کوئٹہ (روزنامہ پبلک )ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان کی زیرِ صدارت بلوچستان سوشل ڈویلپمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر (BSDI) پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے فیز ون اور فیز ٹو کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے ضلع حب میں BSDI پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیز ون اور فیز ٹو کے تقریباً 90 فیصد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جن میں واٹر سپلائی اسکیمیں، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت، تعلیمی اداروں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، اسکولوں کی مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان نے ہدایت کی کہ BSDI پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں میں اعلیٰ معیار کے تعمیراتی میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر حب نے واضح کیا کہ ناقص میٹریل کے استعمال، غیر معیاری تعمیرات یا غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ٹھیکیداروں اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، معیارِ زندگی میں بہتری اور ضلع حب میں ترقی کے عمل کو تیز کرنا ہے، لہٰذا تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ BSDI کے تحت جاری منصوبے ضلع حب کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ صاف پانی، بہتر سڑکوں، تعلیمی سہولیات اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ اجلاس میں منصوبوں کی شفاف نگرانی، فنڈز کے مؤثر استعمال اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام ان سہولیات سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں اور ضلع حب میں پائیدار ترقی کے اہداف کو یقینی بنایا جا سکے

