https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

صوبہ سندھ میں ‘‘ڈیجیٹل ہیلتھ انقلاب‘‘ کی ابتدا

کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) صحت کسی بھی متحرک، زندہ اور ترقی یافتہ معاشرے کےسماجی و معاشی استحکام اور انسانی فلاح و بہبود کی بنیادی ترین شرط ہے

۔ کسی بھی ریاست یا صوبے کی مجموعی پیش رفت کا اندازہ اس بات سے نہیں لگایا جاتا کہ وہاں کتنی بلند و بالا عمارات تعمیر ہو چُکی ہیں، بلکہ اس امرسے لگایا جاتا ہے کہ اس کے عوام کو صحت، علاج معالجے اور زندگی کی بنیادی سہولیات تک کس حد تک منصفانہ، بلا امتیاز اور بروقت رسائی حاصل ہے۔ایک مؤثر، جواب دہ اور باصلاحیت نظامِ صحت وہی کہلا سکتا ہے، جس کے تحت معیاری طبّی سہولتیں صرف بڑے شہری مراکز، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز یا مرکزی تدریسی اسپتالوں ہی تک محدود نہ ہوں، دُور دراز دیہات، صحرائی پٹیوں،ساحلی علاقوں، پس ماندہ گوٹھوں اورکم آمدن طبقات کی دہلیز تک بھی یک ساں معیار اور کارکردگی کے ساتھ پہنچ سکیں۔صوبۂ سندھ جغرافیائی، ڈیموگرافک اور انتظامی نقطۂ نظر سے انتہائی متنوّع اور پیچیدہ خدوخال کا حامل ہے۔ ایک طرف کراچی جیسا دوکروڑ سے زائد آبادی کا گنجان آباد بین الاقوامی میٹرو پولیٹن شہر ہے، تو دوسری طرف تھرپارکر کی وسیع و عریض صحرائی پٹی، سجاول، بدین کی ساحلی پٹی اورکشمور، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور جیکب آباد کے دُور افتادہ دیہی و زرعی علاقے۔اس متنوّع جغرافیائی پھیلاؤ اور شہری و دیہی ترقیاتی تفریق کے باعث سندھ کا نظامِ صحت دہائیوں سے بے شمار مسائل اورچیلنجزکی زد میں ہے۔ صوبے میں ماں اور بچّے کی صحت کے اشاریے، غذائی قلّت، اسٹنٹنگ اورویسٹنگ، حفاظتی ٹیکا جات کی کوریج میں موجود خلا، متعدّی بیماریاں، جیسے ملیریا، ڈینگی، ٹی بی، پولیو، اور غیر متعدی دائمی بیماریاں مثلاً ذیابطیس اور بلند فشارِ خون کا بڑھتا بوجھ صحت کے ڈھانچے پر مسلسل دباؤ ڈالتا رہا ہے اور ان تمام تر چیلنجز پر قابو پانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ روایتی، غیر مربوط اور کاغذی بنیادوں پر چلنے والا انتظامی نظام ہی ہے کہ اسپتالوں میں ادویہ کی دست یابی، عملے کی حاضری، مریضوں کا ریکارڈ اور وسائل کی تقسیم کا عمل الگ الگ فائلز اور مختلف رجسٹرز میں بکھرا رہتا ہے، نتیجتاً بروقت اور شواہد کی بنیاد پر فیصلے کرنا دشوارگزار امر ہے۔سو، صحت کے ان تمام بنیادی مسائل، عوام کی اشد ضرورت مدِنظر رکھتے ہوئے محکمۂ صحت سندھ اس عزم پرمتحرک اور کمٹڈ نظر آتا ہے کہ صوبے کے نظامِ صحت کو روایتی جمود سےنکال کر ایک جدید، شفّاف، شواہد پرمبنی اورجواب دہ ڈھانچے میں ڈھالا جائے۔