https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

بلوچستان کابینہ کا بڑا فیصلہ، ڈمی اخبارات کے خاتمے اور نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2026 کی منظوری

نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2026 کی منظوری دی جس کے تحت اشتہارات کی تقسیم شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگی

کوئٹہ:
(رپورٹر ڈیلی پبلک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبے کی ترقی، گڈ گورننس اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں جعلی اور غیر فعال اخبارات کو ختم کر کے صرف مستند اور فعال میڈیا اداروں کو اشتہارات دیے جائیں گے تاکہ صوبائی وسائل کا درست استعمال اور عوامی اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔ کابینہ نے نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2026 کی منظوری دی جس کے تحت اشتہارات کی تقسیم شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگی۔ اجلاس میں بلوچستان کلائمیٹ چینج فنڈ کے مؤثر استعمال کے لیے جامع پالیسی بھی منظور کی گئی، جس کے ذریعے صوبہ قدرتی آفات اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائے گا۔
کابینہ نے گریڈ 4 سے 16 تک کی بھرتیاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ سفارش اور کرپشن کا خاتمہ ہو اور نوجوانوں کو میرٹ پر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے لیے تین ارب روپے بطور سیڈ منی اور ایک ارب روپے بقایہ جات کی فراہمی کی منظوری دی گئی، جبکہ اسٹریٹجک ریزروز کے لیے نجی شعبے سے گندم خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ زرعی شعبے میں بہتری کے لیے واٹر کنزرویشن اینڈ پروڈکٹیویٹی انہانسمنٹ پروگرام پر بھی غور کیا گیا۔
یہ فیصلے بلوچستان میں شفافیت، میرٹ اور عوامی فلاح کے نئے دور کا آغاز قرار دیے جا رہے ہیں۔ ڈمی اخبارات کے خاتمے سے میڈیا میں اعتماد بڑھے گا، بھرتیوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نوجوانوں کو میرٹ پر مواقع ملیں گے، جبکہ کلائمیٹ چینج فنڈ صوبے کو قدرتی آفات کے مقابلے میں زیادہ مضبوط بنائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381