اسٹاف رپورٹ ڈیلی پبلک
سوئی سدرن گیس حکام اور کنزیومر سول سوسائٹی بلوچستان کے 20 رکنی وفد کے درمیان دو گھنٹے طویل مذاکرات، عوامی مطالبات پر ہمدردانہ غور کی یقین دہانی
گیس کی فراہمی کا دورانیہ رات 12 بجے تک بڑھانے اور ناجائز اضافی بلوں کی منسوخی کا مطالبہ، بل بائیکاٹ مہم مطالبات کی منظوری تک جاری رکھنے کا اعلان
بلوچستان کے ضلع کچھی میں محکمہ تعمیرات و مواصلات ڈھاڈر بدانتظامی کا گڑھ
کوئٹہ: کنزیومر سول سوسائٹی بلوچستان کے 20 رکنی وفد اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام کے درمیان گیس صارفین کو درپیش مشکلات، غیر معمولی اضافی بلوں اور گیس کی فراہمی کے دورانیے سے متعلق مسائل پر دو گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں کنزیومر سول سوسائٹی کی جانب سے عوامی مشکلات کو تفصیل سے اجاگر کرتے ہوئے گیس صارفین کے بنیادی مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا گیا۔
فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی فتح
مذاکرات کے دوران کنزیومر سول سوسائٹی کے وفد نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے سامنے دو اہم مطالبات پیش کیے۔ وفد کا پہلا مطالبہ تھا کہ عوام کو گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر رات 12 بجے تک کیا جائے تاکہ شہریوں کو گھریلو ضروریات پوری کرنے میں سہولت میسر آسکے۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ دورانیے میں گیس کی فراہمی عوامی ضروریات کے لیے ناکافی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کنزیومر سول سوسائٹی کا دوسرا اہم مطالبہ تھا کہ صارفین کو بھیجے گئے ناجائز اور اضافی گیس بلوں کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور ان کی جگہ درست، قانونی اور قابل ادائیگی بل جاری کیے جائیں۔ وفد نے کہا کہ غیر معمولی اور اضافی بلوں نے عوام کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، لہٰذا اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا ناگزیر ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے کنزیومر سول سوسائٹی کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم حکام نے اپنے موقف میں واضح کیا کہ گیس کی فراہمی کے دورانیے اور دیگر معاملات میں بعض پابندیاں اوگرا کی پالیسی اور مرکزی حکام کے فیصلوں سے منسلک ہیں، جس کے باعث ان معاملات پر مقامی سطح پر فوری فیصلہ کرنا ان کے اختیار میں نہیں۔
حکام نے مزید یقین دہانی کرائی کہ کنزیومر سول سوسائٹی کے توسط سے سوئی سدرن گیس کمپنی کو جمع کرائے جانے والے عوامی بلوں کا ہمدردانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔ اگر کسی صارف کو اضافی یا ناجائز بل جاری کیا گیا ہو تو اس کی تصحیح کی جائے گی۔ اسی طرح جن صارفین کے گیس میٹرز ٹیمپرڈ نہیں ہیں، ان پر جرمانے عائد نہ کرنے اور انہیں نئے میٹر فراہم کرنے کے حوالے سے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
مذاکرات کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے کنزیومر سول سوسائٹی کے مطالبات سفارشات کے ساتھ مرکزی حکام کو ارسال کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ حکام کی جانب سے بل بائیکاٹ مہم ختم کرنے کی درخواست کی گئی، تاہم کنزیومر سول سوسائٹی کے وفد نے واضح کیا کہ عوامی مطالبات پر مثبت اور عملی پیش رفت تک بل بائیکاٹ مہم جاری رہے گی۔

کنزیومر سول سوسائٹی بلوچستان کی جانب سے حتمی طور پر اعلان کیا گیا کہ جب تک گیس کی فراہمی کا دورانیہ رات 12 بجے تک بڑھانے اور ناجائز اضافی بلوں کی منسوخی کے دونوں مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، اس وقت تک عوامی احتجاج اور بل بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
کنزیومر سول سوسائٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور ناجائز و اضافی بلوں کی ادائیگی سے گریز کریں۔ سول سوسائٹی کے اعلامیے کے مطابق اضافی بل نہ یکمشت جمع کرائے جائیں اور نہ ہی قسطوں کی صورت میں ادا کیے جائیں، بلکہ مطالبات کی منظوری تک بل بائیکاٹ مہم کا حصہ بنے رہیںں