اِسی وژن کے تحت صوبائی وزیرِصحت وبہبودِ آبادی اور سیکرٹری صحت، سندھ کی کوششوں اور اصلاحاتی عزم کی بدولت سندھ میں20 اکتوبر 2026ء سے باقاعدہ ’’ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم‘‘ کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ واضح رہے، یہ اقدام صرف ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے یا کاغذی دفتری کارروائی، ڈیجیٹل اسکرین پر منتقل کرنے تک محدود نہیں، بلکہ یہ سندھ کی عوام کے لیے ایک انتہائی مؤثر اور شواہد پر مبنی ایسا نظامِ صحت تشکیل دینے کی کوشش ہے، جو نہ صرف وسائل کا زیاں روکے گا بلکہ دُوردراز علاقوں تک معیاری طبّی سہولیات کی فراہمی حقیقی معنوں میں ممکن بنائے گا۔الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ (EMR) نظامالیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ نظام،ہیلتھ ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کی بنیاد ہے، جو مریضوں کی دیکھ بھال کے روایتی انداز کو جدیدسائنسی اورڈیجیٹل سانچے میں ڈھالنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ روایتی نظام میں جب کوئی مریض کسی بنیادی مرکزِ صحت، دیہی مرکزِصحت یا اسپتال کا رُخ کرتا، تو ہر بار اُس کی نئی پرچی بنتی۔ اُس کی سابقہ طبّی ہسٹری، تشخیص، پہلے سے تجویز کردہ ادویہ یا کروائے گئے لیبارٹری ٹیسٹس کا کوئی باقاعدہ اور قابلِ اعتماد ریکارڈ موجود نہیں ہوتا تھا۔نتیجتاً معالج کو ہر بار نئے سرے سے مریض کی ہسٹری لینی، ٹیسٹس کروانے پڑتے، جس سے نہ صرف علاج کا تسلسل متاثر ہوتا بلکہ مریضوں کوشدید مالی و جسمانی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا، بالخصوص دائمی بیماریوں جیسے ذیابطیس، بلند فشارِ خون، ٹی بی اور دل کے عوارض میں مبتلا مریضوں کے لیے یہ طریقۂ کار خاصا منہگا اورنقصان دہ ثابت ہوتا۔ الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ کا نظام اس پورے کاغذی اورغیر مربوط سلسلے کا خاتمہ کرتا ہے۔اس کے تحت بیرونی مریضوں کے شعبے (OPD)، ایمرجینسی خدمات، ادویہ کی فراہمی، ماں اور بچّے کی صحت، غذائیت اورخاندانی منصوبہ بندی سے متعلق تمام اہم اور حسّاس معلومات کوایک ’’مرکزی ڈیجیٹل ڈیٹا بیس‘‘ میں محفوظ کیا جا رہا ہے اور اس اقدام کے واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں، جن کےمطابق ابتدائی مرحلےمیں اکتوبر2026 ءکے دوران صوبے کے 18 بنیادی مراکزِ صحت (BHUs) میں اسِے کام یابی کے ساتھ فعال کردیا گیا ہے، جب کہ دوسرے مرحلے کے تحت فروری 2027 ء تک 150 مراکز اور 2028 ءکی پہلی سہ ماہی تک پورے صوبۂ سندھ کے تمام بنیادی مراکزِصحت تک اس کا دائرۂ کار وسیع کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔اس نظام کی بدولت جب تھرپارکر، بدین، کشمور یا کراچی کے کسی بھی دیہی مرکزِ صحت میں کوئی مریض ڈاکٹر کے پاس جائے گا، تو اس کی مکمل طبّی ہسٹری، سابقہ بیماریاں، الرجی، تجویز کردہ دواؤں کی تفصیل اور معائنے کا ریکارڈ ایک سیکنڈ میں ڈاکٹر کی اسکرین پر نمودار ہوجائے گا، جس سے معالج کو نہ صرف درست اور بروقت طبّی فیصلے کرنے میں مدد ملے گی بلکہ علاج میں تسلسل قائم رہے گا، غلط دواکا امکان ختم ہوجائے گا، اور مریضوں کا وقت اور پیسا دونوں محفوظ ہوں گے۔خاص طور پر ماں اور بچّے کی صحت کے ضمن میں یہ نظام نہایت اہم کردار ادا کر سکتا ہے، کیوں کہ حاملہ خاتون کی قبل از ولادت دیکھ بھال، اس کی ضروری تشخیص، خطرے کی علامات، اور بعد از ولادت کی نگرانی کا ریکارڈ محفوظ ہونے سے پیچیدہ کیسز کو وقت سے پہلے سیکنڈری اسپتالوں میں ریفر کیا جا سکے گا، جس سے صوبے میں دورانِ ولادت ماؤں اور نوزائیدہ بچّوں کی اموات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ہیومن ریسورس مینجمینٹ انفارمیشن سسٹم (HRMIS)کسی بھی صحت کے نظام کو کام یابی سے چلانے کے لیے محض جدید عمارات، ٹیکنالوجی یا آلات کا ہونا کافی نہیں ہوتا، بلکہ اس کا اصل ڈھانچا اور رُوح اس کا انسانی وسیلہ یعنی ڈاکٹرز، نرسز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، ویکسی نیٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور انتظامی ملازمین ہوتے ہیں۔ ماضی میں سندھ کے شعبۂ صحت کو درپیش بڑے مسائل میں سے ایک، انسانی وسائل کی غیر متوازن تقسیم، غیرحاضری، اور انتظامی کارروائیوں میں تاخیر رہا ہے۔کئی دیہی علاقوں میں اسپتالوں کی عمارات اور آلات تو موجود ہوتے، لیکن ڈاکٹرز یا نرسز کی غیر حاضری، یا انتظامی سُستی کی وجہ سے عوام کو طبّی سہولیات میسر نہیں آپاتی تھیں، جب کہ دوسری طرف ملازمین کے تبادلوں، چُھٹیوں کی منظوری، ترقیوں اور تادیبی کارروائیوں کا کاغذی نظام بھی پیچیدہ اور سُست تھا۔ اب اس ڈیجیٹل پورٹل کے تحت گریڈ 16 سے 20 تک کے تمام طبی وانتظامی افسران اور ملازمین کی چُھٹیوں کی درخواستوں، اُن کی منظوریوں، تبادلوں، تعیناتیوں اور ترقیوں کے پورٹ فولیوز کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔اس کی کام یابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر 2026 ءکے مختصر عرصے کے دوران اس پورٹل کے ذریعے 700 سے زائد چھٹیوں کی درخواستوں پر شفاف، تیزرفتار اور بلا تاخیر عمل درآمد کر کے ان کی منظوری دی گئی، جب کہ ترقیوں اور تبادلوں کےتمام ریکارڈز بھی اسی مرکزی پورٹل سے مربوط کرنے پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔ اس نظام کا سب سےبڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ صوبائی سیکرٹریٹ اور ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کو صوبے بھر میں موجود انسانی وسائل کی حقیقی تصویر پیش کرتا ہے۔اب ایک کلک پر معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کن اضلاع یا بنیادی مراکزِ صحت میں ڈاکٹرز، نرسز یا ویکسینیٹرز کی شدید کمی ہے اور کہاں ضرورت سے زیادہ عملہ تعینات ہے۔ مطلب، ان حقیقی اعداد و شمار کی روشنی میں افرادی قوت کی منصفانہ اور ضرورت کے مطابق دوبارہ تقسیم ممکن ہوسکے گی، جس کاراست فائدہ بالآخرعام مریض کوہوگا۔لیڈی ہیلتھ ورکرز (LHWs) کی GIS نقشہ سازیپاکستان بالخصوص صوبۂ سندھ میں بنیادی صحت کی خدمات، احتیاطی تدابیر اور کمیونٹی کی سطح پر صحت کی آگاہی پھیلانے میں لیڈی ہیلتھ ورکرزکا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔ حاملہ خواتین کی دیکھ بھال، بچّوں کی غذائیت، حفاظتی ٹیکا جات کی مہمات، خاندانی منصوبہ بندی اور وبائی امراض کی روک تھام کے لیے یہ ورکرز گھر گھر جا کرخدمات سرانجام دیتی ہیں۔تاہم، ماضی میں سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ انتظامی سطح پر یہ بات واضح نہیں تھی کہ کون سی آبادی کس لیڈی ہیلتھ ورکر کے دائرۂ کار میں آتی ہے، کن علاقوں تک باقاعدگی سے رسائی ممکن ہے اورکون سے پس ماندہ گوٹھ یا دیہات خدمات سے یک سر محروم ہیں۔اس خلا کو پُر کرنے کے لیے صوبے کی تمام لیڈی ہیلتھ ورکرزکی مکمل ڈیجیٹل رجسٹریشن اور جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) کے تحت نقشہ سازی کا کام کام یابی سے مکمل کر لیا گیاہے۔ اس GIS نقشہ سازی کی افادیت کا بیّن ثبوت ضلع شہید بےنظیرآباد کی مثال سےملتا ہے، جہاں جب ڈیجیٹل میپنگ کی گئی تو یہ حیران کُن حقیقت سامنے آئی کہ ضلعے کا 46 فی صد علاقہ اور آبادی لیڈی ہیلتھ ورکرز کی عملی رسائی سے یک سر باہر تھی، حالاں کہ روایتی کاغذی ریکارڈ میں ان تمام علاقوں کو کورڈ دکھایا جاتا تھا۔یہ جغرافیائی نقشہ سازی ہیلتھ پلاننگ اور پالیسی سازی کے لیے ایک غیر معمولی بریک تھرو ہے کہ اس نے ان تمام Blind Spots کو بےنقاب کردیا ہے، جو کاغذی دعووں کی دھند میں چُھپے ہوئے تھے۔ اب GIS ٹیکنالوجی کے ذریعے اسپتالوں، بنیادی مراکز، آبادی کے پھیلاؤ اور ورکرز کے رُوٹس کو اسکرین پر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے اور موبائل ایپس کے ذریعے LHWs کی فیلڈ سرگرمیوں، ویکسی نیٹری کوریج اور خواتین، بچّوں کو دی جانے والی خدمات کی سائنسی بنیادوں پرنگرانی کی جارہی ہے۔ایک ہزارروزہ پروگرام، ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگانسانی زندگی کے پہلے ایک ہزار دن… یعنی حمل ٹھہرنے سے لے کربچّے کی دوسری سال گرہ تک کا عرصہ، انسان کی ذہنی، جسمانی، غذائی اور مستقبل کی تمام ترصحت کے ضمن میں سب سےاہم اورقیمتی وقت ہوتا ہے۔اس مخصوص عرصے کے دوران اگر ماں کو مناسب غذائیت، محفوظ ولادت کی سہولت، اور بچّے کو بروقت حفاظتی ٹیکے اور علاج میسّر نہ آئے، تو وہ بچّہ عُمر بھر کے لیے جسمانی یا ذہنی معذوری، غذائی قلت اور دیگر امراض کا شکار ہو سکتا ہے، تو اس عرصے کی اہمیت مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ’’ایک ہزار روزہ پروگرام‘‘ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔اس منصوبے کا ایک اہم ترین رُخ 2022 ء کے تباہ کُن سیلاب سے متاثرہ اضلاع اور دیگر علاقوں میں صحت کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی ہے۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ 340 صحت کے مراکز کی ازسرِنو تعمیر اور بحالی کا ایک بہت بڑا پراجیکٹ جاری ہے، جس میں 276 مراکز کی بالکل نئے سرے سے تعمیر اور 64 مراکز کی مرمت و بحالی شامل ہے۔ ان تمام ترقیاتی اور تعمیری کاموں میں شفّافیت برقرار رکھنے اور انہیں وقت پر مکمل کرنے کے لیے محکمۂ صحت نے ایک سائنٹیفک ڈیجیٹل مانیٹرنگ پورٹل قائم کیا ہے۔اس پورٹل کے ذریعے تمام 340 مراکز کی تعمیری پیش رفت، میٹریل کی کوالٹی، تاخیر، اور مختلف مراحل کی تکمیل کی جیومیپڈ اور جیو ٹیگڈ ماہانہ تصویری دستاویزات اور رپورٹس اَپ لوڈ کی جاتی ہیں، جن کی اعلیٰ حکّام خود مانیٹرنگ کرتے ہیں اور اس مانیٹرنگ کے باعث ٹھیکے داروں، انجینئرز اور متعلقہ فیلڈ افسران کی سخت جواب دہی ممکن ہوئی ہے۔ پورٹل اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے غریب عوام کو جلد از جلد فعال اورجدیدبنیادی صحت مراکز میسر آئیں تاکہ ماں اور بچّے کو زندگی کے ان اہم ترین ایام میں بہترین طبّی چھتری فراہم کی جا سکے۔درپیش چیلنجز اور متوقع مسائلاگرچہ سندھ کے ہیلتھ ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کے تمام خد وخال متاثر کن، انقلابی اور مثبت نتائج کے حامل نظر آتے ہیں، لیکن ایک بنیادی و روایتی صحت کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا یہ سفر چیلنجز اور عملی مسائل سے خالی نہیں ہے۔ ان چیلنجز کو سمجھنا اور ان کا تدارک اس نظام کی طویل المیعاد کام یابی کے لیے ناگزیر ہے۔انفرادی انفراسٹرکچر اور پاور کا بحران: صوبۂ سندھ کے دُوردراز اضلاع جیسے تھرپارکر، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، بدین اور سجاول کے دیہی علاقوں میں پائےدار بجلی کی فراہمی اور تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹویٹی کی شدید عدم دست یابی سب سے بڑا اوربنیادی مسئلہ ہے۔ بنیادی مراکزِ صحت میں سگنلز کا نہ ہونا یا گھنٹوں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ڈیجیٹل ڈیٹا کے بروقت اندراج میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ڈیجیٹل لٹریسی اور انسانی رویوں کی مزاحمت: اسپتالوں، بی ایچ یوزاور فیلڈ میں کام کرنے والے طبی اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد کاغذی کام کی عادی رہی ہے۔ اچانک ان پر ڈیجیٹل ایپس، EMR اور پورٹلز کا استعمال نافذ کرنے سے اُن پراضافی انتظامی بوجھ پڑسکتا ہے اور وہ تیکنیکی پیچیدگیوں کی وجہ سے غلط یا نامکمل ڈیٹا درج کر سکتے ہیں، یا اس نئے نظام کے خلاف اندرونی مزاحمت دکھا سکتے ہیں۔ڈیٹا سیکیوریٹی، پرائیویسی اور رازداری (Cofidentialoty)کے خطرات: مریضوں کی ذاتی میڈیکل ہسٹری، حسّاس بیماریوں (جیسے کہ ایچ آئی وی، ٹی بی یا زچگی سے متعلق معلومات) کے ڈیجیٹل ڈیٹا کو غیرمجاز افراد، سائبرحملوں یا ڈیٹا لیک سے محفوظ رکھنا ایک انتہائی سنگین چیلنج ہے۔ کسی بھی سطح پر پرائیویسی پر سمجھوتا مریضوں کا اس ڈیجیٹل نظام سے اعتماد اٹھا سکتا ہے۔ڈیٹا کے معیار اور انٹری میں تاخیرکا خدشہ: اگر ڈیجیٹل سسٹم میں داخل کیا جانے والا ڈیٹا ہی غلط، نامکمل یا تاخیر سے درج کیا جائے تو اس کی بنیاد پر صوبائی یا ضلعی سطح پر کیے جانے والے انتظامی و پالیسی فیصلے بھی غلط سمت میں جا سکتے ہیں۔مختلف پورٹلز کے درمیان عدم روابط: اگرالیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ، HRMIS، LHW نقشہ سازی، اور ترقیاتی پورٹلز الگ الگ ’’جزیروں‘‘ کی طرح کام کرتے رہیں اور آپس میں مربوط نہ ہوں تو اس سےمعلومات کی کثرت کے باوجود ان کی اصل گورنینس افادیت محدود ہو سکتی ہے۔عوامی فلاح، بہتری اور متوقع نتائجتمام تر درپیش چیلنجز کے باوجود، اِس ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم کے ذریعے ،گورنینس کے شعبے میںسندھ کے عوام اور صحتِ عامہ کے ضمن میںدرج ذیل نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔مریضوں کے وقت اور مالی اخراجات کی بچت: ای ایم آر نظام کی بدولت جب مریض کی سابقہ ہسٹری اور ٹیسٹ رپورٹس اسکرین پر موجود ہوں گی، تو غریب اور درمیانے طبقے سے تعلق رکھنے والےمریضوں کو بار بار پرائیویٹ لیبز سے منہگے ٹیسٹ نہیں کروانے پڑیں گے۔ نیز، بنیادی مرکز کی سطح ہی پر معیاری تشخیص ملنے سے بلاضرورت بڑے شہروں کے اسپتالوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔زچّہ و بچّہ کی شرحِ اموات میں کمی: لیڈی ہیلتھ ورکرز کی سائنسی جغرافیائی نقشہ سازی اور’’ایک ہزار دن پروگرام‘‘ کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے اُن تمام علاقوں تک رسائی ممکن ہو جائے گی، جو پہلے محروم تھے، لہذاحاملہ خواتین کی بروقت رجسٹریشن، حفاظتی ٹیکا جات کی سو فی صد کوریج اور نوزائیدہ بچوں کی غذائی نگہ داشت یقینی ہوسکے گی، نتیجتاً زچّہ و بچّہ کی شرحِ اموات میں واضح کمی آئے گی۔شفّاف انوینٹری سسٹم اور ادویہ کی بلاتعطل فراہمی: ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے سینٹرل ڈرگ اسٹورز سے لے کر گوٹھ کے بی ایچ یو تک ادویہ کی سپلائی چین مکمل شفّاف ہوجائے گی۔ ادویہ کی شارٹیج یا ایکسپائری کے آٹو الرٹس موصول ہونے سے اسپتالوں میں ضروری ادویہ کا ذخیرہ ہر وقت موجود رہے گا اور ادویہ کی بلیک مارکیٹنگ یا زیاں کا راستہ بند ہو جائے گا۔شفّاف ہیلتھ گورنینس: HRMIS اوربائیو میٹرک حاضری پورٹلز کے ذریعے فرضی حاضریوں، غیرحاضر عملے اور سیاسی یا غیرقانونی تبادلوں کا خاتمہ ہوگا، جس سے اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے کی حاضری ہر وقت یقینی ہوگی۔یونی ورسل ہیلتھ کوریج کی جانب پیش رفت: درست اعدادو شمار کی دست یابی حکومت کو اس قابل بنائے گی کہ بجٹ اور وسائل کی تقسیم، اندازوں کی بجائے ضرورت کے مطابق ہو، جس سے صوبہ پائےدار یونی ورسل ہیلتھ کوریج کے قومی و بین الاقوامی ہدف کے قریب پہنچ جائے گا۔مستقبل پر نظر، متوقع پیش رفتیہ ڈیجیٹلائزیشن وژن محض موجودہ چار بنیادی اصلاحات تک محدود نہیں، بلکہ صوبے میں مزید کئی جدید اور پائےدار ڈیجیٹل منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ محکمۂ صحت کے مطابق مستقبل قریب میں درج ذیل چارمزید اہم ترین منصوبوں پرپیش رفت مکمل کی جا رہی ہے۔سندھ ہیومن آرگن ٹران سپلانٹ اتھارٹی (SHOTA) پورٹل: انسان دوستی اور طبّی شفّافیت کا اعلیٰ ترین معیار قائم کرنے کے لیے ایک پورٹل(SHOTA) قائم کیا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد اعضاء عطیہ کرنے والوں (Donors) اوران کو حاصل کرنے والے مریضوں کا ایک مکمل، محفّوظ اور شفّاف ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تیار کرنا ہے۔ اس سے نہ صرف اعضاء کی پیوند کاری کا عمل قانونی اور طبّی تقاضوں کے مطابق تیز ہوگا، بلکہ انسانی اعضاء کی تجارت یا تاخیر کا سدِ باب ممکن ہو سکے گا۔پراجیکٹ مینجمنٹ ٹول: محکمۂ صحت کے سب سے اہم عوامی صحت کے پروگرامز، خصوصاً پروگرام برائے امیونائزیشن(EPI – حفاظتی ٹیکا جات)، سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجینسی ہیلتھ سروسز (SIEHS -1122 ایمبولینس نیٹ ورک)، اور دیگر توسیعی ہیلتھ پراجیکٹس کے تمام سنگِ میل کی رئیل ٹائم نگرانی کے لیے ایک جدید پراجیکٹ مینجمینٹ ٹول متعارف کروایا جا رہا ہے۔ یہ ہر پراجیکٹ کی مکمل پیش رفت، بجٹ کے استعمال اور اہداف کے حصول کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کرے گا، جس سے ترقیاتی فنڈز کی شفّافیت اور وقت پر کام کی تکمیل یقینی ہو گی۔ویکسی نیٹر پرفارمینس ڈیش بورڈ: پولیو، خسرہ، ٹی بی اور بچوں کی دیگر مہلک بیماریوں سےبچاؤ کی مہمات کی کام یابی کا انحصار فیلڈ میں موجود ویکسی نیٹرز کی کارکردگی پر ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ڈیش بورڈ قائم کیا جا رہا ہے، جو اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور جی پی ایس کے ذریعے ویکسی نیٹرزکی فیلڈ موومنٹ، ڈیوٹی پر موجودگی اور ہر بچّے کو لگائے جانے والے ٹیکے کی رئیل ٹائم اینٹری کی نگرانی کرے گا۔اے ڈی پی(ADP) پورٹل اور انوینٹری مینجمینٹ سسٹم: سالانہ ترقیاتی پروگرام ؒکےتحت صحت کےنئے اسپتالوں، وارڈز اور مراکز کی تعمیر کی رفتار پر آن لائن نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں موجود کروڑوں روپے کی مشینری، تشخیصی آلات (MRI, CT Scan, Ultrasound) اور ادویہ کےآن لائن حساب کے لیے ایک طاقت وَر انوینٹری مینجمینٹ پورٹل فعال کیا جا رہا ہے، جس سےکسی اسپتال کی مشینری کو خراب پڑا رہنے کے بجائے علاج میں استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ان تمام ڈیجیٹل اقدامات کا واحد، حتمی ہدف صوبے کے ہر شہری کو،خواہ وہ کراچی کے کسی گنجان علاقے سے ہو یا تھرپارکر، کشمور کے دُور افتادہ گاؤں سے، گھر کی دہلیز پر اور اسپتالوں میں معیاری اورعزتِ نفس کےساتھ طبّی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔اگر تمام پورٹلز کو ایک مرکزی ’’سندھ ہیلتھ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر‘‘ سے مربوط رکھا جائے، عملے کی مسلسل تربیت جاری رہے اور دُور دراز علاقوں میں آف لائن سنکرونائزیشن، سولر پاور یقینی بنائی جائے، تو یہ منصوبہ محض انتظامی جدّت نہیں رہے گا، صوبے کویونی ورسل ہیلتھ کوریج کی راہ پر گام زن کرنے والا مثالی ماڈل بھی ثابت ہوگا

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381