https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381
Daily public Quetta/Karachi/Faisalabad

کوئٹہ میں پوسٹوں کی کمی کا ذمہ دار استاد ہے یا محکمہ تعلیم کی انتظامی منصوبہ بندی؟

کیا سروس رولز کے تحت ٹرانسفر ہو کر کوئٹہ آنے والے اساتذہ کو نشانہ بنانے کی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مہم چلائی جارہی ھے

کوئٹہ میں پوسٹوں کی کمی کا ملبہ انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسفر ہونے والے اساتذہ پر ڈالنے کی کوشش؟

خصوصی رپورٹ | ڈیلی پبلک کوئٹہ

محکمہ تعلیم بلوچستان میں کوئٹہ کے اندر اساتذہ کی خالی آسامیوں اور پوسٹوں کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے دیگر اضلاع سے باقاعدہ سرکاری سروس رولز کے تحت ٹرانسفر ہو کر کوئٹہ آنے والے اساتذہ کو نشانہ بنانے کی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے، جس پر اساتذہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

بلوچستان میں نئے صوبے بننے چاہیں۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی

یہ بات قابلِ غور ہے کہ کوئی بھی سرکاری ملازم جب ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں ٹرانسفر ہوتا ہے تو یہ عمل حکومتی پالیسی، متعلقہ سروس رولز اور مجاز حکام کی منظوری کے تحت انجام پاتا ہے۔ لہٰذا برسوں قبل قانونی طریقہ کار کے مطابق کوئٹہ منتقل ہونے والے اساتذہ کو اب نشانہ بنانا کہاں کا انصاف ہے؟

اطلاعات کے مطابق ایسے ہزاروں اساتذہ کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو گزشتہ 20، 30 بلکہ 40 سال سے کوئٹہ میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان اساتذہ کو دوبارہ ان کے آبائی اضلاع میں بھیجنے کا فیصلہ نہ صرف ان کے سروس حقوق بلکہ انسانی اور خاندانی حقوق کے حوالے سے بھی کئی سنگین سوالات کو جنم دے سکتا ہے۔

ایک مقدمہ، ہزاروں اساتذہ اور قانونی صورتِ حال۔اساتذہ کی مجبوری سے فایدہ آخر کس کو

یہ محض اساتذہ کی ٹرانسفر کا معاملہ نہیں، ہزاروں خاندانوں کے مستقبل کا سوال ہے۔

ایک استاد کے ساتھ اس کا پورا خاندان وابستہ ہوتا ہے۔ اس کے بچوں کی تعلیم، رہائش، گھریلو ذمہ داریاں اور معاشرتی زندگی  قائم ہوتی ہے۔ ایسے میں اچانک ہزاروں اساتذہ کو دوسرے اضلاع میں منتقل کرنے سے ان کے بچوں کی تعلیم اور پورے خاندان کا نظام بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب یہ سوال بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ اگر ہزاروں اساتذہ کو ان کے آبائی اضلاع میں بھیجا جاتا ہے تو وہاں پہلے سے موجود اساتذہ اور منظور شدہ آسامیوں کے ساتھ ان کی ایڈجسٹمنٹ کس طرح ممکن ہوگی؟ کیا اس اقدام سے دوسرے اضلاع میں بھی انتظامی مسائل پیدا نہیں ہوں گے؟

بلوچستان پہلے ہی تعلیمی میدان میں متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں اساتذہ کے ایک بڑے طبقے کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرنا تعلیمی نظام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

اگر حکومت اور محکمہ تعلیم خود اپنے سروس رولز کے تحت ملازمین کو ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں ٹرانسفر ہونے کی اجازت دیتے ہیں اور مجاز حکام کی منظوری سے ٹرانسفر کیے جاتے ہیں تو پھر برسوں بعد انہی اساتذہ کے خلاف کارروائی کی کوشش کس اصول کے تحت کی جا رہی ہے؟ اگر کسی ٹرانسفر میں بے ضابطگی ہوئی ہے تو اس کا فیصلہ شفاف انکوائری اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے ہونا چاہیے، نہ کہ تمام اساتذہ کو ایک ہی نظر سے دیکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان، وزیر تعلیم بلوچستان اور سیکریٹری تعلیم اس حساس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔ کوئٹہ میں پوسٹوں کی کمی اور تعلیمی مسائل کا حل تلاش کیا جائے، نہ کہ ان کا سارا بوجھ ان اساتذہ پر ڈال دیا جائے جو کئی سالوں سے یہاں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 

اساتذہ کے حقوق، سروس رولز اور ہزاروں خاندانوں کے مستقبل کو نظرانداز کرنا کسی بھی صورت دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔

حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اساتذہ کے اس بڑے طبقے میں بے چینی اور احساسِ محرومی پیدا کرنے والا کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ مستقبل میں ایک بڑے احتجاجی طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

آخر سوال یہ ہے کہ کوئٹہ میں پوسٹوں کی کمی کا ذمہ دار استاد ہے یا محکمہ تعلیم کی انتظامی منصوبہ بندی؟

Leave A Reply

Your email address will not be published.

https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2356296066345381