کوئٹہ (روزنامہ پبلک ) حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان آج کراچی مین مذاکرات ہوں گے، مذاکرات کے دو دور اب تک ناکام رہے جس کے باعث ملک بھر میں ہڑتال چھٹے روز بھی جاری ہے۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ آج کے پی ٹی میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شیپنگ اور وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سے مذاکرات ہوں گے۔ مذاکرات میں چیف سیکرٹری سندھ، کمشنر کراچی اور ڈی آئی کراچی شریک ہوں گے۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ 6 دن سے پورے پاکستان میں ہماری ملک گیر ہڑتال جاری ہے، ہماری پر امن ہڑتال مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے واضح کیا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کسی یقین دہانی میں نہیں آئیں گے، ہمارے پورے پاکستان کے ٹرانسپورٹرز ملک گیر ہڑتال پر ہیں، جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے نوٹیفیکیشن نہیں ہوتا ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔ ادھر، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کا کہ کراچی میں آج حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے، جن میں ٹرانسپورٹرز کے مطالبات اور موجودہ ہڑتال کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی

