کوئٹہ ( روزنامہ پبلک )ایڈیشنل آئی جی پی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے آج بروز منگل 12 مئی 2026 کو ہیڈکوارٹر بدر لائن کی نئی عمارت میں قائم جدید ڈسپنسری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں بلوچستان کانسٹیبلری کے سینئر افسران، میڈیکل اسٹاف اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے ڈسپنسری کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈسپنسری میں جدید طبی آلات، ابتدائی طبی امداد، روزمرہ طبی معائنہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر بنیادی طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کو بروقت، معیاری اور مؤ ثر علاج معالجے کی سہولت میسر آ سکے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے کہا کہ فورس کے جوان ملک و قوم کی خدمت میں شب و روز مصروف عمل ہیں، لہٰذا ان کی صحت، فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے بہترین انتظامات کرنا ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور صحت کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کی قیادت جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی و ذہنی صحت کو بھی خصوصی اہمیت دیتی ہے، کیونکہ ایک صحت مند فورس ہی بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈسپنسری میں ادویات، طبی آلات اور عملے کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ جوانوں کو علاج معالجے کے سلسلے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تقریب کے اختتام پر جوانوں نے جدید ڈسپنسری کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے بلوچستان کانسٹیبلری کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ جوانوں کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے انہیں بروقت طبی امداد اور بہتر علاج معالجے کی سہولت میسر آئے گی جس سے ان کے حوصلے اور کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی

