونے والا ہے۔ حتیٰ کہ 2003ء میں جب اُس وقت کے صدر جنرل پرویز مشرف یہاں آئے، تو انہوں نے بھی یقین دلایا کہ ’’یہ مسئلہ ہم پر چھوڑ دیں، ہم اسے جلد حل کر دیں گے۔‘‘بہرحال، طویل عرصہ گزرنے کے بعد، جب نئی نسلیں پروان چڑھیں اور مقامی ثقافت و معاشرت میں رچ بس گئیں، تو رفتہ رفتہ لوگوں کے دلوں سے پاکستان واپسی کی آس اور امید بھی دم توڑگئی۔ اسی تناظر میں، 2022ء میں محصورین کی نمائندہ تنظیم کی مرکزی کمیٹی نے مشاورت کے بعدتنظیم کا نام ’’اسٹرینڈیڈ پاکستانیز جنرل ری پیٹریشن کمیٹی‘‘ سے بدل کر ’’اسٹرینڈیڈ پیپلز جنرل ری ہیبلی ٹیشن کمیٹی‘‘ رکھ دیا۔ اس تبدیلی کا بنیادی مقصد واپسی (Repatriation) کے بجائے بحالی و آباد کاری (Rehabilitation) کو اوّلیت دینا ہے، تاکہ کیمپس میں مقیم محصورین کے مستقبل کا فیصلہ کرکے انہیں باعزت طریقے سے آباد کیا جاسکے۔اگرچہ ہم نے پالیسی بدل کر یہاں رہتے ہوئے بحالی کو جدوجہد کا محور بنا لیا ہے، تاہم پاکستان جانے کے خواہش مند افراد کی مدد کا سلسلہ بھی جاری رہے گا اور ہم دونوں حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان فوری مذاکرات کے ذریعے یہاں موجود لوگوں کی باعزت آباد کاری کے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ہمارا واضح موقف ہے کہ ہم پاکستان جا کر وہاں کی حکومت پر بوجھ نہیں بننا چاہتے، کیوں کہ ہمیں احساس ہے کہ پاکستان خود اس وقت شدید داخلی مسائل کا شکار ہے۔لہٰذا ہماری تجویز ہے کہ بنگلادیش بھر میں ضلعی انتظامیہ، بالخصوص ڈپٹی کمشنرز کے زیرِ انتظام قائم کیمپس کے معاملات کو حکومتی سطح پر منظّم کیا جائے۔ ساتھ ہی اگر حکومت کے پاس اراضی دست یاب ہو، تو ہر متاثرہ خاندان کو مناسب جگہ اور مالی معاونت فراہم کی جائے، تاکہ وہ اپنے گھر تعمیر کر کے ایک باعزت زندگی بسر کرسکیں۔جنرل ضیاء الحق کے دورِ حکومت میں محصورین کے لیے ایک اکاؤنٹ کھولا گیا تھا، جس کا آغاز خود جنرل ضیاء الحق نے ایک خطیر رقم سے کیا اور بعد ازاں دیگر اسلامی ممالک کے شہریوں نے بھی اس میں عطیات جمع کروائے، تواسے واگزار کروایا جائے اور ’’رابطہ ٹرسٹ‘‘ کے ذریعے حکومتِ پاکستان اور رابطہ عالمِ اسلامی کے اشتراک سے جمع شدہ رقم کسی بھی سیاسی جماعت، تنظیم یا غیر سرکاری ادارے کو دینے کے بجائے، براہِ راست حکومتِ بنگلا دیش کے سپرد کی جائے۔ اس ضمن میں بنگلا دیش کے ساتھ ایک باقاعدہ معاہدہ کیا جائے، تاکہ اس رقم کو محصورین کی مستقل آباد کاری، بحالی اور ان کے معیارِ زندگی کی بہتری ہی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔‘‘کیمپس کے اندھیرے اور امید کی کرنیںبنگلادیش کے خستہ حال کیمپس میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے محصور پاکستانیوں کے لیے ’’فرینڈز آف ہیومینٹی‘‘ اور ’’اوبیٹ ہیلپرز‘‘ نامی تنظیمیں امید کی روشن کرن بن کر اُبھری ہیں۔ امریکا میں قائم ان دونوں تنظیموں نے نہ صرف محصورین کے لیے کچھ سہولتیں فراہم کیں، بلکہ ان کی نئی نسل کو تعلیم اور صحت کے ذریعے ایک بہتر مستقبل کا خواب بھی دکھایا۔ فرینڈز آف ہیومینٹی اور اوبیٹ ہیلپرزنے تعلیمی و طبّی منصوبوں کے ساتھ عالمی ایوانوں میں ان کے حقوق کی وکالت کی اور میدانِ عمل میں اُتر کر اسکولز، کمپیوٹر سینٹرز اور تیکنیکی اداروں کا جال بچھایا۔نیز، صاف پانی، نکاسیٔ آب اور خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خواتین اور نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھا کر معاشی طور پر خود کفیل بھی کیا۔ بے شک، ان فلاحی و رفاہی اداروں کی خدمات بے مثال ہیں، لیکن یہ ریلیف عارضی ہے۔ اس گمبھیر انسانی المیے کے مستقل، باعزت حل کے لیے متعلقہ حکومتوں اور عالمی اداروں ہی کو ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے

